ایف آئی اے کی کارروائی، اربوں روپے کی جعلی الاٹمنٹس میں ملوث سی ڈی اے افسران گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے مبینہ طور پر اربوں روپے کی جعلی الاٹمنٹس میں ملوث کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے 5 افسران کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کی اور اس دوران مبینہ طور پر کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث سی ڈی اے اسلام آباد کے 5 افسران کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان میں اصغر علی، راجا شعیب ملال، تیمور احمد، عنایت اللہ اور آفتاب احمد شامل ہیں، جو سی ڈی اے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدوں پر فائز تھے۔
ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری اسپیشل جج سینٹرل II اسلام آباد سے ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر عمل میں لائی گئی ہے اور ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے جعلی اراضی کے متاثرین ظاہر کر کے اسلام آباد کے سیکٹرز آئی-14، ای-11اور ڈی-13 میں غیر قانونی طور پر 43 پلاٹس الاٹ کیے۔
بیان میں بتایا گیا کہ غیر قانونی الاٹمنٹس سے قومی خزانے کو تقریباً ایک ارب روپے کا نقصان پہنچا، ملزمان جعلی فائلوں کی بنیاد پر پلاٹس الاٹ کر کے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزمان کے ساتھ شریک دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اسلام آباد ایف آئی اے میں ملوث سی ڈی اے
پڑھیں:
مون سون کا طاقتورسپیل ، جھل تھل ایک ہوگیا،2 وکلاء کے چیمبر گرگئے
لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونےوالی مون سون کی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔لاہور میں مون سون کا سپیل زور شور سے جاری ہے اورعلی الصبح سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔واسا لاہور کی جانب سے اب تک ہونے والی بارش کا ریکارڈ جاری کردیاگیاہے جس کے مطابق جیل روڈمیں 28.5، ایئرپورٹ میں 263، ہیڈ آفس گلبرگ میں 52، لکشمی چوک میں 25، اپر مال کے علاقے میں 114.4، مغلپورہ میں 129، تاجپورہ میں 155، نشتر ٹاؤن میں 56.4، چوک ناخدا میں 62، پانی والا تالاب میں 27.2، فرخ آباد میں 23.4، گلشن راوی میں 18، اقبال ٹاؤن میں 54.2، سمن آبادمیں 32، جوہر ٹاؤن میں 81، ڈیفنس روڈ میں 45، شادی پورہ میں 132.4 ، سگیاں میں 22.2اور مناواں میں 106 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ائیر پورٹ پر ریکارڈ کی گئی ہے ۔لاہور میں ہونےوالی موسلادھار بارش سےسیشن کورٹ میں سینئر قانون دان پیر مسعود چشتی سمیت2 وکلاء کے چیمبر گرگئے،پیر مسعود چشتی کا چیمبر کافی عرصے سے خالی پڑاتھا،چیمبر کی چھت بارش کے پانی کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اورگرگئی،شدید بارش کی وجہ سے ماتحت عدالتوں میں سائلین نہ پہنچ سکے۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے پولیس کو حادثات اور ناگہانی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں میں شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس افسران اور اہلکار بارش سے متاثرہ علاقوں میں انتہائی مستعد ہو کر ڈیوٹی انجام دیں،سپروائزری پولیس افسران بارش زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں خود مانیٹر کریں، بارش کے مزید امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار الرٹ رہیں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔ملک کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع خیبر کے باڑہ اور جمرود کے علاؤہ وادی تیراہ کے پہاڑوں پر بھی ہونے والی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا لیکن ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے باڑہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے ،جولائی کے مہینے میں دسمبر جیسے سردی محسوس کی جارہی ہے،پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے،ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کی جانب سے حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ ندی نالوں کے قریب جانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر دوافرادکو گرفتار بھی کرلیاگیاہے۔