پنجاب میں شدید گرمی کی لہر، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
اشاعت کی تاریخ: 17th, May 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب کے مختلف اضلاع اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجہ حرارت مسلسل خطرناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور سمیت کئی میدانی علاقوں میں موسم کی شدت سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے موسم میں کسی قسم کی بہتری کی توقع نہیں، بلکہ درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے۔ شہری علاقوں میں سورج کی تپش معمول سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، جبکہ ہوا میں نمی کی کمی نے گرمی کے اثرات کو دوچند کر دیا ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے شہریوں کو ہیٹ ویو کے ممکنہ خطرات سے خبردار کیا ہے۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق 19 مئی تک درجہ حرارت میں اضافے کا خدشہ ہے، اور بعض علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ درجہ حرارت، معمول کی نسبت 4 سے 7 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
گرمی کے ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے ماہرین صحت نے عوام کو محتاط رہنے کی تلقین کی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں،دھوپ میں سر کو کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپیں،پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں،بچوں، بزرگوں اور مریضوں کا خاص خیال رکھیں۔
طبی ماہرین نے واضح کیا ہے کہ گرمی کی شدت سے ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی مسائل جنم لے سکتے ہیں، جو بعض صورتوں میں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور ہیٹ ویو الرٹس پر نظر رکھیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:نیویارک ٹائمز نےآپریشن بنیان مرصوص کو پاک فوج کی بڑی کامیابی قراردیدیا
ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان، الرٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سمیت متعدد علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، جبکہ دریائے جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، حافظ آباد، سرگودھا اور خوشاب میں بارشیں ہو سکتی ہیں۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع جیسے چترال، دیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم اور مانسہرہ بھی ممکنہ بارشوں کی زد میں ہیں۔
مزید برآں، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور اور صوابی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ کے علاقوں کراچی، جامشورو، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر مقامی آبادی اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ’شکتی‘ شدت اختیار کر گیا
ادھر محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ’’شکتی‘‘ سے متعلق ساتواں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، طوفان نے گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مزید شدت اختیار کر لی ہے اور یہ اب ایک شدید طوفان کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
شکتی اس وقت کراچی کے جنوب مغرب میں تقریباً 390 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان آج شام تک شمال مغربی اور وسطی بحیرہ عرب کی جانب بڑھے گا، تاہم امکان ہے کہ کل سے یہ مشرق کی طرف رخ موڑنے کے بعد بتدریج کمزور پڑ جائے گا۔
احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل
این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے عوام، متعلقہ اداروں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی حالات پر نظر رکھیں اور حفاظتی اقدامات پر عمل کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر سے گریز اور ساحلی علاقوں میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔