محسن نقوی کی شہید کیپٹن محمد علی کے اہلخانہ سے ملاقات، عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش
اشاعت کی تاریخ: 1st, April 2025 GMT
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی عید کے روز شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی رہائش گاہ ریلوے آفیسرز کالونی والٹن پہنچے جہاں ان کی والدہ، اہلیہ، معصوم بیٹی، انکل اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔والدہ شہید بیٹے کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ ہماری سوچ علی سے شروع ہوتی تھی اور علی پر ہی ختم ہوتی تھی، جبکہ معصوم بیٹی آیانا والد کی تصویر کو چومتی رہی اور والد کو ملنے والا میڈل گلے میں ڈال لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی والدہ کو دلاسہ دیا اور دلجوئی کی، انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارا اور شہید کی بہادری کو سراہا اور شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید کیپٹن علی قوم کا ہیرو ہے اور ان کے خاندان کا ہر طرح خیال رکھا جائے گا، مرحوم نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی لازوال قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ شہید کیپٹن محمد علی قریشی نے وطن عزیز کی خاطر جان نچھاور کی، وہ وطن کا بہادر سپوت جس کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں، کیپٹن علی کی قربانی پاک فوج اور پوری قوم کی دہشت گردی کے خلاف ناقابل شکست عزم کی علامت ہے۔یاد رہے کہ کیپٹن محمد علی قریشی 26 اگست 2024 کو بلوچستان میں دہشت گردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ملتان یونیورسٹی اور لیجنڈ انسٹیٹیوٹ کے طلباء و اساتذہ کا ملتان گیریژن کا دورہ، شہداء کو خراجِ عقیدت اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا
ملتان(نیوز ڈیسک) ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور لیجنڈ انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے طلباء و اساتذہ نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران طلباء کو اسالٹ کورس، فائرنگ کے طریقہ کار اور جدید ٹینکوں کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر پاک فوج کے افسران نے طلباء کو ملکی دفاع، عسکری تربیت اور جدید جنگی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔
دورے کا مقصد سول و ملٹری تعلقات میں ہم آہنگی کو فروغ دینا اور نوجوان نسل کو وطن کے دفاع میں پاک فوج کے کردار سے روشناس کرانا تھا۔
طلباء و طالبات نے پاک فوج کی قربانیوں کو امن کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کے والدین قوم کے اصل محسن ہیں۔ ایک طالبہ نے کہا کہ وہ پاک فوج کی شکر گزار ہے جس کی بدولت آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
دوسری طالبات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے جدید دفاعی آلات اور عملی مشقوں کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا اصل امتیاز اس کا اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور وطن سے بے لوث محبت ہے۔
اساتذہ نے بھی اس موقع پر کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوان ہر وقت ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں، قوم ان کے جذبۂ قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔