پنجاب میں سورج زمین پر اُتر آیا، لاہور سمیت بڑے شہروں میں جھلسا دینے والی گرمی
اشاعت کی تاریخ: 17th, May 2025 GMT
لاہور:پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے جہاں درجہ حرارت روز بروز خطرناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے۔ سورج کی تپش نے بڑے شہروں سمیت بیشتر علاقوں میں عوام کو بے حال کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور دیگر میدانی علاقے اس وقت شدید موسمی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ سورج آگ برسا رہا ہے اور گرمی کے اثرات معمول سے کہیں زیادہ محسوس کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق 19 مئی تک درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔
ماہرین کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت کی کم سے کم سطح 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ 44 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز موسم میں کسی بہتری کی توقع نہیں۔ گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور بارش کا کوئی امکان نہیں، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
موسمیات اور طبی ماہرین نے عوام کو سخت احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ دھوپ میں نکلنے سے گریز، سر کو کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپنے، پانی اور مشروبات کے استعمال میں اضافہ اور دن کے گرم ترین اوقات میں غیر ضروری سرگرمیوں سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کی یہ لہر نہ صرف جسمانی تکلیف کا سبب بن سکتی ہے بلکہ شدید صورت میں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے احتیاط ناگزیر ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہیٹ ویو الرٹس پر نظر رکھیں اور پی ڈی ایم اے و محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
Post Views: 2.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کی گئی ہے
پڑھیں:
لاہور: گھر سے 8 تولے سونا اور 3 لاکھ کے بانڈ چوری، ملزمہ دو ساتھیوں سمیت کاہنہ سے گرفتار
لاہور:گلبرگ میں نوکرانی نے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر گھر سے 8 تولے سونا اور 3 لاکھ روپے کے پرائز بانڈ چرالیے اور فرار ہوگئے، پولیس نے ککڑ گاؤں کاہنہ سے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی گلبرگ کے مطابق خاتون ملزمہ سینٹ میری کالونی میں واقع گھر میں دو ماہ سے کام کر رہی تھی، ملزمہ نے اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر واردات کا پلان بنایا۔
چند روز قبل ملزمان گھر سے 8 تولے سونا، 3 لاکھ کے پرائز بانڈ چُرا کر فرار ہوگئے، کیمرا فوٹیج میں دو ملزمان کو نیلے شاپر میں چوری شدہ مال لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون ملزمہ کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کیا گیا، ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس نے ملزمہ کو ککڑ گاؤں سے گرفتار کیا، خاتون کی نشاندہی پر ساتھی ملزمان کو بھی کاہنہ سے گرفتار کرلیا گیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کے مطابق ملزمان سے 8 تولے سونا، 3 لاکھ کے پرائز بانڈ، 2 چوری شدہ موٹر سائیکلیں، 2 پستول برآمد کرلیے گئے، ملزمان کومل بی بی، عثمان اور شاہد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔