آج ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
ملک کے مختلف مقامات پر آج بھی آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور کشمیر میں آج بھی آندھی اور بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، میانوالی، اوکاڑہ، قصور، گجرات، سیالکوٹ میں مزید بادل برسیں گے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ژوب، بارکھان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بٹگرام اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور طوفان سے نقصانات ہوئے، مختلف حادثات میں 13 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 90 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، کئی شہروں میں درخت گرنے سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کئی شہروں میں بارش، کرنٹ لگنے، چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 5 جاں بحق
لاہور+ شیخوپورہ+ فیروز والہ+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) مون سون بارشوں کا زور دار سپیل برقرار ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔ اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ، گوجر خان، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی بادل جم کر برسے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب،کے پی کے، بلوچستان اور آزادکشمیر میں آئندہ 2 روز کے دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔ لاہور ضلعی انتظامیہ نے شہر کی خطرناک عمارتوں کی فہرست جاری کر دی جس میں 9 ٹاؤنز میں 59 بوسیدہ عمارتوں کو خطرناک قرار دے دیا گیا۔ 59 خطرناک عمارتوں میں سے 33 داتا گنج بخش ٹاؤن میں واقع ہیں۔ ان 33 میں سے 26 خطرناک عمارتیں پرائیویٹ ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 59 خطرناک عمارتوں میں سے 46 گھریلو اور 12 کمرشل ہیں جبکہ 22 ایسی ہیں جن کی مرمت ممکن نہیں۔ 44 بوسیدہ عمارتوں میں لوگ رہائش پذیر ہیں۔ خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں کو خالی کروانے کے لیے 2 دو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔ لاہور لاری اڈہ کے علاقے لوہا مارکیٹ میں بارش کے کھڑے پانی میں نہاتے ہوئے نامعلوم 11 سالہ بچے کو کرنٹ لگ گیا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے نعش مردہ خانے منتقل کر کے ورثاء کی تلاش شروع کر دی۔ کوٹ عبدالمالک کے قریب جوہڑ میں نہاتے ہوئے 7 سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ بچے کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی۔ نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ شیخوپورہ کے نواحی علاقہ مرزا ورکاں میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 2 سالہ ارحم اور 5 سالہ فاطمہ جاں بحق ہو گئے جبکہ 9 سالہ مریم اور 23 سالہ سدرہ شدید زخمی ہو گئیں۔ اسلام آباد تھانہ کورال کے علاقے میں شدید بارش سے برساتی نالے کے پل سے موٹر سائیکل سوار نوجوان تیز ریلے میں بہہ جانے سے ڈوب گیا۔ 23 سالہ محسن گلبرگ گرین کال سنٹر سے ڈیوٹی ختم کرکے گھر شریف آباد جا رہا تھا۔