اسرائیل مخالف سوشل میڈیا صارفین امریکی ویزہ حاصل نہیں کر سکیں گے
اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT
محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوم نے کہا کہ کوئی بھی جو یہ سوچتا ہے کہ وہ امریکا آسکتا ہے اور یہود دشمن تشدد اور دہشت گردی کی وکالت کے لیے آئین کی پہلی ترمیم کے پیچھے چھپ سکتا ہے تو وہ دوبارہ سوچ لے۔ اسلام ٹائمز۔ امریکی امیگریشن حکام نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یہود مخالف پوسٹ کرنے والے افراد کو ویزے اور رہائشی اجازت نامے جاری نہیں کیے جائیں گے۔ عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی امیگریشن حکام نے کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا جائزہ لیں گے اور ان لوگوں کو ویزے یا رہائشی اجازت نامے دینے سے انکار کر دیں گے جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے یہود دشمن مواد پوسٹ کرتے ہوئے پائے جائیں گے۔ یہود مخالف کے طور پر بیان کی جانے والی پوسٹس میں ان گروہوں کی حمایت میں سوشل میڈیا کی سرگرمیاں شامل ہوں گی جنہیں امریکا نے دہشت گرد قرار دیا ہے، جن میں مزاحمتی تحریک حماس، حزب اللہ اور یمن کے حوثی مجاہدین شامل ہیں۔
یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکا میں موجود طلبا کے ویزے متنازعہ طور پر منسوخ کرنے کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں آئین کی پہلی ترمیم آزادی اظہار کی ضمانت دیتی ہے۔ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوم نے ایک بیان میں محکمہ کی ترجمان ٹریشیا میک لافلن کے حوالے سے کہا کہ یہ واضح کر دیا ہے کہ کوئی بھی جو یہ سوچتا ہے کہ وہ امریکا آسکتا ہے اور یہود دشمن تشدد اور دہشت گردی کی وکالت کے لیے آئین کی پہلی ترمیم کے پیچھے چھپ سکتا ہے تو وہ دوبارہ سوچ لے، اسے یہاں خوش آمدید نہیں کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز سوشل میڈیا کے اس مواد پر غور کرے گی جو کسی غیر ملکی کی جانب سے یہود دشمن دہشت گردی، یہود دشمن دہشت گرد تنظیموں یا دیگر یہود دشمن سرگرمیوں کی تائید، حمایت، فروغ یا پشت پناہی کی نشاندہی کرتا ہے اور اس مواد کو فوائد کا تعین کرنے میں ایک منفی عنصر کے طور پر شمار کرے گی۔ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے کہا ہے کہ یہ پالیسی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور طلبا کے ویزوں اور امریکا میں مستقل رہائشی گرین کارڈز کے لیے درخواستوں پر لاگو ہوگی۔ سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے گزشتہ ماہ کے اواخر میں کہا تھا کہ انہوں نے تقریباً 300 افراد کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں اور وہ روزانہ کی بنیاد پر ایسا کر رہے ہیں۔
مارکو روبیو نے کہا کہ غیر امریکی شہریوں کو امریکیوں جیسے حقوق حاصل نہیں ہیں اور ویزے جاری کرنا یا مسترد کرنا ججوں کا نہیں بلکہ ان کا صوابدیدی اختیار ہے۔ متعدد افراد جن کے ویزے منسوخ کیے گئے، کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے کبھی یہودیوں کے لیے نفرت کا اظہار نہیں کیا، اور کچھ کا کہنا ہے کہ انہیں اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ وہ وہاں موجود تھے جہاں احتجاج ہورہا تھا۔ اس سلسلے میں سب سے نمایاں ملک بدری کا کیس نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج کی قیادت کرنے والے محمود خلیل کا ہے، امریکا کا مستقل رہائشی ہونے کے باوجود انہیں ملک بدر کردیا گیا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے سرکردہ یونیورسٹیوں کو لاکھوں ڈالر کی وفاقی فنڈنگ سے بھی محروم کر دیا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سوشل میڈیا یہود دشمن نے کہا کے لیے
پڑھیں:
16 سال سے کم عمر بچوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنایا تو کتنی سزا ہوگی؟
سینیٹ میں ’سوشل میڈیا (ایج رجسٹریشن فار یوزرس ) بل 2025‘ پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانے کی پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس بل کا مقصد بچوں کو سائبر بُلئنگ، ہراسانی، ذہنی دباؤ اور فحش مواد جیسے خطرات سے بچانا ہے۔
بل میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی سوشل میڈیا پلیٹ فارم اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا تو اس پر کم از کم 50 ہزار روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 50 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، اگر کوئی فرد نابالغ کو اکاؤنٹ بنانے میں مدد فراہم کرے گا تو اسے 6 ماہ قید کی سزا دی جا سکے گی۔
اس قانون کے نفاذ کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کو ذمہ داری سونپی گئی ہے، جو نابالغ صارفین کے اکاؤنٹس بند کرنے اور پلیٹ فارمز کے لیے ضوابط بنانے کی مجاز ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے کم عمر صارفین کی سوشل میڈیا تک رسائی پر پابندی، سینیٹ میں بل پیش
بل پیش کرنے والوں کے مطابق دنیا کے دیگر ممالک، خصوصاً آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی اس نوعیت کی قانون سازی کی جا چکی ہے، جہاں نابالغوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قانون پر عمل درآمد ایک بڑا چیلنج ہوگا، کیونکہ بچوں کی درست عمر کی تصدیق کے لیے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، اور کئی بچے جعلی تاریخ پیدائش دے کر پابندی کو بائی پاس کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، اس قانون کے اطلاق سے آزادی اظہار اور پرائیویسی کے حوالے سے بھی سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔
ماضی میں کمسن بچوں کے تحفظ کے حوالے سے قوانین بنانے میں معاونت کرنے والے وکیل شرافت علی کا کہنا تھا کہ بچوں کی حفاظت کے نام پر ایسا قانون لانا جس کا نفاذ عملی طور پر ممکن نہ ہو، صرف کاغذی کارروائی بن کر رہ جائے گا۔ اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو اسے پہلے عمر کی تصدیق کے موثر اور محفوظ نظام، والدین کی تربیت اور ڈیجیٹل لٹریسی جیسے اقدامات کو بنیاد بنانا چاہیے۔ بصورت دیگر، یہ قانون صرف نمائشی حیثیت رکھے گا اور بچے باآسانی عمر چھپا کر پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ ایسے قوانین بنانے سے پہلے پارلیمانی مشاورت، تکنیکی ماہرین کی رائے، اور انسانی حقوق کمیشن کی شمولیت ضروری ہے تاکہ قانون سازی متوازن ہو، مؤثر بھی رہے اور آئینی حدود سے متجاوز بھی نہ ہو۔
’میری ذاتی رائے میں پاکستان میں سوشل میڈیا کا استعمال جہاں بچوں کے لیے سیکھنے، اظہارِ خیال اور کمانے کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے، وہیں اس کے ساتھ جڑے خطرات کہیں زیادہ اور سنگین ہیں۔ اس پلیٹ فارم کے بے لگام استعمال سے معاشرے میں کئی نئے سماجی، نفسیاتی اور اخلاقی مسائل جنم لے رہے ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی قانون بچوں کو ان نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے متعارف کروایا جاتا ہے تو ممکن ہے کہ یہ ایک مثبت سماجی رجحان قائم کرنے میں مددگار ثابت ہو۔‘
واضح رہے کہ بل کو اب سینیٹ کی متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے جہاں اس پر مزید غور کیا جائے گا، اور منظوری کے بعد یہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے برازیل کی سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، سوشل میڈیا کمپنیوں کو صارفین کے مواد پر جوابدہ ٹھہرایا جا سکتا ہے
قرۃ العین راولپنڈی میں ایک نجی بینک میں ملازم ہیں۔ اور 3 بچوں کی ماں ہیں۔ جنہوں نے اس حوالے سے بتایا ’ماں ہونے کے ناتے میں روز یہ دیکھتی ہوں کہ ہمارے بچے کس حد تک سوشل میڈیا کے زیرِ اثر آ چکے ہیں۔ ان کے خیالات، عادتیں اور یہاں تک کہ نیند کا شیڈول بھی سوشل میڈیا سے متاثر ہو رہا ہے۔ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ 12 یا 14 سال کا بچہ ابھی جذباتی اور ذہنی طور پر اتنا پختہ نہیں ہوتا کہ وہ آن لائن ہراسانی، فحش مواد یا غلط معلومات کا سامنا کر سکے۔‘
کپتی ہیں کہ ان کے نزدیک اگر حکومت سوشل میڈیا پر عمر کی حد مقرر کر رہی ہے تو یہ قدم بچوں کی فلاح کے لیے ہے، نہ کہ ان کی آزادی سلب کرنے کے لیے۔ ہاں، اس پر عمل درآمد ایک چیلنج ہو سکتا ہے، مگر بحیثیت والدین ہمیں بھی اپنی ذمے داری ادا کرنی ہوگی۔ صرف قانون پر انحصار نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم خود اپنے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر ان کو سوشل میڈیا کے فائدے اور نقصانات سمجھائیں، ان کی آن لائن سرگرمیوں پر نرمی سے نظر رکھیں، اور وقتاً فوقتاً ان سے بات کریں۔
’ کیونکہ آج کل سوشل میڈیا کی وجہ سے جو حالات ہو چکے ہیں۔ اگر اس طرح کے اقدامات نہ کیے گئے تو نسلوں کی نسلیں تباہ ہو جائیں گی۔‘
کون سے ممالک میں اس قسم کے قوانین موجود ہیں؟امریکا
امریکا میں 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹ بنانا قانونی طور پر ممنوع ہے۔ یہ پابندی ’چلڈرنز آن لائن پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ‘ (COPPA) کے تحت نافذ ہے، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پابند کرتا ہے کہ وہ نابالغ صارفین کی معلومات والدین کی اجازت کے بغیر جمع نہ کریں۔ اسی قانون کی وجہ سے پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، انسٹاگرام، اور یوٹیوب پر 13 سال سے کم عمر افراد کے اکاؤنٹس بنانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
برطانیہ
برطانیہ نے ’ایج اپروپریئیٹ ڈیزائن کوڈ‘ کے نام سے بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے ایک جامع ضابطہ اخلاق متعارف کروایا ہے، جو بچوں کے لیے استعمال ہونے والے تمام پلیٹ فارمز کو اس بات کا پابند بناتا ہے کہ وہ صارف کی عمر کا درست اندازہ لگائیں اور پرائیویسی کو ترجیح دیں۔ یہاں بھی کم از کم عمر کی حد 13 سال ہے۔
یورپی یونین
یورپی یونین میں جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (GDPR) کے تحت بچوں کے لیے ڈیجیٹل خدمات تک رسائی 16 سال کی عمر سے مشروط ہے، تاہم رکن ممالک اس حد کو کم کر کے 13 سال بھی مقرر کر سکتے ہیں۔ اس قانون کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بچوں کی معلومات والدین کی اجازت کے بغیر جمع نہیں کر سکتے۔
آسٹریلیا
آسٹریلیا نے حال ہی میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانے پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا ہے، جس کا نفاذ 2025 کے اختتام تک متوقع ہے۔ اس پابندی کے ساتھ حکومت عمر کی تصدیق کے سخت نظام بھی متعارف کروانے جا رہی ہے تاکہ بچے جعلی تاریخ پیدائش کے ذریعے پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل نہ کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیے کم عمری میں اسمارٹ فون کا استعمال ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ، تحقیق
نیوزی لینڈ
نیوزی لینڈ میں فی الحال 13 سال کی عمر کی حد نافذ ہے، تاہم حکومتی سطح پر یہ تجویز زیر غور ہے کہ بچوں کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے کی عمر 16 سال تک بڑھا دی جائے۔ اس کے ساتھ ہی بچوں کے آن لائن ڈیٹا اور پرائیویسی کے تحفظ کے لیے اضافی قوانین پر بھی کام جاری ہے۔
چین
چین میں بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر سخت ترین کنٹرول موجود ہے۔ 18 سال سے کم عمر بچوں کو رات 10 بجے کے بعد سوشل میڈیا اور گیمنگ پلیٹ فارمز استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔ علاوہ ازیں، چین میں ’ریئل نیم رجسٹریشن‘ اور چہرے کی شناخت جیسے نظام بھی رائج کیے گئے ہیں تاکہ بچوں کی رسائی کو محدود کیا جا سکے۔
سنگاپور
سنگاپور میں 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹ بنانا منع ہے، اور پلیٹ فارمز پر لازم ہے کہ وہ بچوں کے ڈیٹا کو اکٹھا کرنے سے قبل والدین کی رضامندی حاصل کریں۔ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ کے تحت عمر کی تصدیق کے اقدامات بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
سوشل میڈیا بل 2025