کراچی میں بزرگ خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل، دو ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 30th, April 2025 GMT
کراچی:
انویسٹی گیشن پولیس نے بارہ دری اپارٹمنٹ میں عمر رسیدہ خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن علینہ راجپر کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کی شناخت آصف عرف پھلا اور رحمان عرف ٹڈی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ مقتولہ فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھیں، جس بنا پر انہوں نے انہیں آسان ہدف سمجھ کر چوری کا منصوبہ بنایا۔ ملزمان واردات کے روز فلیٹ میں چوری کی نیت سے داخل ہوئے، جہاں مقتولہ کی مزاحمت پر انہوں نے خاتون کو قابو میں کر کے ان کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور منہ پر کپڑا لپیٹ کر قتل کر دیا۔
ملزمان واردات کے بعد فلیٹ سے کچھ سونے، چاندی اور پیتل کے آرٹیفیشل زیورات کے علاوہ تقریباً ستر ہزار روپے نقد رقم چوری کر کے فرار ہو گئے تھے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن علینہ راجپر کا کہنا ہے کہ شواہد کی بنیاد پر مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
زمین اور گھر خریدنے و بیچنے والوں سے بھتہ طلب کرنے والے لیاری گینگ کے 3 کارندے گرفتار
کراچی:ایس آئی یو پولیس نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے جائیداد، زمین اور گھر خریدنے و بیچنے والوں سے بھتہ طلب کرنے والے لیاری گینگ کے بھتہ خور گروہ کے 3 اہم کارندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (سی آئی اے) پولیس نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ کے بھتہ خورشکیل بادشاہ گروہ کے 3 اہم کارندوں تنویر، شکیل اور وقاص کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین 9 ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کرلی۔
ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان نے فرار ہونے کی نیت سے پولیس پر فائرنگ بھی کی لیکن ایس آئی یو نے حکمت عملی سے تینوں مسلح ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سے اہم انکشافات سامنے آگئے۔
امجد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان پراپرٹی خریدنے اور بیچنے والوں کی ریکی کرتے تھے، ملزمان ایجنٹ بن کر پراپرٹی کے مالک کی تفصیلات حاصل کرتے تھے، غیر ملکی نمبروں سے مالکان کو بھتے کے فون اور دھمکیاں دی جاتی تھی۔
ایس ایس پی کے مطابق گروہ کا سرغنہ شہریوں سے اب تک لاکھوں روپے بھتہ طلب کر چکا ہے، گرفتار ملزمان کو ریکی کرنے پر 90 ہزار سے 2 لاکھ کی رقم ملتی تھی، رقم آن لائن جاز کیش اکاؤنٹ کے ذریعے بھیجی جاتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کار لفٹنگ، پولیس پر فائرنگ اور غیر قانونی اسلحہ کے جرائم میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف ایس آئی یو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور گرفتار ملزمان سے مزید انٹیروگیشن کا عمل جاری ہے۔