نادیہ حسین نے شوہر کے فراڈ میں ملوث ہونے کی تردید کردی
اشاعت کی تاریخ: 17th, April 2025 GMT
ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر کسی قسم کے فراڈ میں ملوث نہیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نادیہ حسین اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ ایف آئی اے میں پیش ہوئیں جہاں انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ معروف ماڈل نے اپنی شفافیت کا مؤقف اختیار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ انہوں نے اپنے تمام مالی معاملات قانونی طریقے سے ظاہر کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر عاطف خان نے ان کے کاروبار میں سرمایہ کاری ضرور کی، مگر اس سرمایہ کاری کا ذریعہ یا نیت ان کے علم میں نہیں تھی۔ اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے اپنی ٹیکس ریٹرنز میں تمام مالی تفصیلات باقاعدگی سے ظاہر کی ہیں۔
نادیہ نے کسی بھی قسم کے فراڈ میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یاد رہے کہ عاطف خان پر اپنے ادارے کے بینک میں تقریباً 54 کروڑ روپے کے مبینہ مالی فراڈ کا الزام ہے اور اس وقت وہ تفتیش کے لیے زیرِ حراست ہیں۔ تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ مبینہ فراڈ کی رقم میں سے 2 کروڑ روپے نادیہ حسین کے سیلونز کے اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے تھے، جس کے بعد ایف آئی اے نے نادیہ حسین کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کر لیا ہے۔
دوسری جانب نادیہ حسین کو فراڈ کیس کے معاملے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نادیہ حسین
پڑھیں:
کیا ٹرمپ 2028 میں بھی صدارتی الیکشن لڑیں گے؟ اشارے واضح ہونے لگے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر امریکی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے اور ان کے آئندہ انتخابات (الیکشن 2028ء) میں حصہ لینے کے اشارے واضح ہونے لگے ہیں۔
ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ 2028 کے الیکشن میں بھی میدان میں اتر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی مذاق نہیں، بلکہ سنجیدہ سوچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ وہ دوبارہ صدر بنیں اور ان کے بقول ایسا ممکن ہے، البتہ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اس پر بات کرنا فی الحال قبل از وقت ہو گا۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ٹرمپ کے آفیشل اسٹور پر ٹرمپ 2028 کے نعرے والی ٹوپی فروخت کے لیے پیش کر دی گئی ہے، جس کی قیمت 50 ڈالر رکھی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر ٹوپی پر مستقبل روشن ہے، قوانین دوبارہ بنائیں لکھا گیا تھا، جسے حیران کن طور پر بعد میں تبدیل کر کے میڈ ان امریکا بیانیہ 2028 کر دیا گیا۔
ایریک ٹرمپ، ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ہیں، کو بھی یہ ٹوپی پہنے دیکھا گیا ہے، جس سے قیاس آرائیاں مزید شدت اختیار کر گئی ہیں۔
صحافیوں نے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ سے بھی اس بارے میں سوال کیا، تاہم انہوں نے اس پر کوئی واضح جواب دینے سے گریز کیا۔
یاد رہے کہ امریکی آئین کے مطابق کوئی بھی شخص 2بار سے زائد ملک کا صدر نہیں بن سکتا، مگر ٹرمپ کے تازہ اشاروں نے یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ کیا کوئی قانونی گنجائش نکالی جا سکتی ہے؟ یا نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی 2017 سے 2021 تک امریکا کے صدر رہ چکے ہیں اور گزشتہ برس 2024 میں دوبارہ صدر بننے کے بعد انہوں نے آتے ہی غیر معمولی فیصلوں اور اقدامات کے ذریعے نہ صرف امریکی سیاست اور معیشت میں، بلکہ دنیا بھر میں ہلچل مچا کر رکھ دی ہے۔
ٹرمپ کے اشاروں کو دیکھتے ہوئے ماہرین کی نظریں اب 2028 کے الیکشن پر لگی ہیں کہ کیا ٹرمپ ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے والے ہیں اور اس کے لیے وہ کیا اقدامات کریں گے، جس سے ان کی اس خواہش کی راہ ہموار ہو سکے۔