اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنے والی جنگلی بلی وائرل، غاصب افواج کیلئے خوف کی علامت بن گئی
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
قاہرہ/یروشلم: اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنے والی ایک جنگلی بلی عرب دنیا میں بحث کا مرکز بن گئی ہے، اور اسے غزہ جنگ، اسرائیل مخالف مزاحمت اور فلسطینی جدوجہد سے جوڑا جا رہا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق، مصر کی سرحد کے قریب جبل حریف کے علاقے میں ایک جنگلی بلی "کرکل" (Caracal) نے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔
نیچر اینڈ پارکس اتھارٹی کے اہلکاروں نے بلی کو پکڑ کر وائلڈ لائف اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا طبی معائنہ کیا گیا۔
اس واقعے کے بعد عرب سوشل میڈیا پر بلی کی تصاویر، ویڈیوز اور میمز وائرل ہو رہی ہیں۔ صارفین بلی کو اسرائیلی قبضے کے خلاف "قدرتی مزاحمت" کی علامت قرار دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر AI ایڈیٹ شدہ تصاویر بھی گردش کر رہی ہیں، جن میں بلی کو فلسطینی اسکارف (کیفیہ) اور حماس کے عسکری ونگ کے نشانات کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کوئی جانور کسی جنگ یا تنازع کا حصہ بنا ہو، مگر کرکل کا معاملہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر توجہ حاصل کر چکا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سعودی عرب کے’اسکائی اسٹیڈیم‘ کی وائرل ویڈیو جعلی نکلی
سعودی عرب کے’اسکائی اسٹیڈیم‘ کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو جعلی نکل آئی، مصنوعی ذہانت سے بنی ویڈیو کو 2034 ورلڈ کپ کے اسٹیڈیم کا ڈیزائن سمجھ لیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں نیوم سٹی کے ’اسکائی اسٹیڈیم‘ کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا سعودی حکومت کے کسی سرکاری منصوبے سے تعلق نہیں ہے۔
ویڈیو بنانے والے شخص نے بتایا کہ اسکائی اسٹیڈیم کی وائرل ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہے اور محض تخیلاتی ہے۔
مصنوعی ذہانت سے بنی ویڈیو کو 2034ء ورلڈ کپ کے اسٹیڈیم کا ڈیزائن سمجھ لیا گیا تھا، اسکائی اسٹیڈیم کی اے آئی ویڈیو بنانے والے شخص نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ صرف ایک اے آئی تصور ہے اور اُسے سعودی عرب کے کسی منصوبے کا علم نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اسکائی اسٹیڈیم کی اے آئی ویڈیو کو دنیا بھر میں 5 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
تاہم یہاں یہ واضح کرتے چلیں کہ سعودی حکومت 2034ء کے عالمی کپ کے لیے 15 اسٹیٹ آف دی آرٹ اسٹیڈیمز کی تعمیر کا ارادہ رکھتی ہے جن میں سے ایک نیوم میگا سٹی میں کلاؤڈ اسٹڈیم بھی شامل ہے۔
یہ اسٹیڈیم زمین سے تقریباً 350 میٹر (1 ہزار 150 فٹ) کی بلندی پر تعمیر کیا جائے گا، جس میں 46 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور اس کو مکمل طور پر سولر اور ونڈ پاور کے ذریعے بجلی سپلائی کی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نیوم سٹی میں اسٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز 2027ء میں ہوگا جبکہ اس کی تعمیر 2032ء میں تکمیل کو پہنچے گی۔