UrduPoint:
2025-08-12@23:48:08 GMT
صدر مملکت اور وزیراعظم کا معرکہ حق کے شہدا کو خراج عقیدت پیش
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 مئی ۔2025 )صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے معرکہ حق میں مادر وطن کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے افواج پاکستان کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پر بلااشتعال بھارتی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ملکی سلامتی کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پوری قوم پاک فوج اور پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے.
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے، پاکستانی قوم اور مسلح افواج بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہیں، ہماری بہادر افواج نے قوم اور ملکی سالمیت کا کامیابی سے دفاع کیا ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص سے ہماری بہادر افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، بھارتی جارحیت نے پوری پاکستانی قوم کو مزید متحد اور مضبوط کر دیا، پاکستانی قوم اور اسکی بہادر افواج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں، ملکی سلامتی و خودمختاری پر ہونے والے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیں گے. صدر مملکت نے بھارتی حملوں کے دوران بچوں اور خواتین سمیت قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہارتعزیت اور زخمیوں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی دریں اثناءوزیر اعظم ہاﺅس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے شہدا کو خراج عقیدت جبکہ ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نہ صرف ملک کا بھرپور دفاع کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی. ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوانوں نے وطن کی حفاظت کا اپنی قوم سے کیا ہوا عہد پورا کیا مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی. انہوں نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 15 کم سن بچوں اور 7 خواتین سمیت 40معصوم لوگوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدائے وطن کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے اور انکے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے. شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص نے بھارت کو بھرپور جواب دیا اور دشمن کو واضح کر دیا کہ اسے خطے میں موجود دوسرے ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا، معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کی عددی برتری کی خوش فہمی اور غرور کو خاک میں ملا دیا، ہم پر امن قوم ہیں، مگر کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں.
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے معرکہ حق کو خراج
پڑھیں:
بھارتی جارحیت نے خطے کو خطرناک جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا، فیلڈ مارشل
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2025ء ) چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بھارت کی حالیہ جارحیت نے پورے خطے کو ایک خطرناک جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا، پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کا پُرعزم اور بھرپور جواب دیا، مستقبل کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ دورہ امریکہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” کی دہشت گرد سرگرمیوں، کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل اور کلبھوشن یادیو کیس کو بھارت کے منفی عزائم کی واضح مثالیں قرار دیا، فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی گئی جس پر عالمی سطح پر بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ بھارت خود کو دنیا کا رہنما کہنے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن اس کے اقدامات حقیقت کے بالکل برعکس ہیں، بھارت کی امتیازی پالیسیوں کے خلاف پاکستان نے ایک مؤثر اور کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے، مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور پاکستان آج بھی اس مؤقف پر قائم ہے۔(جاری ہے)
فیلڈ مارشل نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیونٹی برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے، بیرون ملک پاکستانی پاکستان کے عزت و وقار کا سرچشمہ ہیں اور ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، سوشل میڈیا دشمن عناصر کی جانب سے انتشار پھیلانے کا ذریعہ بن چکا ہے، نئی نسل کی سوچ اور ترجیحات کو سمجھنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعمیری اور پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے اور ممکنہ تجارتی معاہدے کے نتیجے میں بھاری سرمایہ کاری کی امید ہے، سعودی عرب، یو اے ای اور چین کے ساتھ جاری معاشی تعاون کو بھی سراہا گیا۔