ایم ڈبلیو ایم کی نصاب تعلیم کونسل کا اجلاس، لاہور میں کانفرنس کے انعقاد کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 18th, May 2025 GMT
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے اعلان کیا کہ 18 جون کو لاہور میں صوبہ پنجاب کی سطح پر ایک عظیم الشان تعلیمی کانفرنس منعقد کی جائیگی۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کی نصاب تعلیم کونسل نے 18 جون کو لاہور میں صوبائی تعلیمی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ آج ایم ڈبلیو ایم کی نصاب تعلیم کونسل کا آن لائن اجلاس کنوینئر علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں کونسل کے اراکین غلام حسین علوی، علامہ حسن رضا ہمدانی، مرکزی سیکرٹری تعلیم کاچو زاہد علی، علامہ جعفر رضا علوی، سید زاہد حسین زیدی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ اصغر حسین شہیدی اور مولانا شمس الدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں گذشتہ پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ چار ماہ کے منصوبے سمیت سالانہ پروگرام پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے اعلان کیا کہ 18 جون کو لاہور میں صوبہ پنجاب کی سطح پر ایک عظیم الشان تعلیمی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ جس میں ماہرین تعلیم، علمائے کرام، ذاکرین عظام، قومی و ملی تنظیموں کے نمائندگان، وکلاء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شریک ہوں گی۔
علامہ ڈومکی نے اس موقع پر کہا کہ ہم نصاب تعلیم کے حساس موضوع پر وسیع تر قومی مشاورت کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں تاکہ قومی جماعتیں، تنظیمیں، علماء کرام اور ماہرین تعلیم کی رائے کی روشنی میں ایک مربوط لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ علامہ مفتی جعفر حسینؒ اور علامہ سید محمد دہلویؒ کی نصاب تعلیم کے لیے تاریخی جدوجہد کو ہرگز ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر صوبائی دارالحکومت میں صوبائی نصاب تعلیم کانفرنسز منعقد کی جائیں گی اور صوبائی سطح پر نصاب تعلیم کونسلز تشکیل دی جائیں گی تاکہ قومی سطح پر تعلیمی اصلاحات کے لیے مربوط اور منظم کام کیا جا سکے۔ اس موقع پر رکن نصاب تعلیم کونسل غلام حسین علوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹیکسٹ بک بورڈ میں موجود سنگین غلطیوں کے خلاف مؤثر اقدام کریں گے اور اس حوالے سے صوبائی سیکرٹری تعلیم پنجاب کے پاس ہم نے باضابطہ طور پر اپنا موقف دلائل کے ساتھ پیش کیا ہے۔ مولانا شمس الدین نے کہا کہ ہم نصاب کی اصلاح اور اس میں موجود نظریاتی و تاریخی غلطیوں کے خاتمے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: نصاب تعلیم کونسل کی نصاب تعلیم لاہور میں کہا کہ
پڑھیں:
کربلا حق و باطل کا معرکہ ہے، امام حسینؑ کا پیغام رہتی دنیا تک زندہ رہے گا، علامہ مبشر حسن
عشرہ محرم الحرام کی مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے معروف ذاکر اہل بیتؑ نے کہا کہ ظلم کے خلاف خاموشی اختیار کرنا یزیدی طرزِ فکر کو فروغ دینا ہے جبکہ حسینیت مظلوم کا ساتھ دینے اور باطل سے ٹکرانے کا نام ہے، امام حسینؑ نے سچائی، اصول پسندی اور دین کی سربلندی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی عدل، انسانیت اور دینِ اسلام کی بقا کا استعارہ ہے، کربلا کا پیغام ہر دور کے مظلوموں کے لیے ہمت، حوصلے اور مزاحمت کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاسی گوٹھ کراچی کی مرکزی امام بارگاہ میں عشرہ محرم الحرام کی مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مبشر حسن نے کہا کہ ظلم کے خلاف خاموشی اختیار کرنا یزیدی طرزِ فکر کو فروغ دینا ہے جبکہ حسینیت مظلوم کا ساتھ دینے اور باطل سے ٹکرانے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے سچائی، اصول پسندی اور دین کی سربلندی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، اور ان کی یہ قربانی تاقیامت انسانی ضمیر کو جھنجھوڑتی رہے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ کربلا سے دروسِ حریت و استقامت حاصل کریں اور سچائی و عدل کی حمایت کو اپنا مشن بنائیں۔ علامہ مبشر حسن نے اتحاد بین المسلمین پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کا پیغام تفرقے نہیں بلکہ وحدت، اخوت اور قربانی کا درس دیتا ہے۔