پاکستان کا قومی پرچم بردار کارگو بحری جہاز بھارتی بندرگاہ پر موجود
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
کراچی:
پاک بھارتی کشیدگی اور جنگ کے بادل منڈلانے کے باوجود پاکستان کا پرچم بردار کارگو بحری جہاز بھارتی بندرگاہ کلکتہ کی پورٹ پر موجود ہے جہاں کوئلہ اتارنے کا عمل جاری ہے۔
پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باوجود انڈو پاک میری ٹائم پروٹوکول پر عمل جاری ہے، 2008ء میں طے ہونے والے اس پروٹوکول کے تحت دونوں ممالک کے پرچم بردار بحری جہاز ایک دوسرے کی بندرگاہ پر جاسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا مال بردار بحری جہاز سبی چینی کارگو کی ترسیل کے لیے بھارتی بندرگاہ پر موجود ہے، پاکستانی پرچم بردار بحری جہاز کا چارٹر ایگری منٹ حالیہ کشیدگی سے قبل طے کیا گیا اور پاکستانی بلک کارگو جہاز 'سبی' ملائشیا سے 26 ہزار ٹن کوئلہ لے کر کلکتہ کی بندرگاہ ہالدیہ پہنچا ہے۔
ذرائع پی این ایس سی کے مطابق سبی جہاز چارٹر پر ہے جوکہ موجودہ کشیدگی سے قبل ہوا، پی این ایس سی سرکاری احکامات اور پالیسیز کے تحت عمل پیرا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بحری جہاز
پڑھیں:
ایل او سی پر کشیدگی، پاک بھارت ڈی جی ایم اوز میں رابطہ و بات چیت
فائل فوٹو۔لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے دوران پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی ہاٹ لائن پر بات چیت ہوئی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے حالیہ واقعات پر پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا گزشتہ روز رابطہ ہوا اور ایل او سی پر حالیہ کشیدگی پر گفتگو ہوئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب بھارت نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے ایل او سی کے کیانی، منڈل سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔