بھارت 24 سے 36 گھنٹوں میں حملہ کر سکتا ہے، وزیر اطلاعات
اشاعت کی تاریخ: 30th, April 2025 GMT
پاکستان، بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتا ہے غیر جانبدارانہ تحقیقات سے فرار بھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کرنے کے لیے بڑا ثبوت ہے
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا ہے کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بھارت پہلگام واقعے کو جواز بنا کر اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں جارحیت کا ارادہ رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دوٹوک پیغام دیا ہے کہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے رات گئے ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان، بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خود دو دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور اس نے دنیا میں کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی سخت مذمت کی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان نے ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے سچائی کا پتہ لگانے اور اس کے محرکات جاننے کے لیے کھلے دل سے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، تاہم بدقسمتی سے بھارت نے غیر معقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنے کا انتخاب کیا جو کہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہو گا۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات سے فرار بذات خود بھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کرنے کے لیے بڑا ثبوت ہے۔ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جان بوجھ کر عوامی جذبات کو بھڑکا کر اس طرح فیصلے کرنا بدقسمتی اور افسوسناک ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان اس بات کا واضح اعادہ کرتا ہے کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جنگ سے ہونے والے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری صرف اور صرف بھارت پر عائد ہو گی، پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کا جواب دینے کے لیے بھارتی فوج کو ’آپریشنل آزادی‘ دے دی تھی۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: وزیر اطلاعات کے لیے کہا کہ
پڑھیں:
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ، بھارت فالس فلیگ آپریشن نہیں چھپا سکتا: امیر مقام
اسلام آباد :— وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر بھارتی انتہا پسندوں کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن یا سفارتی عملے کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہوگی۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سفارت خانے اور سفارتی عملے کی حفاظت بھارتی حکومت کی قانونی اور بین الاقوامی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پہلگام میں کیے گئے فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ نہیں چھپا سکتا۔وفاقی وزیر نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشن پر حملے کو بھارتی انتہا پسند سوچ کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی بھی بھرپور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتی عملے کا جذبہ اور جرات قابل تحسین ہے، اور حکومت پاکستان ان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔امیر مقام نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے سفارتی عملے کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور تحفظ کو یقینی بنائے گا، اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں مؤثر ردعمل دیا جائے گا۔