بھارت نے جنگ مسلط کی تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ جواب کیلئے تیار ہے،امیر مقام
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
مظفرآباد:وفاقی وزیرامورکشمیروگلگت بلتستان انجینئرامیرمقام نے کہاہے کہ بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ جواب کیلئے تیار ہے، پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے۔
بھارت کی جانب سے پہلگام کے خود ساختہ واقعے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کو مسترد کرتے ہوئے روانی کے مقام پر یکجہتی کشمیر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے دورے کا مقصد یہاں کہ عوام کو یقین دلانا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف اور پوری پاکستانی قوم قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق کشمیریوں کے ساتھ ہے، بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ جواب کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے جذبے کو سلام کرتا ہوں کہ بھارت کے 77 سالوں سے مظالم کے باوجود ان کا آزادی کا جذبہ کم نہیں ہوا،کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے باوجود کشمیریوں کو مرعوب نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہاکہ پہلگام کا خود ساختہ واقعہ ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ ہو ان سب کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے، پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان ہے کلبہوشن یادو اس کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہاکہ اپنے آپ کو نام نہاد جمہوریت کہنے والا بھارت خود ساختہ واقعے کے پانچ منٹ بعد بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگانا انتہائی مضحکہ خیز ہے، بھارت اوچھے ہتھکنڈوں اور آبی جارحیت سے ہمیں مرعوب نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہاکہملکی سلامتی اور کشمیر کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، قائد پاکستان نواز شریف نے جس طرح ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور میں یقین دلاتا ہوں کہ مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیر کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پاکستان کے ساتھ انہوں نے کہاکہ پوری قوم
پڑھیں:
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ، بھارت فالس فلیگ آپریشن نہیں چھپا سکتا: امیر مقام
اسلام آباد :— وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر بھارتی انتہا پسندوں کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن یا سفارتی عملے کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہوگی۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سفارت خانے اور سفارتی عملے کی حفاظت بھارتی حکومت کی قانونی اور بین الاقوامی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پہلگام میں کیے گئے فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ نہیں چھپا سکتا۔وفاقی وزیر نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشن پر حملے کو بھارتی انتہا پسند سوچ کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی بھی بھرپور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتی عملے کا جذبہ اور جرات قابل تحسین ہے، اور حکومت پاکستان ان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔امیر مقام نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے سفارتی عملے کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور تحفظ کو یقینی بنائے گا، اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں مؤثر ردعمل دیا جائے گا۔