’’وہ اب خوبصورت نہیں رہی‘‘، ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیلر سوئفٹ پر ایک اور وار
اشاعت کی تاریخ: 18th, May 2025 GMT
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ پر ایک بار پھر طنز کے تیر چلا دیے۔
مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر کیے گئے ایک تازہ بیان میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ جب سے انہوں نے ٹیلر سوئفٹ کو ناپسند کرنے کا اظہار کیا ہے، تب سے ان کی مقبولیت میں کمی آگئی ہے۔
اپنے پیغام میں ٹرمپ نے لکھا: ’’کیا کسی نے نوٹ کیا کہ جب سے میں نے کہا ’مجھے ٹیلر سوئفٹ سے نفرت ہے‘، تب سے وہ ’ہاٹ‘ نہیں رہی؟‘‘
یاد رہے کہ 2024 کے صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران ٹیلر سوئفٹ نے ڈیموکریٹک امیدوار اور اُس وقت کی نائب صدر کمیلا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا تھا، جس پر ٹرمپ سخت برہم نظر آئے تھے۔
اگرچہ ابتدا میں ان کی ٹیم نے ٹیلر کی حمایت کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی، مگر بعد میں ٹرمپ نے کھل کر کہا: ’’مجھے ٹیلر سوئفٹ سے نفرت ہے‘‘۔
ٹرمپ نے صرف ٹیلر پر ہی نہیں، بلکہ معروف گلوکار بروس اسپرنگسٹین پر بھی کمیلا ہیرس کی حمایت کے بعد تنقید کی تھی۔ بروس نے یورپی کنسرٹ کے دوران ٹرمپ کے دورِ صدارت کو ’’آمرانہ رجحانات‘‘ کا حامل قرار دیا تھا۔
ٹرمپ کا یہ انداز ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ جب بات ان کے مخالفین کی ہو، تو چاہے وہ سیاستدان ہوں یا پاپ اسٹارز، کوئی بھی ان کے حملوں سے محفوظ نہیں!
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ٹیلر سوئفٹ
پڑھیں:
ٹرمپ نے سعودی عرب سے سول جوہری معاہدہ ابراہیمی معاہدہ میں شمولیت سے مشروط کر دیا
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ مجوزہ سول جوہری معاہدے کومعاہدہ ابراہیمی (Abraham Accords) میں سعودی شمولیت سے مشروط کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کو کسی بھی صورت یورینیم افزودگی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا کے محکمہ توانائی اور سعودی عرب کے درمیان زیر غور سول جوہری معاہدہ صرف پرامن اور غیر فوجی مقاصد کے لیے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایران، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے سول جوہری پروگراموں کی طرز پر ہوگا، تاہم اس میں یورینیم افزودگی کی اجازت شامل نہیں ہوگی۔
امریکی صدر نے کہا کہ معاہدے کی منظوری ضرور دی جائے گی، لیکن اس کی بنیادی شرط یہ ہوگی کہ سعودی عرب باعزت اور باہمی احترام پر مبنی معاہدہ ابراہیمی میں شامل ہو۔ ان کے مطابق امریکا کو ایسے سول جوہری مراکز پر کوئی اعتراض نہیں جو مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے قائم کیے جائیں اور جن میں یورینیم افزودہ نہ کیا جائے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر سعودی عرب معاہدہ ابراہیمی میں شامل ہوتا ہے تو یہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہوگی۔ بیان میں کہا گیا کہ حالیہ علاقائی پیش رفت کے بعد خطے میں امن کے دائرے کو مزید وسعت دینے کا موقع پیدا ہوا ہے، تاہم اسرائیلی حکومت نے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان مجوزہ سول جوہری معاہدے پر براہ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ادھر امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ سعودی عرب کے ساتھ 30 سالہ سول جوہری معاہدے کی اصولی منظوری دے چکے ہیں، جسے اب کانگریس کی منظوری درکار ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کی مالیت کئی ارب ڈالر ہو سکتی ہے اور اس کے ذریعے سعودی عرب کو جوہری توانائی کی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل ہوگی۔
تاہم اسرائیل میں اس مجوزہ معاہدے پر تحفظات بھی سامنے آئے ہیں۔ سابق اسرائیلی وزیر دفاع اویگدور لائبرمین نے اسے اسرائیل کے لیے اسٹریٹیجک خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر فوجی جوہری پروگرام کی ابتدا سول جوہری پروگرام سے ہوتی ہے اور اگر سعودی عرب کو اپنی سرزمین پر یورینیم افزودگی کی اجازت دی گئی تو اس سے مشرق وسطیٰ میں جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ معاہدہ ابراہیمی کا آغاز 2020 میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں ہوا تھا، جس کا مقصد اسرائیل اور مختلف عرب و مسلم ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور سکیورٹی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ اس معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات، بحرین، مراکش اور سوڈان اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لا چکے ہیں، جبکہ سعودی عرب کی ممکنہ شمولیت کو خطے کی سفارتی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔