پاکستانی ایف ایم ریڈیو اسٹیشنوں پر بھارتی گانیں بند کرنے کا فیصلہ ،وزارت اطلاعات کاخیرمقدم
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
اسلام آباد : وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کی جانب سے پاکستانی ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز پر بھارتی گانوں کی نشریات بند کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی جانب سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے سیکریٹری جنرل شکیل مسعود کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ تیزی سے بدلتی ہوئی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پی بی اے کا یہ محب وطن اقدام قابل تحسین ہے جو پوری قوم کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کرتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ فیصلہ قومی یکجہتی کے مضبوط جذبے کی عکاسی، ملک کی خودمختاری اور وقار کو اجاگر کرتا ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب آزمائش کی اس گھڑی میں قومی اتحاد، یکجہتی اور بنیادی اقدار کے فروغ کے لیے متحد ہیں۔
خط میں میڈیا سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا ہے جو قومی مفاد میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دے رہے ہیں اور اتحاد، امن اور حب الوطنی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
محکمہ ایکسائز جدت کی جانب گامزن، گاڑیوں کو ڈیجیٹل کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ
محکمہ ایکسائز اسلام آباد نے نظام کو جدید طرز پر لاتے ہوئے اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کو ڈیجیٹل کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ماضی میں گاڑی کی بک (کتاب) ہوا کرتی تھی پھر سمارٹ کارڈ متعارف کروائے گئے اور اب ڈیجیٹل کارڈز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے محکمہ ایکسائز نے ابھی ابتدائی طور پر گاڑی کا ڈیجیٹل کارڈز لانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ڈیجیٹل ریکارڈ گاڑی مالک کے موبائل والٹ میں ڈیجیٹل کارڈز کی صورت میں محفوظ ہو گا اور ایسے میں کار مالک کو اپنے ساتھ گاڑی کے کاغذات یا کارڈ رکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ڈیجیٹل کارڈ اسلام آباد کے تمام ڈیجیٹل پارکنگ پلازوں سے منسلک ہوں گے اور گاڑی پارک کرنے پر پارکنگ فیس ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعے ادا کرنے کا آپشن موجود ہو گا، اس کے علاوہ اس گاڑی کے کتنے ٹریفک چالان ہوئے اور ان کی کیا تفصیلات ہیں یہ بھی ڈیجیٹل کارڈ میں گاڑی کے مالک کو دستیاب ہوں گی۔ڈائریکٹر محکمہ ایکسائز بلال اعظم کے مطابق اسلام آباد ایکسائز آفس میں آئے روز جدت لائی جا رہی ہے، ڈیجیٹل کارڈز کے اجراء سے گاڑیوں کے مالکان کو گاڑی کے کاغذات محفوظ رکھنے میں آسانی ہو گی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ اب اسلام آباد میں گاڑیوں کے ڈیجیٹل کارڈز ہی کو ترجیح دی جائے گی، اگلے مرحلے میں گاڑیوں کے ٹرانسفر کا عمل بھی ڈیجیٹلائز کیا جائے گا جس کے بعد گاڑی کی اونرشپ ٹرانسفر کے لیے ایکسائز دفتر آنے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ گاڑی بیچنے اور خریدنے والا بائیو میٹرک تصدیق گھر بیٹھے موبائل پر کر سکے گا اور گاڑی ٹرانسفر ہو جائے گی۔