گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے گھرکے قریب سے انسانی جسم کی باقیات برآمد
اشاعت کی تاریخ: 16th, May 2025 GMT
نیو انگلینڈ(نیوز ڈیسک) معروف پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ساحل کے نزدیک واقع پُرتعیش گھر کے قریب انسانی جسم کی باقیات کی دریافت نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو انگلینڈ کے مختلف علاقوں میں حالیہ مہینوں میں لاشیں ملنے کے بڑھتے واقعات کے بعد علاقے میں کسی سیریل کلر کی ممکنہ موجودگی کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں۔
حالیہ واقعہ واچ ہل کے ایورٹ ایوینیو پر پیش آیا، جو ایک پرتعیش ساحلی علاقہ ہے اور جہاں ٹیلر سوئفٹ کی عالی شان رہائش گاہ بھی واقع ہے۔
پولیس کو یہاں ساحل پر ایک انسانی ٹانگ کی ہڈی ملی جو ٹیلر سوئفٹ کے گھر سے محض نصف میل کی دوری پر موجود تھی۔
حکام نے فی الحال کسی مجرمانہ سرگرمی کے شواہد کی تردید کی ہے، تاہم مقامی آبادی میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ’یہ جگہ ٹیلر سوئفٹ کے گھر اور اوشین ہاؤس سے صرف چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہاں ایسا کچھ ہو سکتا ہے، خاص طور پر واچ ہل جیسے محفوظ اور مہنگے علاقے میں‘۔
ٹیلر سوئفٹ یا انکی ٹیم کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
Post Views: 5.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
غیر قانونی سگریٹ برآمد، 11 ٹرکوں سے 2 کروڑ 50 لاکھ سگریٹ ضبط
اسلام آباد: ملک میں غیر قانونی سگریٹ برآمد ہونے کے ایک بڑے کیس میں کسٹمز انفورسمنٹ اور موٹروے پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 11 ٹرکوں سے تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ سگریٹ قبضے میں لے لیے۔ حکام کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر چار ٹرکوں کے ذریعے غیر قانونی سگریٹ پنجاب منتقل کیے جانے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ بعد ازاں نگرانی کا دائرہ وسیع کیا گیا، جس کے نتیجے میں مزید گاڑیوں کی تلاشی کے دوران مجموعی طور پر 11 ٹرکوں سے بڑی مقدار میں سگریٹ برآمد ہوئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ کھیپ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے پنجاب کے مختلف شہروں، جن میں لاہور، ملتان اور سرگودھا شامل ہیں، روانہ کی جا رہی تھی۔ حکام کے مطابق ترسیل کے لیے نجی ٹرانسپورٹ استعمال کی گئی۔
برآمد ہونے والے سگریٹ مختلف برانڈز پر مشتمل ہیں۔ متعلقہ ادارے ان برانڈز کے ٹیکس ریکارڈ، قانونی حیثیت، سپلائی چین اور ترسیلی نیٹ ورک کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان مصنوعات پر تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے تھے یا نہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد غیر قانونی تجارت، ٹیکس چوری اور اسمگلنگ کی روک تھام ہے۔ اس سلسلے میں ضبط شدہ سامان کی جانچ، متعلقہ دستاویزات کی تصدیق اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے غیر قانونی سگریٹ، ٹیکس چوری اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس مرحلے پر کسی فرد یا ادارے کے خلاف باضابطہ طور پر جرم ثابت نہیں ہوا، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔