800 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کے مہمند ڈیم پراجیکٹ کے مین ڈیم کی تعمیر کا آغاز ہوگیا
اشاعت کی تاریخ: 23rd, May 2025 GMT
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 23 مئی 2025ء ) واپڈا نے مہمند ڈیم کی تعمیر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے، پراجیکٹ کے مین ڈیم کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ہے۔ مین ڈیم کی تعمیر کے آغاز سے قبل دیگراہم اہداف پہلے ہی حاصل کئے جا چکے ہیں ۔ جن میں ریور ڈائی ورشن، اپ اینڈ ڈاؤن سٹریم عارضی ڈیمز، ڈیم فاؤنڈیشن کی کھدائی اور ڈیم کیلئے پہاڑ کے دائیں اور بائیں کناروں کی کھدائی شامل ہیں۔
مہمند ڈیم کی تکمیل2027-28 میں شیڈول ہے۔ مین ڈیم کی تعمیر کے آغازپروفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔ جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم پراجیکٹ کے علاوہ پراجیکٹ ٹیم، کنٹریکٹرزاور کنسلٹنٹس کے پراجیکٹ منیجرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔(جاری ہے)
وفاقی وزیر نے پراجیکٹ کی دیگر اہم سائٹس کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ان سائٹس میں ڈائی ورشن سسٹم، پاور اِن ٹیک ٹنل، سپل ویز اور پاور ہاؤس شامل ہیں۔ تعمیراتی سائٹس پر بریفنگ کے دوران پراجیکٹ انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ پراجیکٹ کی 14سائٹس پر تعمیراتی کا م جاری ہے۔ انہیں پراجیکٹ پر مجموعی تعمیراتی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ملک میں پانی اور سستی بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا مکمل ادراک ہے، یہی وجہ ہے کہ واپڈا اور وزارت آبی وسائل مہمند ڈیم سمیت پانی اور پن بجلی کے زیر تعمیربڑے منصوبوں کی شیڈول کے مطابق تکمیل کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ تا کہ ملک میں پانی اور سستی بجلی کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نیکہا کہ واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے وزارت آبی وسائل ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ 213 میٹر بلند مہمند ڈیم دنیا کا پانچواں بڑا سی ایف آر ڈی(Concrete Face Rock Filled) ڈیم ہے۔ پراجیکٹ کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 1.29 ملین ایکڑ فٹ ہے جس سے مہمند اور چارسدہ کے اضلاع کی 18 ہزار 233ایکڑ نئی اراضی زیر کاشت آئے گی، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ موجودہ اراضی کو بھی اضافی پانی دستیاب ہوگا۔ 800میگا واٹ پیداواری صلاحیت کا مہمند ڈیم نیشنل گرڈ کو سالانہ 2 ارب 86 کروڑ ماحول دوست اورسستی پن بجلی بھی فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ نہ صرف پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے اضلاع کو سیلاب سے بچاؤ میں مدد دے گا، بلکہ پشاور شہر کو یومیہ 300ملین گیلن پینے کا پانی بھی فراہم کرے گا۔
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے مہمند ڈیم پراجیکٹ مین ڈیم کی تعمیر وفاقی وزیر
پڑھیں:
ہمیں ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کے لئے پرعزم ہونا چاہئے، چینی وزیراعظم
بیجنگ :چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے ریو ڈی جنیرو میں 17ویں برکس سربراہ اجلاس کے دوسرے اور تیسرے مرحلے میں شرکت کی اور کثیرالجہتی، مصنوعی ذہانت، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی اور عالمی صحت عامہ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ منگل کے روز لی چھیانگ نے کہا کہ ہمیں ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کے لئے پرعزم ہونا چاہئے۔ یکطرفہ اور تحفظ پسندی کی واضح مخالفت کرتے ہوئے ڈبلیو ٹی او کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ تجارت و سرمایہ کاری کی لچک اور کھلے پن کو فروغ دیا جائے اور صنعتی اور سپلائی چینز کے استحکام کو برقراررکھا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ چین نے برکس اسپیشل اکنامک زون چائنا کوآپریشن سینٹر قائم کیا ہے تاکہ تمام فریقوں کے ساتھ تعاون کا نیٹ ورک بنایا جائے۔ چین نئے ترقیاتی بینک کی ترقی و مضبوطی کی حمایت کرتا ہے۔ ورلڈ بینک کے ایکویٹی جائزے اور عالمی مالیاتی فنڈ کے حصص کے تناسب کی ایڈجسٹمنٹ کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی اور آواز میں اضافہ ہو سکے۔ چینی وزیر اعظم نے کہا کہ چین گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (جی ڈی آئی) کے فریم ورک کے تحت “ڈیجیٹل ساؤتھ” برانڈ تعمیر کرے گا اور اگلے پانچ سالوں میں گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے لئے ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت پر 200 تربیتی پروگرام منعقد کرے گا۔ لی چھیانگ نے نشاندہی کی کہ اس وقت عالمی آب و ہوا، ماحولیات اور صحت عامہ کے شعبوں میں غیر یقینی صورتحال اور خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، اور عالمی برادری کو اتفاق رائے پیدا کرتے ہوئے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے فعال اور طاقتور اقدامات کرنے ہوں گے۔
Post Views: 6