Nawaiwaqt:
2025-04-25@03:02:05 GMT

ٹرمپ انتظامیہ کیساتھ مل کر کام کے خواہشمند: وزیراعظم

اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT

ٹرمپ انتظامیہ کیساتھ مل کر کام کے خواہشمند: وزیراعظم

 اسلا م آباد؍ لاہور ( نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی+ خبر نگار+خصوصی نامہ نگار) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لئے آنے والے امریکی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف سٹیٹ  کے بیورو آف سائوتھ اینڈ سنٹرل ایشین افیئرز کے سینئر بیورو آفیشل اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئرکی قیادت میں امریکی وفد نے  یہاں  ملاقات کی۔  وفد پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لئے  پاکستان  کے  دورے پر ہے۔ وزیراعظم نے فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم  کرتے ہوئے  زور دیا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے اور امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دوطرفہ تناظر اور علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔  وزیر اعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک  میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی وسیع استعداد کا اعتراف کرتے ہوئے امریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔  انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی امریکی خواہش کا بھی اظہار کیا۔  انہوں نے کہا کہ امریکا  پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ  دینے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم  نے 2  دہائیوں کے خسارے کے بعد پی آئی اے کے منافع بخش ادارہ بننے پرمسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اللہ ہمارا  مستقل تابناک ہے۔  سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ الحمد للہ، آج  قوم کو ایک اور خوشخبری ملی ہے، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) 20 سال بعد پہلی بار منافع کمانے کے قابل ہوئی ہے۔ پی آئی اے کے کئی دہائیوں  کے خسارے کے بعد یہ پیشرفت ممکن ہوئی۔ یہ بڑی تبدیلی ہے، انشاء اللہ آنے والے دن تابناک ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی  وزیر ہوابازی خواجہ محمد آصف کی قیادت میں بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ پاکستان  نے امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ اور نئے ٹیرف کے حوالے سے مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطحی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔  پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی برآمدات میں اضافے اور امریکہ کی جانب سے درآمدات پر لگائے گئے نئے ٹیرف کا جائزہ  لینے کے لئے اجلاس  ہوا جس میں  نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، مشیر وزیر اعظم سید توقیر شاہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی، ہارون اختر، وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں  فیصلہ کیا گیا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ اور نئے ٹیرف کے حوالے سے مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطحی وفد بھیجا جائے گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت  کی کہ  وفد میں معروف کاروباری شخصیات اور برآمد کنندگان کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے وفد کو امریکہ کی جانب سے درآمدات پر لگائے گئے نئے ٹیرف پر مذاکرات کے بعد مستقبل کیلئے باہمی طور پر مفید لائحہ عمل طے کرنے کا ٹاسک سونپا۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکا  و پاکستان کے تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، حکومت امریکہ کے ساتھ  تجارتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔ وزیر اعظم کو اجلاس میں امریکہ کی جانب سے لگائے گئے نئے ٹیرف پر سٹیئرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ کی رپورٹ اور مستقبل کا مجوزہ لائحہ عمل پیش کیا گیا۔ اجلاس میں  مختلف متبادل لائحہ عمل پیش کئے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ مسلسل  امریکی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔ سربراہ جے یو آئی ف نے وزیراعظم شہبازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ترجمان جے یو آئی (ف) اسلم غوری نے بتایا کہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ مولانا نے وزیراعظم کو پرائیویٹ عازمین حج کے مسائل سے آگاہ کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے عازمین حجاج کرام کی حج کی  ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے مولانا کو ہر قسم کے تعاون  کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو حجاج کرام کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا حکم دیا۔  قبل ازیں حج گروپ آرگنائزر کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ وفد نے مولانا فضل الرحمان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے پہلے بھی حجاج کرام کے مسائل حل کئے۔  وفد میں مولانا بشیر احمد، ناصر احمد خان، ثناء اللہ شینواری، ضعیم، رانا شاہد، جمال خان، انس بشیر، اخلاق احمد خان، ناصر محمود اعوان، ضیاء الرحمان مغل، فیصل صبوری شامل تھے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی اور غزہ کی صورت حال، بجلی کی قیمتوں میں کمی، بلوچستان اور کے پی کے کے حالات، کراچی میں ترقیاتی منصوبوں اور انڈس کینال پراجیکٹ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم اور ان کی کابینہ سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین پر قائدانہ کردار ادا کرے۔ حکومت پارلیمنٹیرین اور سٹیک ہولڈرز پر مشتمل وفد تشکیل دے جو اہم اسلامی ممالک کا دورہ کرے۔ ترکیہ، انڈونیشیا اور پاکستان کی نیوی فریڈم فلوٹیلا تیار کر کے غزہ کا محاصرہ ختم کرائیں۔ جماعت اسلامی 11اپریل کو لاہور، 13کو کراچی، 18کو ملتان اور 20کو اسلام آباد میں فلسطین مارچز کا انعقاد کرے گی، امریکی سفارت خانہ کی جانب پیش قدمی کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا پر دباؤ ڈالا جائے کہ فوری طور پر غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر بمباری اور عسکری حملوں کو روکا جائے۔حکومت سندھ کینال مسئلہ کو سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حل کرے، سندھ اور پنجاب کے بعض علاقوں میں ان منصوبوں کے خلاف شدید اعتراضات پائے جاتے ہیں، تمام لوگوں کی بات کو سننا پڑے گا،  پانی کے مسئلہ پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہونا چاہیے۔ حکومت کراچی میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے، کراچی کے مسائل کو حل کیا جائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر جاری صیہونی ظلم و جبر کے خلاف ہر بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھانے  کے عزم کا اعادہ کرتے  ہوئے کہا ہے کہ  فلسطینیوں کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت کے تین رکنی وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی بلا اشتعال بمباری اور ظلم و ستم پر بین الاقوامی قوتوں کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر جاری صیہونی ظلم و جبر کے خلاف ہر بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھانے اور  پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی ٹیم توانائی کے شعبے میں طویل مدتی اصلاحات لانے کے لئے دن رات محنت کر رہی ہے، توانائی کے شعبے میں مزید اصلاحات عام آدمی کی زندگی میں آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہیں، ہم نے مشکلات کے باوجود عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی اور یہ مشن جاری رکھیں گے، انشاء اللہ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں کمی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم ہوگی  اور اس کے نتیجے میں پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر مسابقت ممکن ہوسکے گی۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس ہوا جہاں برآمدات میں اضافے پر مشاورت اور تجاویز پیش کی گئیں اور شرکاء نے حکومتی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ اور منرلز انویسٹمنٹ فورم کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے،  بجلی کی قیمت میں کمی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم ہوگی، پیداواری لاگت کم ہونے سے اضافی پیداوار اور نتیجتاً برآمدات میں اضافہ ہوگا، مقامی صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے سے پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر مسابقت ممکن ہوسکے گی۔ ملک میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا اور شعبے کے ماہرین کی تجاویز سے معیشت میں مزید بہتری لا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں شرکاء نے سامان کی صنعتوں سے بندرگاہوں تک ترسیل کے لیے مواصلاتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، ملکی افرادی قوت کو فراہم کردہ ہنر کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے، بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے پاکستانی اشیاء کی تشہیر میں بہتری، ایکسپورٹ پروموشنل کونسلز کے قیام، خصوصی اقتصادی زونز و صنعتی علاقوں میں سہولیات کی مزید بہتری کی تجاویز پیش کیں۔ مزید برآں شرکاء نے پاکستان کے بینکنگ شعبے کی برآمدات میں سہولت کے لیے اصلاحات کی تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیراعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کو کونسل ارکان کی تجاویز کے حوالے سے ایک قابل عمل ایکشن پلان مرتب کرکے پیش کرنے اور اقتصادی مشاورتی کونسل کے تحت مختلف شعبہ جات کی علیحدہ علیحدہ ذیلی کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کی جو ان شعبوں کے حوالے سے قابل عمل تجاویز مرتب کرکے پیش کریں گی۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی سینئر اہلکار کا دو روزہ دورہ پاکستان مکمل ہو گیا۔ دورے میں اہم معدنیات، معیشت اور سکیورٹی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ ایرک میئر نے پاکستان کے معدنی وسائل  میں امریکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا۔ صدر ٹرمپ نے قیمتی معدنیات کے محفوظ اور متنوع ذرائع کو قومی ترجیح قرار دیا۔ وزیر داخلہ، وزیر پٹرولیم سے ملاقاتوں میں انسداد دہشتگردی کے شعبے میں مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

پڑھیں:

امریکا کے ساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط بڑھانا چاہتے ہیں، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم امریکا کے ساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط بڑھانا چاہتے ہیں۔

عالمی جریدے بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے، جلد ہی ایک سرکاری وفد امریکا جائے گا۔ ہم امریکا کے ساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط بڑھانا چاہتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ریکوڈک منصوبے کے فوائد مقامی آبادی تک پہنچنے چاہیے، وزیرِ خزانہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا سے مزید کپاس اور سویا بین خریدنے کا خواہش مند ہے۔ اسی طرح غیر ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے پر بھی بات چیت جاری ہے تاکہ امریکی مصنوعات کے لیے پاکستانی منڈیوں کے دروازے کھل سکیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ امریکی مصنوعات پر پاکستان میں کوئی غیر ضروری جانچ پڑتال یا رکاوٹیں ہیں تو اس کا جائزہ لینے کو بھی تیار ہیں۔ پاکستان میں امریکی فرموں کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔

مزید پڑھیں: ملکی قرضوں میں کمی لانے کیلئے وزیرخزانہ کا اہم فیصلہ

محمد اورنگزیب نے انٹرویو میں مزید کہا کہ خصوصی طور پر کان کنی اور معدنیات کے نئے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ پاکستان معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کا خواہشمند ہے۔ ترقی کے سفر میں سرمایے کے حصول کے لیے عالمی مالیاتی منڈیوں سے رجوع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خزانہ عالمی معاشی اجلاسوں میں شرکت کیلیے امریکا روانہ، اہم ملاقاتیں ہوں گی

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی اتار چڑھاؤ کے چکر سے نکالنا ہمارا نصب العین ہے۔ حکومت پاکستان کو مستحکم ترقی کے سفر پر گامزن کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

متعلقہ مضامین

  • چین پر عائد ٹیرف میں کمی چینی قیادت پر منحصر ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ
  • چین پر عائد ٹیرف میں کمی چینی قیادت پر منحصر ہوگی، ٹرمپ
  • چین کے ساتھ ٹیرف معاہدہ جلد ممکن ہے‘ٹیرف کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے.ٹرمپ
  • ٹرمپ نے گھٹنے ٹیک دیئے؟ چین پر عائد ٹیرف میں نمایاں کمی کا اعلان
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا یوٹرن: چین کے ساتھ معاہدہ کرنے کا اعلان
  • امریکی صدر کا یوٹرن، چین کے ساتھ معاہدہ کرلیں گے، ٹرمپ
  • ٹیرف میں کمی کا امکان، فی الحال ہم چین کے ساتھ ٹھیک کر رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ
  • امریکی صدر کا یوٹرن، چین کے ساتھ معاہدہ کرلیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ
  • امریکا کے ساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط بڑھانا چاہتے ہیں، وزیر خزانہ
  • ہارورڈ یونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کے فنڈز روکنے کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کر دیا