اللہ رب العزت نے جب نظامِ کائنات اور کائنات تخلیق فرمائی تو اپنی ہر مخلوق کو ایک خاص فطرت عطا فرمائی۔ جس طرح انسان کی اولاد انسان ہی پیدا ہوتی ہے ایسے ہی ہر جانور کی اولاد اس کی ہی نسل سے ویسا ہی جانور پیدا ہوتا ہے۔ اسی طرح ہر بیج کی پیداوار وہی ہوتی ہے جس کا وہ بیج ہوتا ہے یعنی گندم سے گندم، کیکر سے کیکر، گلاب سے گلاب، آم سے آم ہی پیدا ہوتا ہے۔ ایسا کبھی نہیں ہوتا کہ بیج تو آپ نے زمین میں گندم کا بویا ہو اور فصل جو کی اُگے اور یہ تو ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ ’’جس طرح کے انسانوں کے اعمال ہوں گے ان پر اسی طرح کے حکمران مسلط کیے جائیں گے۔‘‘ اگر ہم بحیثیت مسلمان اس حکم الٰہی پر غور و فکر کریں تو بات بہت آسان، سیدھی اور سچی ہے جو آسانی سے ہماری سمجھ میں آسکتی ہے لیکن شاید ہم سمجھنا ہی نہیں چاہتے اور شیطان کے بہکاوے میں آکر اپنا ہی نقصان کرتے رہنا چاہتے ہیں۔ ہمارے حکمران ہوں یا تمام سیاسی جماعتوں کے سیاسی راہنما وہ سب بھی ہماری طرح اللہ رب العزت کی ہی مخلوق ہیں، وہ بھی ہم آپ کے درمیان سے ہی اٹھ کر ہماری رہنمائی کے دعویٰ دار بننے بیٹھے ہوتے ہیں۔ ہم میں جو سب سے زیادہ تیز و طرار ہوتے ہیں وہ ہماری رہنمائی کے نام پر ہم پر حکمرانی کررہے ہوتے ہیں۔ ان میں سے جو کچھ کم بدمعاش یا کم تیز و طرار ہوتے ہیں وہ پیچھے رہ جاتے ہیں اور مخالفین حکومت یا حزب اختلاف کہلاتے ہیں۔ وہ ہمیشہ اس کوشش میں رہتے ہیں کہ کسی طرح اپنے حریفوں کو اقتدار سے ہٹا کر حکمرانی کا تخت حاصل کرلیں۔ عوام جن کی رہنمائی و رہبری کا انہوں نے بیڑا اٹھایا ہوتا ہے وہ کہیں بہت پیچھے رہ جاتے ہیں گو کہ عوامی نمائندگی کے یہ سارے دعویٰ دار خود عوام کا ہی حصہ ہوتے ہیں لیکن اصل میں عوام سے بالاتر ہوتے ہیں کیونکہ وہ ان سے زیادہ چالاک، ہوشیار اور مفاد پرست ہوتے ہیں۔ عوام ان کی بے اعتنائیوں اور اپنی محرومیوں کا سارا الزام اپنے ان ہی لیڈروں اور حکمرانوں پر ڈالتے ہیں جو ان کی بھیڑ چیر کر ان سے آگے نکل گئے ہوتے ہیں۔ وہ اپنی تیزی میں اتنے آگے نکل جاتے ہیں کہ انہیں نہ تو پلٹ کر دیکھنے کا موقع ملتا ہے نہ ہی ایسا کرنے کا ان کے پاس وقت ہوتا ہے لیکن عوام خصوصاً غریب عوام اپنے سے آگے نکل جانے والوں سے بہت سی توقعات وابستہ کرلیتے ہیں حالانکہ آگے جانے والے کسی نے انہیں کوئی خاص امید نہیں دلائی ہوتی لیکن عوام پُر امید سوتے ہیں کہ یہ جو ہماری رہنمائی رہبری کا دعویٰ کر رہے ہیں ضرور ہماری قسمت پلٹ دیں گے۔ جی ہاں وہ قسمت تو پلٹ دیتے ہیں لیکن اپنی اگر عوام کی قسمت کسی طرح ان کے ہاتھوں میں آجاتی ہے تو وہ اسے بھی پلٹ دیتے ہیں اپنے ہر قسم کے مفادات کے حصول کے لیے یہ اور بات ہے کہ وہ عوام کی قسمت کا تختہ ہی کردیتے ہیں۔
دراصل جو کام ہم خود نہیں کرنا چاہتے اس کی امید اور توقع ہم ان سے کرتے ہیں جو ہماری رہنمائی اور حکمرانی کے دعویٰ دار ہوتے ہیں اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ وہ شخص جو خود تو کوئی نیک یا اچھا کام نہیں کر رہا ہوتا لیکن اپنی اولاد یا اپنے ماتحت کو نصیحت ضرور کر رہا ہوتا ہے کہ وہ اچھا کام کرے، نماز پڑھے، اطاعت گزاری کرے اور ساتھ ہی فرماں برداری بھی کرے۔ ہر وہ کام جو میں خود نہیں کرتا یا نہیں کرسکتا اسے کرنے کی امید میں دوسروں سے رکھتا ہوں اگر انسان خصوصاً مسلمان اللہ کے احکام کو سمجھے، غور و فکر کرے اور سب سے پہلے خود اپنی اصلاح کرے، خود کو ہر طرح سے درست کرے اور اپنے ساتھ ساتھ اپنے گھر کے افراد کی اصلاح و فلاح پر توجہ دے، خود کو اپنے گھر کے افراد کے لیے مثال بنا کر پیش کرے یہ سنت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی ہے کہ اللہ کی محبوب ترین شخصیت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر ہر قول و فعل کو خود عملی طور پر کرکے امت کو دکھایا و سمجھایا ہے۔ کیسا ہی کوئی کام، کوئی فعل و عمل رہا ہو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے کردار اور اپنے عمل سے واضح کیا ہے اور یہی سنتِ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ بھی ہے اگر آج ہم اپنی اصلاح کا بیڑا اٹھا لیں اور کسی دوسرے پر انگلی اٹھانے، اسے نصیحت کرنے اور اس کی اصلاح کی خواہش کرنے کے بجائے ہم خود اپنی اصلاح کی کوشش شروع کردیں تو یہ معاشرہ، یہ نظامِ حکومت، یہ نظامِ حیات خودبخود درست ہو جائے گا۔ پہلے ہم خود اپنی اصلاح کرلیں تب ہی ہم کسی کی اصلاح و فلاح کی بات کرسکتے ہیں۔ ہمارے ہادی برحق ہمارے رہنمائے حقﷺ نے تو ہر ہر طرح ہمیں سکھایا، بتایا، اور سمجھایا ہے۔ اپنے عمل اپنے قول سے لیکن ہم سمجھنے کے لیے ہی تیار نہیں۔
ایک واقعہ تاریخ اسلام میں درج ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایک خاتون اپنے بچے کو لے کر حاضر ہوئیں اور عرض کی کہ یا رسول ﷺ میرا یہ بیٹا گڑ بہت کھاتا ہے آپ اسے نصیحت فرما دیں کہ یہ گڑ نہ کھایا کرے۔ آپ ﷺنے بچے کی طرف دیکھا تبسم فرمایا اور خاتون سے فرمایا کہ اس بچے کو لے کر کل آنا اور وہ خاتون لگاتار تین روز تک آتی رہیں اور حضور اکرمﷺ اس ہی طرح حیران و پریشان لوٹ جاتیں۔ جب تین روز گزرنے پر وہ دوبارہ نبی کریم ﷺ کی خدمت میں بچے کو لے کر حاضر ہوئیں تو اللہ کے رسول ﷺنے بڑی شفقت و محبت سے بچے کے سر پر اپنا دست مبارک پھیرتے ہوئے فرمایا کہ گڑ نہ کھایا کرو ایسا تمہاری ماں کی خواہش ہے۔ خاتون حیران رہ گئیں اور انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺیہ بات تو آپ اس وقت بھی فرما سکتے تھے جب میں پہلے آپ کے پاس حاضر ہوئی تھی تب آپﷺ نے تبسم فرماتے ہوئے فرمایا کہ بی بی اس وقت تو میں خود بھی گڑ کھاتا تھا پھر میں کیسے اس بچے کو گڑ کھانے سے روک سکتا تھا۔ اللہ اکبر… نبی کریم ﷺنے کیسی عظیم مثالیں قائم فرمائی ہیں۔ اپنے ہر قول کو اپنے عمل سے ثابت فرمایا ہے اگر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہم بحیثیت مسلمان نبی کریم ﷺکی امت ہیں تو ہمیں صرف نبی کریمﷺ کی سنت کے مطابق خود کو ڈھال لینا چاہیے پھر دیکھیں کہ مسلمان کس طرح دنیا کی سپر پاور بن جاتے ہیں۔ اللہ بھی ان کی ہی مدد فرماتا ہے جو خود اپنی مدد آپ پر کمر کس لیتے ہیں اور یہ تو اللہ کا فرمان ہے کہ اگر میرا کوئی بندہ میری طرف ایک قدم بڑھتا ہے تو میں خود اپنے بندے کی طرف دس قدم بڑھتا ہوں اگر ہم سب اپنی انفرادی اصلاح کرلیں تو پھر از خود معاشرے کی اصلاح ممکن ہوسکے گی کیونکہ افراد سے ہی ملت اور قوم وجود پاتی ہے اور جب کوئی قوم اللہ کی راہ پر چل پڑے تو پھر اس کا راستہ روکنے والا کوئی اس روئے زمین پر نہیں رہتا جو اسے روک سکے ورنہ تو یہی ہوتا ہے جیسی روح ویسے ہی فرشتے۔ اللہ رب العزت ہمیں اسلام کی سمجھ عطا فرمائے، صحیح معنوں میں مومن بنائے اور اپنی اصلاح کرنے اور سنت رسول مقبول ﷺپر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔ ہماری ہمارے وطن عزیز کی حفاظت فرمائے، ہمیں نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں صراط مستقیم پر چلنے والا بنائے، ہمیں نیک صالح اور اللہ کا خوف رکھنے والے حکمران عطا فرمائے آمین۔
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی اصلاح جاتے ہیں کی اصلاح ہوتے ہیں خود اپنی ہوتا ہے نہیں کر ہیں کہ بچے کو
پڑھیں:
ہر کمال کو زوال ہے
اللہ رب العزت کا یہ عدل کا نظام ہے کہ ’’ہر کمال کو زوال ہے، ہر بلندی کے بعد پستی کا آنا لازمی ہے۔‘‘ جیسے رات کی تاریکی کے بعد دن کے اجالے کا پھیلنا لازمی ہوتا ہے۔ ایسے ہی ہر بدی اور ہر برائی کے بعد اچھائی اور نیکی کا ہونا بھی لازمی ہوتا ہے۔ اللہ رب العزت نے ہر چیز کا جوڑا پیدا فرمایا ہے۔ اب شاید بدی کی تاریکی چھٹنے اور اجالا پھیلنے کا وقت قریب آنے والا ہے۔ کہتے ہیں کہ جب گیڈر کی موت آتی ہے تو اس کا رخ شہر کی طرف ہو جاتا ہے کچھ ایسا ہی یہاں ہوتا نظر آنے لگا ہے۔ سیاست میں کب کیا کچھ ہو جائے اس کا علم کسی بھی انسان کو نہیں ہوتا پر اللہ رب العزت کو سب ہی علم ہوتا ہے اور سب کچھ اس کی حکمت اور رضا سے ہورہا ہوتا ہے، جو وہ پاک رب چاہتا ہے وہی ہوتا ہے، انسان لاکھ چاہیے پر وہ کچھ بھی اللہ کی مرضی کے بغیر نہیں کرسکتا۔ انسان تو خود اتنا بے بس ہے کہ وہ چاہ کر بھی اپنے لیے کچھ بھی نہیں کرسکتا گر اللہ چاہے تو پھر ہی ممکن ہو پاتا ہے۔ حکمران، ان کو لانے والے اور ان کی حمایت کرنے والے کچھ بھی اپنی مرضی و منشا سے نہیں کرسکتے پر عجب بات یہ ہے کہ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ جو کچھ یہ لوگ چاہ رہے ہیں وہی ہورہا ہے تو اصل میں یہی لوگ غفلت کا شکار اور گمراہی میں مبتلا نظر آرہے ہوتے ہیں کیونکہ اللہ رب العزت نے کچھ عرصہ کے لیے اپنی مرضی سے ان کی رسی کو دراز کر رکھا ہوتا ہے اور ان کو ڈھیل دی ہوئی ہوتی ہے کہ وہ اپنی من مرضی کی کرلے جس میں وہ حقیقتاً خسارہ میں رہتے ہیں۔ اگر ہم وطن عزیز میں دیکھیں ابتدائی شروع کے چند سال چھوڑ کر تو ساری حقیقت ہمارے سامنے روزِ روشن کی طرح عیاں ہوکر کھڑی ہو جائے گی۔ جب بھی وطنِ عزیز کو اللہ رب العزت کی طرف سے کوئی مخلص سربراہ ملا ہے اس کی قدر نہیں کی یا پھر اس سربراہ نے اپنے ہی ہاتھوں سے خود کو تباہ و برباد کرنے کے ساتھ ہی وطن عزیز اور عوام کو بھی بے پناہ نقصان پہنچایا۔ ہماری ملکی تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے پھر ہم اس سے کسی بھی قسم کی عبرت حاصل نہیں کر پاتے ہیں اور حکمرانی کے نشہ میں چور سرمستی میں مبتلا واحد اللہ کو بھلا کر خود وقت کے فرعون بن بیٹھتے ہیں یہ سوچے بغیر کہ کل اگر یہ حکمرانی نہیں رہی تو ہمارا انجام کیا ہوگا اور ہم کل اللہ کے سامنے کیسے کھڑے ہو پائیں گے۔
وطنِ عزیز کی تاریخ ہی نہیں بلکہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ جب جب حکمرانِ وقت اقتدار کے نشے میں مد ہوش ہونے لگتے ہیں تو ان کے زوال کا وقت شروع ہو جاتا ہے۔ وطنِ عزیز کی سیاسی تاریخ ایک شفاف آئینے کی مانند ہمارے سامنے عیاں ہے۔ جب بھی صاحبِ اقتدار حکمران کو یہ گمان ہوتا ہے کہ ’’اس کی کرسی مضبوط ہوگئی ہے اور اسے کوئی نہیں ہلا سکتا‘‘ تب ہی وہ منہ کے بل گر پڑتا ہے۔ جنرل ایوب خان کو جب یہ گمان ہوا کہ انہیں اور اُن کے اقتدار کو کوئی ہلا نہیں سکتا تو انہوں نے من مانی کرنا شروع کردی تھی۔ آئین و قانون کی دھجیاں اڑانا شروع کردی تھیں اور اپنے لاڈلے بیٹے گوہر ایوب کو کھلی چھٹی دے دی تھی کہ وہ جو جی میں آئے کرتا پھرے۔ قانون تمہارے گھر کی لونڈی ہے بالآخر انہیں منہ کی کھانی پڑی اور ذلت و رسوائی کے ساتھ رخصت ہونا پڑا اور یہی حشر جنرل یحییٰ کا ہوا، انہوں نے بھی قانون کو اپنی جوتے کی نوک پر رکھا اور وہی ہوا جو ہوتا آیا تھا انہیں بھی ذلت و رسوائی کے سوا کچھ ہاتھ نہ آیا اس کے بعد سونے کی چڑیا ذوالفقار علی بھٹو کے ہاتھ لگی جب تک انہوں نے قانون کو قانون سمجھ کر اس کا احترام ملحوظ خاطر رکھا انہوں نے ملک پر ہی نہیں عوام کے دلوں پر بھی راج کیا اور جب انہیں اقتدار کا نشہ چڑا اور انہیں لگنے لگا تھا کہ اب ان کی کرسی مضبوط ہوگئی ہے اور اسے کوئی ہلا نہیں سکتا اور وہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے لگے تو انہیں بھی اسی ہی قانون نے اپنے شکنجے میں جکڑا اور ان کی ساری قانون دانی دھری کی دھری رہ گئی تھی۔ کہتے ہیں کہ ’’اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے‘‘ جب چلتی ہے تو وہ کچھ ہو جاتا ہے جس کا تصور تک انسان نہیں کرسکتا۔ جنرل ضیاء الحق نے اقتدار اپنی طاقت اور بندوق کے زور پر حاصل کیا تھا اور تاثر یہی دیا تھا کہ انہوں نے اللہ کی مضبوط رسی کو تھام رکھا ہے، جب انہوں نے اللہ کی رسی کو چھوڑ کر امریکی رسی کو مضبوطی سے تھاما تو ان کا دماغ بھی آسمان سے باتیں کرنے لگا تھا اور وہ سمجھنے لگے تھے کہ وہ خود ہی قانون ہیں اور وہ ہر ’’سیاہ و سفید کے مالک ہیں‘‘ وہ جو چاہیں کریں اللہ کے بجائے انہوں نے اپنے سر پر امریکا کا ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے قانون کو اپنے ہاتھ میں لیا پھر اس ہی قانون نے ان کے نیچے سے ہی نہیں بلکہ اوپر ہی اوپر ان کو اقتدار سے محروم کردیا تھا۔ اللہ کی ’’بے آواز لاٹھی‘‘ کام کر گئی تھی ایک مشہور قول ہے کہ ’’جب ظلم حد سے بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے‘‘ بقول شاعر ساحر لدھیانوی
ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے
خون پھر خون ہے ٹپکے گا تو جم جائے گا
جب اللہ رب العزت نے اقتدار میاں نواز شریف کے نصیب میں لکھا تو وہ بھی بالآخر ایک ایسے مقام پر پہنچے جہاں انہیں یہ یقین ہو چلا تھا کہ اب ان کی کرسی مضبوط ہوگئی ہے اور اسے کوئی ہلا نہیں سکتا تو انہوں نے بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کوشش کی تو ان کے ہاتھ بھی جل گئے اور حکمرانی کا تخت ان کے نیچے سے سرک گیا۔ اس کے بعد ایک نیا دور شروع ہوا پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی کو اقتدار نصیب ہوا جب تک وہ قانون اور آئین کی پاسداری کرتی رہیں حکومت کرتی رہیں لیکن جیسے ہی انہیں یہ گمان ہوا کہ ان کی کرسی اور ان کا اقتدار مضبوط ہوگیا ہے اور جب انہوں نے خود کو قانون سے ماورا جانا تب ان کا تختہ بھی الٹ دیا گیا۔ ایک بار پھر سے میاں نواز شریف کی لاٹری لگ گئی اور اقتدار انہیں نصیب ہوا پر انہوں نے اس سارے عرصے میں اپنی بے تختی اور بے توقیری قیدی سے کچھ بھی سبق حاصل نہیں کیا تھا۔ اب ان میں اپنے سر پرست ضیاء الحق کی خود سری اور خود مختاری کی خوبو خوب بس چکی تھی۔ انہوں نے اب زیادہ کھل کر اقتدار کے تخت پر بیٹھتے ہی خود کو ماورائے قانون سمجھ لیا تھا اور جو جی میں آیا، جیسا چاہا کرنا شروع کردیا تھا۔ قانون کو تو ہر حکمران اپنے ’’گھر کی لونڈی‘‘ سمجھتا رہا ہے کیونکہ وہ خود قانون ساز ادارے کا رکن ہونے کے باعث سمجھتا ہے کہ قانون کا کیا ہے یہ تو ہم نے خود ہی بنایا ہے پھر اس سے جیسا چاہے کھیلیں ہمیں روکنے والا کون ہوگا اور ساتھ ہی یہ بھی سمجھتے ہیں کہ اس قانون کا اطلاق صرف عوام پر ہوتا ہے۔ حکمرانوں، سیاست دانوں، قانون سازوں اور اشرافیہ پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا البتہ حکمرانوں اور ان کی رسی پکڑ کر چلانے والوں کی منشا پر حکومت مخالفین پر جیسا چاہے ویسا استعمال ہوتا نظر آتا ہے۔
(جاری ہے )