پاکستان میں حقیقی تبدیلی ذاتی مفادات کی قربانی کے بغیر ممکن نہیں، ایاز میمن موتی والا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین آل کراچی تاجر الائنس نے کہا کہ اگر معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد آگے آئیں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں تو پاکستان میں غربت اور بے بسی کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے، حقیقی فلاحی ریاست وہی ہوتی ہے جہاں تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔ اسلام ٹائمز۔ آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین اور عام آدمی پارٹی کے بانی، ایاز میمن موتی والا نے اپنی پوری زندگی کی جمع پونجی غریب اور مستحق افراد میں تقسیم کرکے ایک نئی مثال قائم کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی اسی وقت ممکن ہوگی جب ذاتی مفادات کو ملکی مفادات کے لیے قربان کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ آج کے دور میں معاشرہ دو واضح طبقات میں تقسیم ہو چکا ہے، ایک طرف انتہائی امیر طبقہ یعنی اشرافیہ ہے، جو عیش و عشرت میں مصروف ہے جبکہ دوسری طرف غریب عوام ہیں، جو بنیادی ضروریات زندگی سے بھی محروم ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اشرافیہ طبقہ غریب عوام کی حالتِ زار کے متعلق سوچنا بھی گوارا نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال رمضان اور عید کے موقع پر عام عوام کے ساتھ ساتھ غیرت مند اور سفید پوش افراد کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر عید کی خوشیوں میں شامل کیا گیا اور ہر ممکن کوشش کی کہ کوئی ضرورت مند شخص محروم نہ رہے۔
ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو تلاش کیا گیا جو اپنی سفید پوشی کے باعث کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فٹ پاتھ پر سونے والے افراد میں نئے کپڑے تقسیم کیے گئے اور انہیں ہزاروں روپے نقد دے کر ان کے چہروں پر خوشیاں بکھیری گئیں، اس کے علاوہ، پھیری لگانے والے چھوٹے کاروباری افراد سے سامان خرید کر ان کی مالی مدد کی گئی جبکہ کچرا چننے والے محنت کشوں سے کچرا تک لاکھوں میں خرید کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ ایاز میمن موتی والا نے زور دیا کہ اگر معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد بھی اسی جذبے کے تحت آگے آئیں اور ضرورت مندوں کی مدد کریں، تو پاکستان میں غربت اور بے بسی کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی فلاحی ریاست وہی ہوتی ہے جہاں تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پاکستان میں کہا کہ
پڑھیں:
جعلی فٹبال ٹیم بنا کر 17 افراد کو جاپان بھجوانے والا ایجنٹ گرفتار
ایف آئی اے گوجرانوالہ نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ایجنٹ وقاص علی کو گرفتار کر لیا ۔
حکام کے مطابق ملزم نے جعلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے 17 افراد کو فٹبال ٹیم ظاہر کر کے جاپان بھجوایا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا جعلی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور وزارتِ خارجہ کا جعلی این او سی تیار کیا، جنہیں استعمال کرتے ہوئے ان افراد کو جاپان کے وزٹ ویزے دلوا کر یکم جنوری 2024 کو روانہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہر فرد سے 40 سے 45 لاکھ روپے کے درمیان رقم وصول کی گئی۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم وقاص علی کے خلاف انسانی اسمگلنگ کے متعدد مقدمات ایف آئی اے گوجرانوالہ میں پہلے سے بھی درج ہیں۔
تازہ کارروائی کے دوران ادارے نے جعلی کاغذات، فٹبال فیڈریشن کے جعلی لیٹر ہیڈز اور دیگر شواہد بھی قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ۔