پاک فوج جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ‘ مجید نظامی نظریاتی سر حدوں کے سپہ سالار : کرنل ندیم قادری
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) تحریک پاکستان کے رہنما اخبار روزنامہ نوائے وقت گروپ نے بھارت کا تکبر خاک میں ملانے پر پاک افواج اور غیور پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ’’فتح مبارک‘‘ کا جشن منایا۔ مجید نظامی ہال میں نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، تمغہ امتیاز نے تمام شعبوں کے سربراہان اور کارکنوں سے مل کر معرکہ حق کی شاندار کامیابی کا کیک کاٹا۔ پاک افواج کی کامیابیوں کے تذکرہ پر ہال تالیوں سے گونجتا رہا۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے کہا پاک افواج نے بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن’’ معرکہ حق ‘‘ کا آغاز کیا تو نوائے وقت آہنی دیوار بن کر پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوا۔ پاک افواج کے آرمی چیف جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں تو مجید نظامی اور ان کی اکلوتی صاحبزادی رمیزہ مجید نظامی نظریاتی سرحدوں کی سپہ سالار ہیں۔ پاک افواج کی طرف سے بھارت کو دن کی روشنی میں شکست فاش دینے کی خوشی میں کیک کاٹنے کی تقریب میں سینئر ساتھیوں انچارج ایڈیٹوریل سعید آسی ، چیف نیوز ایڈیٹر و کالم نویس دلاور چودھری، ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود، آئی ٹی ہیڈ قیصر ندیم، ہیڈ آف اکاؤنٹس اینڈ آپریشنز شعیب اسلم، سپیشل کارسپانڈنٹس فیصل ادریس بٹ و خاور عباس سندھو، ہیڈ آف اکاؤنٹس شاہد انجم تارڑ، ایڈیٹر پھول شعیب مرزا، سینئر منیجر مارکیٹنگ عامر ادریس و عثمان مسعود، منیجرز سرکولیشن عابد نذیر سندھو و صغیر امجد، فہمید ولسن جانسن، ایچ آر سٹاف محمد مشتاق و محمد سلیم، آپریشن کوآرڈینیٹر حافظ عبدالباسط، حاجی محمد امین، محمد عباس سمیت سٹاف کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) ندیم قادری نے کہا پہلگام واقعہ کے بعد چھ اور سات مئی کی رات بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کر کے بیگناہ شہریوں جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں شہیدکر دئیے۔ مسلح افواج نے دفاع کرتے ہوئے بھارت کے تین رافیل سمیت پانچ جہاز مار گرائے۔ بھارت نے حواس باختہ ہو کر ڈرونز سے حملہ کر دیا اور 84 ڈرونز پاکستان بھجوائے جو پاک افواج نے کامیابی سے اہداف پر پہنچنے سے پہلے تباہ کر دئیے۔ بھارت اس ہزیمت پر اپنے ہو ش و حواس کھو بیٹھا اور 9مئی کی صبح ایک بار پھر میزائلوں سے حملہ کر دیا۔ جس کے بعدآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دس مئی کو نماز فجر کے بعد ’’آپریشن بنیان مرصوص ‘‘ کا حکم دیا۔ پاک افواج اور پاک فضائیہ نے بھارت میں فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا، یہ حملہ اتنا تابڑ توڑ تھا کہ بھارت بوکھلا گیا اور امریکہ کو مصالحت کے لئے منتیں ترلے شروع کر دئیے۔ پاکستانی فوج نے چار دن دفاع کیا اور صرف ایک بار حملہ کیا جس میں اپنی طاقت کا صرف 10 فیصد استعمال کیا اور بھارت کے چھکے چھوٹ گئے اور جنگ لڑنے سے ہاتھ کھڑے کر دئیے۔ بھارت کا اس مختصر جنگ میں 83 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، جس کے بعد شکست خوردہ بھارتی فوج کی ترجمان کرنل صوفیہ قریشی میڈیا کے سامنے آئیں اور کہا کہ بھارت مزید تناؤ نہیں چاہتا۔ امریکہ جو پہلے کہہ رہا تھا کہ اس کا پاکستان اور بھارت کی جنگ سے کوئی تعلق نہیں وہ فوری مصالحت کے لیے کود پڑا اور یوں بھارتی درخواست پر جنگ بندی ہو گئی۔کرنل (ر) ندیم قادری نے کہا کہ بدروحنین سے خیبر تک فاتح خیبر کے وارث سادات گھرانے کے چشم و چراغ سید عاصم منیر کی شیر کی طرح چنگھاڑتی قیادت نے پاکستان کی جنگی برتری کی دھاک بٹھا دی ہے اور بھارت جیسے کئی گنا بڑے دشمن کو ناک رگڑنے پر مجبور کر دیا ہے۔ کرنل (ر) ندیم قادری نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قیام کی تحریک سے لے کر، دوقومی نظریہ، استحکام پاکستان اور دشمن بھارت سے جنگ تک ہر اہم موقع پر نوائے وقت نے ریاست کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔ پاک افواج جب بھی میدان جنگ میں آئیں تو بانی نوائے وقت حمید نظامی، معمار نوائے وقت و آبروئے صحافت مجید نظامی سے لے کر ان کی اکلوتی صاحبزادی منیجنگ ڈائریکٹر و ایڈیٹر رمیزہ مجید نظامی نے تحفظ پاکستان کے لئے حکومت پاکستان، افواج پاکستان سمیت قومی سلامتی کے ہر ادارے اور قوم کے ساتھ مل کرکلیدی کردار ادا کیا ہے۔ مسلح افواج جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے تو رمیزہ مجید نظامی کی قیادت میں نوائے وقت نظریاتی سرحدوں کا محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سپہ سالار جنرل عاصم منیر جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے ٹینک پر کھڑے ہوئے تو امام صحافت مجید نظامی کا وہ تاریخی جملہ یاد آیا جب انہوں نے کہا تھا کہ اگر وہ بھارت گئے تو ٹینک پر بیٹھ کر جائیں گے۔ ہمارے دوستوں آئرن برادر چین، ترکی، آذربائیجان اور دیگر نے جس طرح پاکستان کا ساتھ دیا وہ قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہ پاک افواج نے اپنی صلاحیتوں کا دنیا بھر میں لوہا منوایا، ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جسے دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ بطور قوم اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی خامیوں کو دور کر کے دنیا کی بہترین قوم بن کر دکھائیں، قوم سے انہیں بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ آئیں ہم آج سے عہد کریں کہ ہم گلیوں، سڑکوں، عوامی مقامات پر کوڑا نہیں پھینکیں گے۔ کیونکہ صفائی نصف ایمان ہے، ٹریفک قوانین کی پیروی کریں گے، ملاوٹ نہیں کریں گے، خوش اخلاقی کا مظاہرہ کریں گے، لڑائی جھگڑے میں نہیں پڑیں گے، آپس میں اتحاد، اتفاق سے رہیں گے، بدیانتی اور دھوکہ بازی نہیں کریں گے، ایک دوسرے کا احترام کریں گے، اپنی زندگی اسلام کے مطابق گزاریں گے۔ کرنل ندیم قادری نے آخر میں نیوز روم ، ایڈیٹوریل، مارکیٹنگ، رپورٹنگ، پریس سمیت دیگر تمام شعبوں کی شاندار کارکردگی پر سٹاف کو مبارکباد دی۔کرنل (ر) ندیم قادری نے بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینے میں شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے افسروں و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ خاص طور پر پاک فضائیہ کے پائلٹ کامران مسیح کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو سراہا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ندیم قادری نے کہا پاک افواج نوائے وقت نے بھارت افواج نے کریں گے کر دئیے کہا کہ کے لئے
پڑھیں:
پاکستان کی فتح اور شہباز شریف کا فاتحانہ خطاب
10اور11مئی 2025 کی درمیانی شب ، گیارہ بجے کے بعد، وزیر اعظم ، جناب محمد شہباز شریف، نے قوم سے جو خطاب کیا ، شاندار، موثر اور قابلِ تحسین تھا۔ ساری پاکستانی قوم اِس خطاب کی منتظر تھی۔ خطاب کا ہر لفظ نگینے کی طرح چنیدہ تھا اور براہِ راست قوم کے دل پر بیٹھا ۔ یہ خطاب بجا طور پر فاتح پاکستانی قوم کے دل و دماغ کی ترجمانی تھی ۔
10مئی 2025 کا دن پوری پاکستانی قوم کے لیے اُسی طرح شادمانی کا دن تھا جیسے 28مئی1998 کا دن مسرتوں بھرا تھا ، جب پاکستان نے جناب نواز شریف کی قیادت میں ، بھارت سے زیادہ، ایٹمی دھماکے کیے۔ یہ10مئی کا دن اور وہ28مئی کا دن ، دونوں تاریخیں پاکستان کے ساتھ عالمِ اسلام ، عالمِ عرب کے لیے بھی حقیقی خوشی اور فتح کا باعث بنی ہیں۔ لاریب۔ عالمِ اسلام پاکستان کی کامیابی میں اپنی کامیابی اور پاکستان کی مسرت میں اپنی مسرتیں دیکھتا ہے۔آج پاکستان اور عالمِ اسلام اس لیے خصوصاً خوش ہیں کہ 10مئی کو پاکستان نے بے لگام ، کذاب اور مسلم دشمن بھارت کے منہ میں ،فاتحانہ عسکری طاقت کے ساتھ ، لگام ڈالی ہے ۔
10مئی2025 کا دن درحقیقت پاکستان، پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کی پُر شکوہ فتح کا دن ہے۔ اس روز افواجِ پاکستان اور پاکستان بھر کے عوام نے دُنیا پر ثابت کر دیا کہ پاکستان حقیقی طور پر بُنیانِ مرصوص ہے۔ افواجِ پاکستان نے خونریز مسلسل بھارتی جارحیت کا منہ موڑنے اوردندان شکن جواب دینے کے لیے ’’آپریشن بُنیانِ مرصوص‘‘ کے زیر عنوان چنیدہ بھارتی مراکز کو اہداف بناکر اقوامِ عالم پر ثابت کر دیا کہ دشمن کے خلاف صف آرا افواجِ پاکستان حقیقی طور پر اور بامعنی انداز میں سیسہ پلائی ہُوئی عسکریات ہیں : ایک ثابت شدہ بُنیانِ مرصوص!
6اور7مئی2025کی درمیانی شب ، رات کی تاریکیوں میں ، کمینے دشمن بھارت نے پاکستان کے کئی مقامات پر میزائلوں سے حملے کیے تو جواب دینے کے لیے پاکستان نے صبر اور اعراض سے کام لیا ۔پاکستانی فضائیہ کے شاہین اگرچہ جارح بھارت کے پانچ لڑاکا طیارے بھسم کر چکے تھے ۔ ان میں فرانسیسی ساختہ ’’رافیل ‘‘ جنگی جہاز کا پاکستانی جانباز شاہینوں کے مقابل شکست کھا کر زمیں بوس ہونا بھارت میں صفِ ماتم بچھانے کا باعث بن گیا۔ نریندر مودی ، مقتدر بی جے پی اور انڈین آرمی، سبھی، ندامت میں بَل کر رہ گئے۔ انتقام اور شرمندگی سے مغلوب ہو کر بھارت نے پھر جنگی ڈرونز سے پاکستان کے مختلف شہروں پر حملے کیے۔
افواجِ پاکستان اور پاکستانی فضائیہ کے جہاندیدہ دیدہ وروں نے مگر سب حملہ آور ڈرونز اپنی سرزمین پر گرا دیے ۔ اِس سے بھارت کو اپنے عوام اور اقوامِ عالم کے سامنے مزید شرمندگی اُٹھانا پڑی۔ بتایا گیا ہے کہ گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز کی تعداد 70سے زائد ہے۔ مبینہ طور پر ایک بھارتی ڈرون کی قیمت ایک کروڑ 80لاکھ بھارتی روپے ہے۔ ہم اِسی سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہِ صرف ڈرونز کی مَد میں، پاکستان نے تین دنوں میں بھارت کو کتنا بڑا مالی و فوجی نقصان پہنچایا ہے ۔ بھارت یہ خسارہ کبھی فراموش نہیںکر سکے گا۔
بھارت کی مسلسل دراندازیوں ، زیادتیوں اور حملوں کے باوصف پاکستان اور افواجِ پاکستان نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا ۔ پاکستان کی فیصلہ ساز قوتیں بجا اور مستحسن انداز میں سوچ رہی تھیں کہ یہ جنگ مزید نہ پھیلے ۔ امریکہ و مغربی ممالک سمیت اقوامِ عالم کی بھی یہی نیت اور سوچ تھی ۔ حکومتِ پاکستان کے ترجمانوں ( بشمول عطاء اللہ تارڑ) اور افواجِ پاکستان کے ترجمان ( لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری)نے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کے سامنے تفصیلی ،بار بار پریس کانفرنسیں کرکے دُنیا کو یہ باور کروانے کی مستحسن کوشش کی کہ بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان مکالمے واعراض کو ترجیح دے رہا ہے ۔
دُنیا میں جو جو قوتیں اور شخصیات پاک بھارت جنگ رکوانے کی سعی کررہی تھیں، پاکستان ان کوششوں کی حوصلہ افزائی اور تعریف کررہا تھا ۔ مگر اِس سب کوششوں کے باوجود بھارت باز نہ آیا ۔ اُس نے شائد پاکستان کے صبر کو کمزوری سمجھ لیا تھا؛ چنانچہ شہ پا کراُس نے پاکستان پر پھر حملہ کیا تو جری افواجِ پاکستان شیر کی مانند اپنے تیار کچھار سے نکلیں اور اپنے دشمن پر حملہ آور ہو گئیں۔ پاکستان کے آزمودہ میزائل ( فتح وَن) قہر بن کر بیک وقت کئی بھارتی شہروں ( از قسم :آدم پور، صورت گڑھ، اُدھم پور،وغیرہ اورکئی بھارتی ائر بیسز و ائر فیلڈز) پر برسے تو دشمن اور اُس کی جملہ فوجی تنصیبات کھائے ہُوئے بھوسے کی مانند بن کر رہ گئے۔
تب بھارت کے ہوش ٹھکانے لگے ۔ اور تبھی بھارتی افواج کی ترجمان ( کرنل صوفیہ قریشی) نے بھارتی ٹی وی پر باقاعدہ اعلان کیا: اگر پاکستان مزید حملے نہ کرے تو بھارت بھی جواب نہیں دے گا۔پاکستان بھی جب یہی اسلوب اختیار کررہا تھا تو بھارت کے کانوں پر جُوں تک نہیں رینگ رہی تھی ۔ اُس کا زُعم اور تکبرو غرور آسمانوں کو چھُو رہا تھا ۔ پاکستانی فتح وَن میزائلوں کی بوچھاڑ نے بھارتی نخوت و تکبر خاک میں ملا دیا۔ سچ ہے لاتوں کے بھُوت باتوں سے نہیں مانتے !
سیز فائر کی خبر تو10مئی کی سہ پہر ہی آگئی تھی مگر اِس کا اعلان کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان نے مزید صبر اور تحمل سے کام لیا۔ نجی ٹی ویوں پر یہ خبریں بھی آ گئی تھیں کہ وزیر اعظم ، جناب شہباز شریف، فتح کا اعلان کرنے کے لیے باقاعدہ قوم سے خطاب فرمائیں گے۔ یہ خطاب سامنے آتے آتے رات کے سوا گیارہ بج گئے ۔
فتحیابی اور مسرت کے نشے سے سرشار مگر قوم رات گیارہ بجے بھی جاگ رہی تھی۔ وزیر اعظم صاحب نے نہائت نپے تُلے الفاظ میں فتح کا اعلان کیا ۔ اللہ کریم کی بے پناہ کرم فرمائیوں اور کرم نوازیوں کا شکر بھی ادا کیا ۔ تینوں مسلّح افواج کے جوانو ںافسروںاور تینوں مسلّح افواج کے سربراہوں کی جرأتوں کو احترام و اکرام سے سیلوٹ کیا۔پاکستان بھر کی سیاسی جماعتوں اور اُن کے لیڈروں کے تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا اور خصوصاً اپنے قائد ، جناب نواز شریف ، کی رہنمائی کو بھی یاد رکھا۔ جناب شہباز شریف نے دل کی گہرائیوں سے امریکی صدر (ڈونلڈ ٹرمپ)، سعودی فرمانروا و سعودی کراؤن پرنس (جناب شاہ سلمان و محمد بن سلمان)، برطانوی وزیر اعظم ( کیئر اسٹارمر) ، ترکیہ و قطر اور یو اے ای کے معزز سربراہوں کا نام لے لے کر بے حد شکریہ ادا کیا کہ اُن کی درمیان داری سے پاک بھارت جنگ بندی معرضِ عمل میں آئی ہے ۔
قوم سے خطاب کرتے ہُوئے وزیر اعظم پاکستان ، شہباز شریف، کے اَنگ اَنگ سے اعتماد اور خوشی جھلک رہی تھی ۔ صاف نظر آ رہا تھا کہ یہ تقریر ایک فاتح کی تقریر ہے ۔ چھ اور سات مئی کی درمیان شب جب بھارت نے پُر امن پاکستان پر حملہ کیا تھا تو امریکی صدر ِ ڈونلڈ ٹرمپ، نے اِس اقدام کو ’’شرمناک‘‘ قرار دیا ۔ اِسی سے مترشح اور عیاں ہو گیا تھا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی سازشوں اور حملوں کو امریکہ کی اشیرواد نہیں ملنے والی۔ ساری دُنیا نے بھی بھارتی جارحیت کی لعنت ملامت کی اور پاکستان کے صبر و اعراض کی تعریف و تحسین کی ۔ یوں پاکستان فوجی محاذ کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذ پر بھی سرخرو ہُوا ہے ۔ پاکستان آرمی کے سربراہ، جنرل سید عاصم منیر، ایک زبردست ہیرو کے طور پر قوم کے سامنے آئے ہیں ۔ ہمارا اصل فاتح۔ قوم جنرل عاصم منیر صاحب پر فخر کررہی ہے۔