غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس، لیاری گینگ وار کے اہم کمانڈر ملا نثار کی ضمانت منظور
اشاعت کی تاریخ: 19th, May 2025 GMT
فائل فوٹو
کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی میں غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے لیاری گینگ وار کے اہم کمانڈر ملا نثار کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ملزم کو ایک لاکھ روپے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو 2022ء میں کلری پولیس نے اسلحہ کیس میں گرفتار کیا، ملزم برآمد ہونے والے اسلحہ کا لائسنس دکھانے میں ناکام ہوا تھا، ملزم کے خلاف تھانہ کلری میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
درخواست میں کہا گیا کہ پولیس اپنی کارکردگی نمایاں کرنے کیلئے ملزم پر کیس بنارہی ہے، ریکوری کے وقت کسی پرائیویٹ گواہ کو شامل نہیں کیا گیا، ملزم کے خلاف چالان بھی جمع ہوچکا ہے، ملزم مزید کسی تفتیش کے لیے درکار نہیں لہذا ضمانت دی جائے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔