اللہ کے فضل سے پاکستان جمہوری اقدار اور اسلامی اصولوں پر چل کر ترقی کررہا ہے، مسلح افواج
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
راولپنڈی:
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کویومِ پاکستان کی 85ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں یوم پاکستان کے موقع پر سروسز چیفس نے کہا ہے کہ 23 مارچ وہ دن جب ایک آزاد وطن کے قیام کا خواب حقیقت میں ڈھلنے کی راہ پر گامزن ہوا۔
اعلامیے میں سروسز چیفس نے کہا کہ یہ دن ہمارے ایمان، امید اور ثابت قدمی کی علامت ہے، جو پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے، پاکستان جمہوری اقدار اور اسلامی اصولوں کی روشنی میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
آئی ایس پی آر کے علامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنے جمہوری اداروں کے استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پوری قوت کے ساتھ کوشاں ہے جبکہ پاک افواج اپنی سرحدوں کے دفاع اور مادرِ وطن کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمے دار اور مضبوط رکن ہے، پاکستان امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں مصروفِ عمل ہے، ہم ایک متحد قوم کے طور پر روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں اپنے پائیدار استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ مسلح افواج اس امن کا دفاع جاری رکھیں گی اور یہ ہماری قومی شناخت کی علامت ہے، پاکستان امن کا پیامبر ہے، اور ہم اس کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، ان شاء اللہ۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اعلامیے میں
پڑھیں:
15برس میں کراچی کی ترقی کے 3360 ارب روپے کھائے گئے: حافظ نعیم
کراچی (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ملائیشیا سے واپسی پر سینئر صحافیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کی نشست میں گفتگو کرتے کہا کراچی کی ابتر حالت پر افسوس ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی 17سالہ حکمرانی کے باعث کراچی کے شہری بدترین حالات اور اذیت کا شکار ہیں۔ گزشتہ 15سالو ں میں کراچی کی ترقی کے 3360 ارب روپے کھائے گئے۔ شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے مقامی حکومتوں کو با اختیار بنایا جائے، سپریم کورٹ کے حکم اور آرٹیکل 140-Aکے مطابق اختیارات و وسائل نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں، آئندہ کراچی میں ووٹ کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں گے۔ ملک میں متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات کا اصول اور طریقہ کار اپنانا چاہیے۔ لینڈ ریفارمز بھی بہت ضروری ہیں۔ پاکستان میں سیاست کا المیہ یہ ہے کہ سیاسی تحریکیں ہائی جیک ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی واحد جمہوری جماعت اور حقیقی اپوزیشن ہے ، ہم پاکستان کے لوگوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کے پی کے میں پی ٹی آئی کے طویل اقتدار میں مافیاز پروان چڑھے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے پر امن تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان کو بھی سمجھنا چاہیے، وہاں سے دراندازی بند ہونی چاہیے۔ 21-22-23 نومبر کو لاہور میں جماعت اسلامی کا اجتماع عام ہو گا، اآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔