نجی حج اسکیم بحران کے حل کیلئے حافظ نعیم الرحمان کا وزیراعظم کو خط
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
لاہور:
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے نجی حج اسکیم کے بحران کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ سعودی ولی عہد سے براہ راست رابطہ کرکے مسئلے کو حل کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط میں کہا کہ وزیراعظم نجی حج اسکیم بحران کے حل کے لیے سعودی ولی عہد سے براہ راست رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی سعودی عرب بھیجی جائے، 67 ہزار پاکستانیوں کے حج کی سعادت سے محروم ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نائیجیریا کا حجاج کا مسئلہ حل ہوا، اعلیٰ سطح پر رابطے سے پاکستان کے لیے بھی گنجائش نکل سکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم ذاتی دلچسپی لے کر حجاج کی روانگی یقینی بنائیں، حکومت حجاج کی سعودی عرب بھیجی گئی رقوم کا بھی تحفظ کرے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ انتظامی غفلت میں ملوث افراد کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: حافظ نعیم الرحمان
پڑھیں:
وزیراعظم کا ہر سال 10 مئی کو یومِ معرکۂ حق منانے،شہداء اور زخمی کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے آپریشن “بنیان المرصوص” کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یومِ معرکۂ حق کے طور پر منانے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن پورے ملک میں جوش و جذبے، ملی وحدت اور قومی فخر کے ساتھ منایا جائے گا۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ ہماری بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے۔
انہوںنے اعلان کیا کہ 16 مئی بروز جمعہ کو یومِ تشکر کے طور پر منایا جائے گا۔ اس دن افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا اور ملک بھر میں خصوصی نوافل ادا کیے جائیں گے۔ عوام اللہ تعالیٰ کے حضور سجدۂ شکر بجا لائیں گے اور وطن کی ترقی و سلامتی کے لیے دعائیں کریں گے۔
وزیراعظم نے معرکۂ حق کے دوران شہید اور زخمی ہونے والوں کے لیے خصوصی شہداء پیکج کا اعلان کرتےہوئے کہاکہ عام شہری شہداء کے ورثاء کو 1 کروڑ روپے دیے جائیں گے، جبکہ زخمیوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو رینک کے مطابق 1 کروڑ سے 1.8 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ شہداء کے اہلخانہ کو گھر کی سہولت کے لیے 1.9 کروڑ سے 4.2 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک مکمل تنخواہ بمعہ الاؤنسز جاری رہے گی۔ شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی۔ ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔ زخمی اہلکاروں کو 20 لاکھ سے 50 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے بھارتی حملوں میں تباہ ہونے والے گھروں اور مساجد کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم یہ فرض پورا کریں گے۔ زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عزت، عظمت اور دفاع میں جس نے جو خدمات سرانجام دیں، ان کا قومی سطح پر اعتراف کیا جائے گا اور انہیں مناسب اعزازات سے نوازا جائے گا۔