پاکستان بھارت کا مقابلہ کرنے کیلئے 200 فیصد تیار ہے، وزیردفاع
اشاعت کی تاریخ: 25th, April 2025 GMT
وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ لائن آف کنٹرول پر صورتحال کشیدہ ہے، بھارت کو کسی بھی ایڈونچر سے باز رہنے کا مشورہ دیا، ساتھ میں یہ بھی کہا کہ پاکستان بھارت کا مقابلہ کرنے کے لئے 200فیصد تیار ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کا مقابلہ کرنے کے لئے 200فیصد تیار ہے، بھارت نے جارحیت کا انتخاب کیا تو اسے بھرپور جواب دیں گے، بھارت نے جب بھی ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو نتیجہ سامنے ہے۔ ہم نے تو ابھی نندن کو چائے شائے پلا کر گھر واپس بھیجا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو کشیدگی نہیں بڑھانی چاہیے، بھارت کے پاس پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں، دہشتگردی واقعہ میں بہت بڑی تعداد میں مسلمانوں کی بھی جان گئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی میڈیا معاملے کو فلمی انداز میں پیش کررہا ہے ، بھارتی میڈیا پر بالی ووڈ کا بہت زیادہ اثر ہے ، بھارت کا پاکستان کے شہروں میں دہشتگردی کا منصوبہ ہے، بھارت بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو استعمال کررہا ہے ، بھارت نے عرصہ دراز سے پاکستان کیخلاف ایک جنگ ڈیکلیئر کی ہوئی ہے۔ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی بھارت کی پراکسی ہیں۔
اس سے قبل برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت جو بھی اقدام اٹھائے گا ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے۔ بھارت نے حملہ کرنے میں پہل کی تو پھر دونوں ملکوں کے درمیان جنگ ہوگی۔ کہا دنیا کو دو ایٹمی طاقتوں کی جنگ سے متعلق فکر مند ہونی چاہے۔ بھارتی پہلے بھی فالس فلیگ آپریشن کرتا رہا ہے۔ ذرا سی بے احتیاطی کشیدگی کا بدترین نتیجہ نکل سکتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ صدر ٹرمپ ایک عالمی طاقت کی قیادت کر رہےہیں۔ وہ دنیا میں کئی تنازعات میں مذاکرات کروا رہےہیں۔ تو پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات میں بھی کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی اوچھی حرکت؛ حکومت پاکستان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک
بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد ایک بار پھر اپنی تنگ نظری اور پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کردیا ہے۔
بھارتی حکومت نے ہمیشہ کی طرح واقعے کی کوئی مناسب تحقیقات کرنے کے بجائے یکطرفہ طور پر پاکستان کے خلاف کارروائی کرنے کو ترجیح دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، مودی سرکار نے اپنے ہی ملک میں ’’گورنمنٹ آف پاکستان‘‘ کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی روک دی ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستانی حکومت نے پہلگام واقعے میں ہلاک ہونے والوں کےلیے افسوس کا اظہار کیا تھا اور زخمیوں کی صحتیابی کی دعا کی تھی۔ لیکن بھارت نے نہ صرف سوشل میڈیا پر پابندی لگائی بلکہ سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے اور پاکستانی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دینے جیسے انتہائی اقدامات بھی کیے۔
پاکستانی قیادت نے بھارتی کارروائیوں کے خلاف بھرپور ردعمل دینے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا فوری اجلاس طلب کیا ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان ہونے والے اس اہم اجلاس میں بھارت کے ان غیر ذمے دارانہ اقدامات کے خلاف اہم فیصلے متوقع ہیں۔
Post Views: 1