پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز نے 54 دہشتگرد ہلاک کردیے
اشاعت کی تاریخ: 27th, April 2025 GMT
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد سے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 54 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگرد شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سرحد سے دراندازی کی کوشش کررہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ انٹیلی جنس رپورٹس بتاتی ہیں کہ خوارج کا یہ گروپ اپنے غیر ملکی آقاؤں کی ایما پر پاکستان کے اندر ہائی پروفائل دہشتگردانہ کارروائیاں کرنے کے لیے دراندازی کر رہا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب پاکستان کی بھارت کے ساتھ کشیدگی چل رہی ہے، صاف ظاہر ہے کہ فتنہ الخوارج کس کے اشارے پر کام کررہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حالیہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں بھی یہ بات اٹھائی گئی کہ سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کے خلاف جنگ سے توجہ ہٹانا ہندوستان کا اسٹریٹجک ارادہ ہے، کیوں کہ وہ فتنہ الخوارج ہماری مسلح افواج کے پرعزم جارحانہ حملے سے دوچار ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت سے ممکنہ تباہی کو روکا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف پوری مہم کے دوران ایک ہی وقت میں ہماری سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے والے خوارج کی یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس طرح کے جرات مندانہ اور فیصلہ کن اقدامات ہمارے اجتماعی عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں اور اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش کے خلاف
پڑھیں:
سوات: پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، فتنہ الخوارج کے 3 دہشتگرد ہلاک
خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے فتنہ الخوارج کے 3 اہم کارندے ہلاک کردیے، کامیاب آپریشن میں اجمل عرف وقاص سمیت 3 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے، ویلج ڈیفینس کونسل کے ارکان کے قاتل اجمل کے سر کی قیمت 20 لاکھ مقرر تھی۔
سی ٹی ڈی نے کہا کہ مارے جانے والے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور پولیس اہلکاروں کی شہادتوں میں ملوث تھے، بیرونی فنڈنگ سے دہشت گردی پھیلانے والا نیٹ ورک تباہ کردیا گیا، دہشتگرد آئی ای ڈی حملوں اور بھتہ خوری کے مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔
ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ڈویژن شیر اکبر خان نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی یہ کارروائی سوات اور ملحقہ علاقوں میں فتنہ الخوارج کے آپریشنل ونگز پر کاری ضرب ہے، فتنہ الخوارج کو جڑ سے اکھاڑنے پھینکنے کے لیے پر عزم ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فتنہ الخوارج کے آپریشنل کمانڈ ونگ پر کاری ضرب لگانے پر علاقائی پولیس اور سی ٹی ڈی سوات کی تعریف کی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دیر پا امن و امان کے قیام کے لیے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔