ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
وفاقی حکومت نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر یکم مئی (جمعرات) کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یکم مئی کو تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔اس موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی اعلان کیا ہے کہ بدھ کے روز تمام بینکس بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ یکم مئی کو ہر سال دنیا بھر میں مزدوروں کے حقوق کے لیے ”یومِ مزدور“ منایا جاتا ہے، جس کا مقصد محنت کش طبقے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے مسائل اجاگر کرنا ہے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
کراچی میں ٹینکر اور ٹرک نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو کچل دیا
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے شہری قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ملازم ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے باعث موٹرسائیکل سوار معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعات تھم نہ سکے، شہر کے 2 مختلف علاقوں میں ہیوی گاڑیوں نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ملازم سمیت 2 افراد جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہوگئے، حادثات کے بعد دونوں ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کےقریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر جاں بحق، جبکہ دوسرا نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 24 سالہ مزمل اور زخمی کی شناخت 20 سالہ فیضان کے نام سے کی گئی۔ حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع پر سے فرار ہوگیا۔ ٹریفک پولیس نے واٹر ٹینکر کو قبضے میں لینے کے بعد تھانے منتقل کر دیا۔
دوسری جانب بلدیہ رئیس گوٹھ کے قریب پتھروں سے لدے تیز رفتارٹرک نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، جنہیں فوری طورپرایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت اشفاق علی اور زخمی کی شناخت 34 سالہ سہیل کے نام سے کی گئی۔ جاں بحق اور زخمی افراد نیول کالونی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے شہری قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ملازم ہیں۔ حادثے کے بعد ٹریفک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لیکر اس کے ڈرائیورکی تلاش شروع کر دی۔