پشاور: وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کے دوران پی پی ورکرز اور پولیس میں تصادم
اشاعت کی تاریخ: 26th, May 2025 GMT
پشاور:
پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے صوبہ بچاؤ ریلی کے دوران وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش پر پولیس نے شیلنگ کردی، مظاہرین نے پتھراؤ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کیمپ کو آگ لگادی اور ریڈ زون کا گیٹ توڑ دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے مردان سے صوبہ بچاؤ ریلی نکالی گئی۔ متعدد گاڑیوں پر مشتمل ریلی ریلوے گراؤنڈ نوشہرہ روڈ سے پشاور روانہ ہوئی جس کی قیادت ڈویژنل صدر عمر فاروق خان ہوتی نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کرپشن کے خلاف نعرے درج تھے۔
پیپلز پارٹی کے کارکنان کے پی اسمبلی کے سامنے جمع ہوگئے اور خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف احتجاج شروع کردیا ساتھ پی پی نے صوبے بھر کے کارکنوں کو پشاور پہنچنے کی ہدایت کردی۔
پی پی پی ورکرز نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی جس پر ریڈ زون کے دروازے بند کردئیے گئے جواب میں مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی چوک کو بلاک کردیا جس پر خیبر روڈ ٹریفک کے لیے دونوں اطراف سے بند ہوگیا۔
احتجاج میں پی پی پی صوبائی صدر ہمایون خان، احمد کریم کنڈی، محمد علی شاہ باچا اور دیگر بھی پہنچ گئے۔
مظاہرین نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی جس پر پولیس نے انہیں روکنے کے لیے شیلنگ شروع کردی۔ مظاہرین نے ریڈ زون کا حصار توڑ کر وزیر اعلی ہاؤس جانے کی کوشش کی اس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
مظاہرین نے پی ٹی آئی کے ایک کیمپ کو بھی اسمبلی چوک میں آگ لگادی اس دوران پی ٹی آئی کے کارکنان کیمپ چھوڑ کر چلے گئے، بعدازاں پی پی ورکرز نے ریڈ زون کا گیٹ توڑ دیا۔
پی پی رہنما احمد کریم کنڈی نے کہا کہ وسائل پر اختیار، پختونوں کو شناخت پیپلز پارٹی نے دی، یہ صوبہ پیپلز پارٹی بچائے گی یہاں کرپشن کی داستانیں رقم ہورہی ہیں، کرپٹ حکومت عوام کے پیسوں سے جیبیں بھر رہی ہے، جلد وزیر اعلی ہاؤس کی طرف مارچ ہوگا۔
بلاول بھٹو کا اظہار مذمت
دریں اثنا پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے ہمارے پُرامن احتجاج کا راستہ روک کر دراصل بدترین کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش کی ہے، خیبرپختونخوا میں لاقانونیت اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کرنے والے پُرامن سیاسی کارکنوں پر آنسوگیس کی شیلنگ قابل افسوس ہے، ہم اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، کرپٹ اور نااہل صوبائی حکومت کا تعاقب جاری رکھیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نہتے سیاسی کارکنوں پر تشدد کرکے بزدلی کا ثبوت دیا، خیبرپختونخوا میں صوبہ بچاؤ تحریک آج صوبے کے ہر شہری کی آواز بن چکی ہے، ہم لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، ہمارے کارکنان خیبرپختونخوا کی کرپٹ حکومت کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا اصل فاشسٹ چہرہ آج خیبرپختونخوا کے عوام نے دیکھ لیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی مظاہرین نے نے ریڈ زون کی کوشش کوشش کی
پڑھیں:
پٹرولیم قیمتوں کے روزانہ تعین پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع
توجہ دلاؤ نوٹس میں جے یو آئی کے سینیٹر نے حکومت سے مجوزہ پالیسی کی وجوہات، اس کے نفاذ کے طریقہ کار اور صارفین کو قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے تحفظ دینے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے 15 روزہ نظام کے بجائے روزانہ تعین کے مجوزہ فیصلے پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا۔ توجہ دلاؤ نوٹس میں وفاقی حکومت سے مجوزہ پالیسی پر وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ روزانہ قیمتوں کے تعین سے مہنگائی، ٹرانسپورٹ اخراجات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ نوٹس کے متن کے مطابق مجوزہ نظام کے کاروباری سرگرمیوں اور عوامی زندگی کے اخراجات پر ممکنہ اثرات سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے حکومت سے مجوزہ پالیسی کی وجوہات، اس کے نفاذ کے طریقہ کار اور صارفین کو قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے تحفظ دینے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو ممکنہ منفی اثرات سے بچانے کے لیے اختیار کیے جانے والے حفاظتی اقدامات سے بھی سینیٹ کو آگاہ کیا جائے۔