لاہور: رشوت کی تقسیم پر جھگڑنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
---فائل فوٹو
لاہور کے ایک تھانے کے ڈیوٹی افسر سمیت تین اہلکار رشوت کے صرف ایک ہزار روپے کی تقسیم پر جھگڑ پڑے۔
پولیس کے مطابق تھانہ گڑھی شاہو کے اہلکاروں نے ناکے پر ایک رکشہ سوار کو روکا اور اس سے ایک ہزار روپے رشوت لے لی۔
معاملہ ڈیوٹی افسر سب انسپکٹر تک پہنچا تو اس نے بھی اہلکاروں سے حصہ مانگا جس پر دونوں اہلکاروں نے اسے دھکے دیے اور گالم گلوچ کی۔
واقعہ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے نوٹس میں آیا تو انہوں نے تینوں اہلکاروں کو معطل کر کے ڈی ایس پی گوجر پورہ سہیل کاظمی کو انکوائری کا حکم دے دیا۔
ایس پی کے مطابق انکوائری رپورٹ کی روشنی میں اہلکاروں کی خلاف کارروائی کی جائے گی۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
لاہور: گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو گولیاں مار کر خودکشی کرلی
لاہور:لاہور کے علاقے سندر میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو گولیاں مار کر خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق عثمان نامی شخص نے ایک سال قبل ایشاء نامی خاتون سے شادی کی تھی۔ عثمان نے پہلے ایشاء پر چار گولیاں چلائیں جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی، بعد ازاں اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔
فائرنگ اور چیخ و پکار کی آواز سن کر محلہ داروں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سندر اسد اقبال، انچارج انویسٹی گیشن انسپکٹر پاشا عمران اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق عثمان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ایشاء کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے کیونکہ زیادہ خون بہہ چکا ہے۔
ایس ایچ او اسد اقبال کے مطابق جائے وقوعہ سے عثمان کا لائسنس یافتہ پستول برآمد کر لیا گیا ہے اور واقعے کی قانونی کارروائی کے بعد مزید تفتیش جاری ہے۔