جنرل عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی، وزیراعظم نے صدر کو اعتماد میں لیا
اشاعت کی تاریخ: 20th, May 2025 GMT
فائل فوٹو۔
صدر مملکت آصف زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے صدر مملکت کو جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے مادر وطن کا کامیابی سے دفاع کیا، کامیاب دفاع وطن پر جنرل عاصم منیر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کے مستحق ہیں۔
ملاقات میں بھارتی حملوں کے جواب میں مؤثر جوابی کاروائی پر مسلح افواج کی قیادت اور افواج پاکستان کو سراہا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
جنوبی افریقن ایئر چیف کی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ نے ملاقات کی ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچے جہاں معزز مہمان کو تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی افریقہ کے ایئرچیف لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون اور فوجی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں معزز شخصیات نے افواج کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے عملی اقدامات پر گفتگو کی، جبکہ عالمی و علاقائی جغرافیائی سیاسی منظرنامے پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے جنوبی افریقی مہمان کو خطے کی سکیورٹی صورتحال پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔