پاک بھارت جنگ میں بہادر افواج نے پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ سرزمین وطن کا دفاع کیا،پارلیمنٹ نے بھی نہایت مثبت اور توانا کردار اداکیا، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی سینٹر عرفان صدیقی سے گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 17th, May 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا، اس حوالے سے پاکستان کی پارلیمنٹ نے بھی نہایت مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نےسینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج رائیونڈ میں ان سے ملاقات کی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند اقدام ہے۔ عوام کے نمائندوں نے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔(جاری ہے)
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔ سابق وزیراعظم نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کیا جس نے سچ پر مبنی بیانیہ کو دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے
پڑھیں:
شاہینوں نے 6 بھارتی طیارے گرا کر پیشہ وارانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی، شیخ وقاص اکرم
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ آج کا یوم تشکر قومی غیرت، دفاع اور آئین کی بالادستی کا دن ہے۔ پاکستان نے دشمن کو تاریخی جواب دیا، قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک شاہینوں نے 6 بھارتی طیارے گرا کر پیشہ وارانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔ دنیا نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا اعتراف کیا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ خان صاحب نے جیل میں رہ کر بھی مودی کو للکارا۔ جے-10C طیاروں کی شمولیت خان صاحب کی دوراندیشی کا ثبوت ہے۔ خان صاحب کے دور میں دفاع مضبوط اور طاقت کا توازن قائم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جنگی حالات میں سب سے زیادہ سوشل میڈیا سرگرمی پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس سے ہوئی۔ جنہیں فسطائی حکومت ’انتشاری‘ کہتی تھی، وہ وطن سے ان حکمرانوں سے زیادہ محبت کرتے ہیں۔ ان حکمرانوں نے اپنے کاروباری مفادات کی خاطر مودی کے خلاف زبان نہیں کھولی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ہزاروں سیاسی کارکن آج بھی قید ہیں۔ جمہوری آواز بلند کرنے والے کارکن جیلوں میں کیوں؟ اس قوم کی سلامتی کے لیے سیاسی حالات بھی ٹھیک کرنا ہوں گے۔ جب تک سیاسی انتقام بند نہ ہو ، قومی یکجہتی ممکن نہیں۔ بانی چیئرمین کے بیٹوں کو اُن سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ آج بانی چیئرمین کے بچوں کو اپنے والد کی خاطر بولنا پڑا۔ سیاسی سیز فائر صرف اسی وقت ممکن ہے جب یہ ظلم بند کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ سے سوال ہے، آپ کی ناک کے نیچے ماتحت عدالتوں میں یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس اس میں کیا کردار ادا کریں گے؟ اب ہماری نظریں اُن پر ہیں۔
’9 مئی میں کوئی ثبوت نہ ملا تو بانی چیئرمین کو پولی گراف ٹیسٹ کا سامنا ہوگا، ہم اس پولی گراف ٹیسٹ کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔ بانی چیئرمین اس قسم کے ٹیسٹوں سے نہیں ٹوٹیں گے۔ اس طرح کے فیصلے عدلیہ کی نیک نامی کا سبب نہیں بنیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع اور جمہوریت کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ہمارا آئندہ کا لائحہ عمل طے ہو چکا ہے، جلد اعلان کیا جائے گا۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بہت جلد تحریک کی کال دیں گے۔ اپنے وقت اور حالات کے مطابق تحریک کا اعلان کریں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی ایک گرینڈ اپوزیشن اتحاد چاہتے تھے۔ گرینڈ الائنس کے لیے جے یو آئی ف کو ڈی آئی خان میں نشستیں دینے پر بھی راضی تھے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں