الاسکا 64 دن کیلئے سورج سے محروم
اشاعت کی تاریخ: 21st, November 2025 GMT
الاسکا کے انتہائی شمالی شہر اُتقیاغوِک میں رواں سال کا آخری سورج غروب ہو چکا ہے، جس کے بعد یہ امریکی بستی تقریباً 64 روز تک سورج کی روشنی سے محروم رہے گی۔
آرکٹک سرکل میں شروع ہونے والی قطبی رات کے باعث اب 22 جنوری 2026 تک سورج افق سے اوپر نہیں آئے گا، البتہ شہر مکمل تاریکی میں نہیں ڈوبے گا۔ ہر روز چند گھنٹے کے لیے سیول ٹوائِلائٹ کی ہلکی نیلی روشنی دکھائی دیتی رہے گی، جو عام طور پر فجر سے قبل نظر آتی ہے۔
زمین کے محوری جھکاؤ کے باعث اس عرصے میں سورج کی شعاعیں اُتقیاغوِک تک نہیں پہنچ پاتیں۔ فیئربینکس سے تقریباً 500 میل شمال مغرب میں واقع اس شہر کی آبادی لگ بھگ 4,400 ہے، جبکہ اس کے علاقے میں ایسے تاریخی آثار بھی ملتے ہیں جو 500 عیسوی کی تہذیب سے وابستہ سمجھے جاتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 نومبر کو سورج غروب ہونے کے بعد اب شہر شدید سرد اور تاریک موسم میں داخل ہو گیا ہے۔ سورج کی روشنی نہ ملنے کے باعث آرکٹک خطے میں درجہ حرارت تیزی سے گر جاتا ہے اور موسم انتہائی سخت ہو جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قطبی رات کا یہ طویل دور قطبی بھنور کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سورج نہ ہونے کی وجہ سے ٹروپوسفیئر کے اوپر موجود فضا شدید ٹھنڈی ہو جاتی ہے، اور کبھی کبھار یہ برفانی ہوائیں اسٹریٹوسفیئر سے نیچے اتر کر امریکا کے دیگر علاقوں تک پھیل جاتی ہیں، جس سے سخت سردی اور برف باری کی لہریں پیدا ہوتی ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ جس طرح سردیوں میں اُتقیاغوِک کے 60 سے زائد دن تاریکی میں گزرتے ہیں، وہیں گرمیوں میں صورتحال بالکل برعکس ہوتی ہے۔ گرم موسم میں یہاں تقریباً تین ماہ تک سورج غروب نہیں ہوتا اور شہر 84 دن تک مسلسل روشنی میں نہاتا رہتا ہے۔ اسی دوران یہاں امریکا کی سب سے شمالی امریکن فٹبال ٹیم، بیرو ہائی اسکول، اپنے ہوم میچز بھی کھیلتی ہے۔
شہر میں اگلا طلوعِ آفتاب 26 جنوری 2026 کو دوپہر 1:23 بجے متوقع ہے، جب دو ماہ طویل تاریکی کا یہ مرحلہ اختتام پذیر ہوگا۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
محکمہ موسمیات نے دسمبر میں بارشوں کی پیشگوئی کردی
لاہور میں فضائی آلودگی برقرار تاہم محکمہ موسمیات نے دسمبر میں بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس 200 سے زائد ریکارڈ کیاجارہا ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں شرح 400 سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے دیگر شہروں گوجرانوالہ، گجرات اور ملتان میں بھی فضا زہرآلود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر کے شروع میں بارشوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتے تک ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اورگردونواح میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم بھی خشک رہے گا۔
مری، گلیات اور گردو نواح موسم سرد رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور چند مقامات پر ہلکی دھند متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کےبیشتراضلاع میں موسم خشک رہےگا تاہم پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنےکا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کےبیشتراضلاع میں موسم خشک اورشمالی اضلاع میں سرد رہنےکا امکان ہے۔