پاسبان حریت کے زیر اہتمام بھارت مخالف ریلی
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
عزیر احمد غزالی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے، مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں اور نہ ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیراہتمام ضلع نیلم کے علاقے آٹھمقام میں بھارت مخالف ریلی نکالی گئی۔ ذرائع کے مطابق ریلی میں بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے۔ انہوں نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور بھارتی تسلط سے مقبوضہ علاقے کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں اور نہ ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے۔ عزیر احمد غزالی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں استصواب رائے کا اپنا وعدہ پورا کرے اور بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے ذریعے حل کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں اور وہ اس مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ پاسبان حریت کے ضلعی صدر شرافت حسین ملک نے اس موقع پر کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ ریلی سے فیصل فاروق، محمد فیاض خان، رفاقت گیلانی، محمد ایمل فرزام اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مسئلہ کشمیر کو حل پاسبان حریت اقوام متحدہ اور بھارت کہا کہ
پڑھیں:
جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، الطاف بٹ
حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت فراہم کرے۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما الطاف احمد بٹ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ ذرائع کے مطابق الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد میں چیئرمین بابر فائونڈیشن سردار بابر عباسی اور سردار لال خان عباسی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی تاریخی فتح سے مظلوم کشمیریوں اور پاکستانیوں کو نیا جوش و ولولہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو نیا عزم ملا ہے اور مایوسی اور ناامیدی کی فضا ختم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی شکست کے زخم چاٹ رہا ہے اور اپنی خفت مٹانے کیلئے اس نے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت اہم قومی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مسئلہ کشمیر کے حل اور مظلوم کشمیری عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سردار بابر عباسی نے اس موقع پر کہا کہ تنازعہ کشمیر صرف جغرافیائی نہیں بلکہ ایک انسانی مسئلہ ہے جس پر عالمی برادری کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔