جے یو پی کراچی کے تحت اسرائیل مردہ باد ریلی، عوام کا فلسطینی مظلومین سے اظہارِ یکجہتی
اشاعت کی تاریخ: 12th, April 2025 GMT
شرکائے ریلی سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستانی عوام کا دل فلسطین کے ساتھ دھڑکتا ہے، ہم کسی بھی قیمت پر اسرائیلی غاصبانہ تسلط کو تسلیم نہیں کرتے اور اقوامِ عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔ اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر جمعیت علمائے پاکستان کراچی کی جانب سے ایک بڑی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز بلال مسجد، سیکٹر 4، نارتھ کراچی سے ہوا، جس کی قیادت جے یو پی کراچی کے نائب صدر مفتی محمد حفیظ اللہ ہادیہ نے کی۔ریلی میں جے یو پی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ملک محمد شکیل قاسمی، قاری عبدالصمد چشتی، محمد مظہر نورانی، محمد اطہر نورانی، محمود علی سمیت متعدد ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات، علماء، کارکنان، طلبہ، عوام اور سیاسی و سماجی حلقوں سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے، جب کہ فضا اسرائیل مردہ باد اور فلسطین زندہ باد اور الجہاد الجہاد، لبیک لبیک کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد حفیظ اللہ ہادیہ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم انسانیت کے چہرے پر سیاہ دھبہ ہیں، عالمی ضمیر اگر آج بھی خاموش رہا تو کل تاریخ اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔
ملک محمد شکیل قاسمی نے کہا کہ پاکستانی عوام کا دل فلسطین کے ساتھ دھڑکتا ہے، ہم کسی بھی قیمت پر اسرائیلی غاصبانہ تسلط کو تسلیم نہیں کرتے اور اقوامِ عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔ قاری عبدالصمد چشتی، محمود علی و دیگر مقررین نے فلسطینی عوام کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف سنجیدہ اور عملی کارروائیاں کریں اور اقوام متحدہ کو اپنی غیرجانبداری ثابت کرنے کا موقع فراہم کریں۔ ریلی پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطین کے مسئلے پر آواز بلند کرتے رہیں گے یہاں تک کہ آزادی کا سورج بیت المقدس پر طلوع ہو۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک، بلکہ مجرمانہ غفلت ہے، نہتے فلسطینی مسلمانوں پر بمباری، بچوں، عورتوں اور بزرگوں کا قتل عام اور انسانی بستیوں کا ملبے میں تبدیل ہو جانا ظلم و سفاکیت کی وہ مثالیں ہیں جن پر تاریخ ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
مجلس اتحادِ امت کا 27 اپریل کو مینار پاکستان اسرائیل مردہ باد کانفرنس کامیاب بنانے کا عزم
کانفرنس سے ایک روز قبل لاہور میں عظیم الشان اسرائیل مردہ باد ریلی نکالی جائے گی۔ کانفرنس سے تمام دینی جماعتوں کے قائدین، وفاق ہائے مدارس کے رہنما خطاب کریں گے۔ جبکہ کانفرنس میں وکلاء رہنما، تاجر لیڈرز اور ہر طبقہ زندگی کے افراد کو شرکت کی دعوت بھی دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس اتحادِ امت کے زیراہتمام تمام مکاتب فکر کا مشترکہ کا اجلاس جامعہ احسان القرآن میں جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا امجد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی ترجمان جے یو آئی اسلم غوری، مولانا محمد امجد خان، علامہ ابتسام الہی ظہیر، ناظم وفاق المدارس پنجاب مفتی عبدالرحمن، مولانا عمران الحسن، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، سید قطب، فیاض شیخ، حافظ نصیر احمد احرار، مولانا عزیزالرحمن ثانی، پیر رضوان نفیس، حافظ غضنفر عزیز، مولانا سفیان غوری، قاری رفیق وجھوی، مولانا حسین احمد، مولانا عثمان رمضان، مولانا مجیب الرحمن انقلابی، مولانا عتیق الرحمن، مولانا عبداللہ مدنی، مفتی انیس احمد مظاہری، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، وقاص ظفر، مفتی مسعود الرحمن، مولانا عبدالجبار سلفی، مفتی قیصر شہزاد ودیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں تمام مکاتب فکر اور دینی جماعتوں نے 27 اپریل کو مینار پاکستان میں اسرائیل مردہ باد کانفرنس کو بھرپور کامیاب بنانے کا عزم کیا۔ اجلاس میں کانفرنس کی تیاری کیلئے پنجاب بھر میں آگاہی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا اور عوام تک سوشل میڈیا اور تمام ذرائع ابلاغ کے ذریعے پیغام پہنچانے کا فیصلہ بھی ہوا۔ کانفرنس سے ایک روز قبل لاہور میں عظیم الشان اسرائیل مردہ باد ریلی نکالی جائے گی۔ کانفرنس سے تمام دینی جماعتوں کے قائدین، وفاق ہائے مدارس کے رہنما خطاب کریں گے۔ جبکہ کانفرنس میں وکلاء رہنما، تاجر لیڈرز اور ہر طبقہ زندگی کے افراد کو شرکت کی دعوت بھی دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس اتحاد امت کا شاندار مظاہرہ ثابت ہوگی۔ کانفرنس میں وفاق المدارس، جے یو آئی، جماعت اسلامی، مرکزی جمعیۃ اہلحدیث، تنظیم المدارس، مجلس ختم نبوت، مرکزی مسلم لیگ، شبان ختم نبوت، وفاق المدارس السلفیہ، انٹرنیشنل ختم نبوت، رابطۃ المدارس، اہلسنت والجماعت، جامعہ اشرفیہ ودیگر جماعتوں کے نمائندگان شریک ہوئے۔