ہاتھی والے WhatsAppFacebookTwitter 0 15 May, 2025 سب نیوز
تحریر: ظہور احمد برلاس
کہانی بہت پرانی ہے مگر سچی اتنی کہ مالک کائنات نے خود بیان کر کے ابد تک اس کی سچائی پہ مہر ثبت کر دی۔ یہ کہانی اس کے اپنے گھر کی ہے! روئے زمین پر اس کی سب سے محترم نشانی کعبہ پر یمن کے بد دماغ بادشاہ ابرہہ کے حملے کی ہے! یہ کہانی جن لوگوں کو بتائی گئی ان میں سے کسی نے اس پہ شک نہیں کیا کیونکہ جن لوگوں نے سنی اُن میں اُس کے بے شمارعینی شاہد بھی موجود تھے۔ ابرہہ چلا گیا اپنے پیچھے عرب میں نیتن یاہو اور عجم میں مودی چھوڑ گیا۔ ابراہہ نے کعبے کو نیست ونابود کرنے کی نیت سے مکہ پہ چڑھائی کی تو اُس کے ذہن میں یہ گھمنڈ تھا کہ گنتی کے یہ چند افراد جو اونٹوں اور بکریوں کو پال کر اپنا گزارہ کرتے ہیں، میری ساٹھ ہزار فوج سے کیا ٹکر لیں گے؟ جن کے گھروں میں چند دنوں کا راشن بھی نہیں وہ میری سپاہ کے محاصرے میں آخر کتنے دن زندہ رہ لیں گے؟ جن کے پاس بکریوں اور اونٹوں کو ہانکنے کے لئے کوئی ڈھنگ کی چھڑی بھی نہیں وہ میرے ہاتھیوں کا رستہ کیونکر روک پائیں گے؟ میں اُن کے پانی کے چشمے ہی اپنے قبضے میں کر لوں تو اُن کے اونٹ اور بکریاں بھی جان سے فارغ اور یہ خود بھی! ہاں میں اُن پہ ترس کھا کر اُن کی جان بخش سکتا ہوں اگر یہ اپنے کعبے کو بھول کر میرے بنائے ہوئے مندر کی طرف منہ پھیر لیں ! ابرہہ مر گیا مگر اپنے پیچھے نریندر مودی چھوڑ گیا اور ایک کہانی! مودی وہ کہانی صبح و شام ہمیں سناتا رہتا تھا میرے اتنے بڑے بت خانے کے سامنے کعبہ کی ان نشانیوں کی حیثیت ہی کیا ہے ؟ ہم ڈیڑھ ارب ، یہ چند کروڑ ہمارے سامنے کیسے کھڑے ہو سکتے ہیں؟ میری سَینا اَن گنت ، ان کے پاس گنتی کے فوجی، پھر ٹر ٹر کیسی؟ میرے جہاز بے شمار اور باکمال، اُن کے پاس ٹین کے ڈبے! یہ چاند کو حسرت سے دیکھنے والے، ہمارے ڈیرے چاند پہ! میرے خزانے لا محدود، یہ قرضوں میں دبے ہوئے بھوکے ننگے لوگ! میری ایک کلک پہ بارود کی ایسی برسات برسے کہ انہیں چھپنے کی جگہ نہ ملے! میں کچھ بھی نہ کروں اِن کا پانی بند کر دوں تو اِن کی فصلیں اجڑ جائیں، جانور مر جائیں اور یہ تڑپتے ہوئے میرے قدموں میں آگریں!! ہاں میں انہیں برداشت کر سکتا ہوں اگر یہ میری غلامی اور اسیری قبول کر لیں! مودی کی کہانی البتہ ادھوری تھی پوری کہانی تو دو جہانوں کا مالک بتا چکا ہے جو ہم دن میں کئی بار نمازوں میں دہراتے ہیں وہ کہانی جو ہماری مائیں ہمیں بچپن میں ہی یاد کرا دیتی ہیں! ابرہہ مر گیا اور مودی اپنی ادھوری کہانی کے نشے میں دھت اپنے ہاتھی لے کے اس پار مسجدوں پر چڑھ دوڑا اور پیچھے اس کے لگڑ بگڑ کیمروں کے سامنے اچھلنے لگے! وہ بھول گیا کہ یہ اُسی کعبہ کی نشانیاں ہیں جسے مٹانے کی دھن میں ابرہہ کے فوجی ہاتھیوں سمیت کھائے ہوئے بھس میں بدل گئے تھے! اِس دوران نماز کی طرف دھیان نہیں گیا یکدم خیال آیا تو مصلے پہ جا کھڑا ہوا پہلی رکعت میں لا محالہ سچی کہانی زبان پہ آگئی اَلَم تَرَ کَیفَ فَعَلَ رَبُّکَ بِاَصحٰبِ الفِیل عین اُس وقت یکے بعد دیگرے دو خوفناک دھماکے ہوئے اور میرے دل کے کو اڑ کھلنے لگے۔ ''نہیں میرے رب، میں نے نہیں دیکھا ، واقعی نہیں دیکھا، ہاں پڑھا ہے تیری آخری کتاب میں، دن میں کئی بار پڑھتا ہوں اور میرا ایمان ہے کہ ایسے ہی ہوا ہے جیسے تو مجھے بتا رہا ہے مگر سچی بات ہے کبھی دیکھا نہیں ،اِس لئے کہ میں اتنا ہی دیکھ پاتا ہوں جتنا تو مجھے دیکھنے کی توفیق دیتا ہے اُس سے آگے نہیں۔ ہاں مگر میرا ایمان ہے تو چاہے تو مجھے میری عمومی اور متعین حد سے آگے Beyond Visual Range بھی دکھا سکتا ہے۔'' میں نے جوں توں کر کے اپنی چند رکعتیں پوری کیں اور پھر بیڈ پہ لیٹ گیا۔ ایک لمحے کے لئے نیند نہیں آئی حتی کہ فجر کی اذانیں سنائی دینے لگیں۔ میں اندر سے ڈرا ہوا تھاکہ رات اُلٹی سیدھی باتیں سوچتا رہا کہیں میرا رب مجھ سے ناراض تو نہیں ہو گیا ہو گا۔ اتنے میں ایک دوست کا فون آگیا۔ میں نے اُس سے اپنی پریشانی کا اظہار کیا تو اُس نے کہا اٹھو اور جی بھر کے دیکھ لو اپنے رب کی نشانیاں!!آؤ دیکھو کہ ہاتھی ابابیلوں کے خوف سے کیسے بھاگ بھاگ کر اپنی ٹانگیں تڑوا رہے ہیں، دیکھ لو کہ ہاتھیوں کو آسمانوں سے گرنے والی ہر کنکری پہ اپنا نام لکھا نظر آ رہا ہے، دیکھ لو بہاولپور کے معصوم بچے ابابیلوں کا روپ دھار کر ہاتھی والے مودی اور اُس کے بد مست حواریوں کا پتہ پوچھ رہے ہیں۔
اٹھو دیکھو یہ کون لوگ ہیں جو ایک کاغذ کے ٹکڑے پر اپنے سب کچھ اللہ کے حوالے کرنے کا عہد کر کے روئے زمین کے سب سے بڑے بُت خانے کے محافظ سے ٹکر لینے کے لئے بیتاب ہیں۔ اللہ کی نظر میں کاغذ کے اِس ٹکڑے کی قیمت عرب وعجم کے سارے اُونٹوں سے بڑھ کر ہے، اس لئے کہ اس پہ اللہ سے کئے گئے عہد کو نبھانے کی قسم ہے ، اُس کے کعبہ اور کعبہ سے جڑی ہر نشانی کو ہاتھیوں سے محفوظ رکھنے کا عزم ہے۔ نشانیاں جوخنجر اب سے گوادر، پارہ چنار سے کراچی ہر گلی محلے میں ہیں دریائے سندھ ، جہلم اور کابل کے دونوں کناروں پہ ہیں۔ دیکھو یہ کون ہیں جو رات کے آخری پہر اپنے سارے خواب چھوڑ چھڑا کے آسمانوں کی بلندیوں پہ جا کے اپنے رب کو پکار پکار کے ہمارے خوابوں کی لاج رکھنے کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔یہ کون ہیں جو چیخ چیخ کے پوچھ رہے ہیں کہ ہماری مسجدوں کو لا وارث سمجھنے والو آؤ، باہر نکلو ہمارے بچوں، ہمارے سکولوں، ہمارے معصوم اور نہتے شہریوں کو بے آسراسمجھنے والو، اوپر دیکھو، یہ سارے ابابیل اللہ نے تمہاری اسی غلط فہمی کو دور کرنے کے لئے پال رکھے تھے۔ ابرہہ مر گیا مگر کعبہ قائم و آباد رہے گا کیونکہ یہ میرے رب کا فیصلہ ہے، رب کعبہ کے نام پہ بنی ہر نشانی بھی اسی طرح قائم و آباد رہے گی۔ پاکستان ایسی ہی نشانی ہے۔ تم اپنے ہاتھیوں پہ سوار ہو کے اس نشانی کو مٹانے آؤ گے تو یاد رکھو اللہ نے ابابیل اور کنکریاں بھی سنبھال رکھی ہیں ۔ہاں وہ تمہیں نظر نہیں آتیں کیونکہ اللہ نے تمہاری بصارت چھین لی ہے تم اپنی بدمست چنگھاڑ میں ابابیلوں کی آواز نہیں سن پاتے کیونکہ میرے رب نے تمہاری سماعت چھین رکھی ہے! اب ابابیلوں نے اللہ کے حکم سے اپنے پنجوں سے کنکریاں آزاد کر دی ہیں اور اُن کی چونچوں سے چہچہاؤں کی بجائے آگ برسنے لگی ہے تو تم بھی آؤ اب اپنے سٹیل کواپنی آنکھوں سے پگھلتا ہوا دیکھو، بے بسی سے کنکریٹ کی دیواروں کو دھول میں تحلیل ہوتے دیکھو، کانوں میں انگلیاں ٹھونس کے دھماکوں سے اڑنے والی خاک میں اپنی شکلیں پہچاننے کی کوشش کرو ۔اللہ نے تمہاری سماعت اور بصارت بحال کر دی ہے مگر صرف اپنی تباہی اور بربادی دیکھنے کی حد تک۔ ابرہہ مر گیا ، مودی اب تمہاری باری ہے! اور ہاں یاد رکھنا کہ تمہاری طرح ، تمہاری کہانیاں بھی جھوٹی ہیں۔ سچی اور پوری کہانی تو وہی ہے جو ہمیں رب کعبہ نے بتائی اور ہماری ماؤں نے ہمیں بچپن میں ہی اچھی طرح یاد کرا دی اور ہاں تدبیر بھی صرف میرے اللہ ہی کی مؤثر اور کارساز ہے! را ہو یا رافیل ، سب اس کی تدبیر کے سامنے ہیچ ہیں فیل ہیں! اَلَم تَرَ کَیفَ فَعَلَ رَبُّکَ بِاَصحٰبِ الفِیلروزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
WhatsAppFacebookTwitter پچھلی خبرحکومت اور عمران خان کے درمیان ڈیل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا واضح اعلان یہ خون تھا جو لفظوں سے بلند آواز میں بولا امن کیوں ضروری ہے یہ فوج ہماری ہے ترکوں کا ہیرو، اپنے گھر میں اجنبی! پہلگام کاخونیں ناٹک !! سندھ طاس معاہدے پر بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور شملہ معاہدے کی معطلی: قانونی نقطہ نظرCopyright © 2025, All Rights Reserved
رابطہ کریں ہمارے بارے ہماری ٹیم.ذریعہ: Daily Sub News
پڑھیں:
پاکستان صرف امت نہیں بلکہ دنیا کے تمام مظلوم انسانوں کا ترجمان ہوگا، حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اس کے عوام کو آزادی کے حقیقی مقاصد سے روشناس کرے، ہم نے مل کر فرسودہ نظام کو بدل کر ملک کو بانیان پاکستان کی امنگوں کا مرکز بنانا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 78 برس گزرنے کے باوجود پاکستان پر کرپٹ ٹولہ قابض ہے، قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اس کے عوام کو آزادی کے حقیقی مقاصد سے روشناس کرے، ہم نے مل کر فرسودہ نظام کو بدل کر ملک کو بانیان پاکستان کی امنگوں کا مرکز بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاگیرداروں اور خاندانی پارٹیوں نے جابرانہ نظام مسلط کر رکھا ہے، پاکستان ان شا اللہ بہت جلد دنیا کے نقشے پر حقیقی فلاحی اسلامی ریاست کے طور پر اُبھرے گا۔ امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان صرف امت نہیں بلکہ دنیا کے تمام مظلوم انسانوں کا ترجمان ہوگا۔