صدر مملکت آصف علی زرداری کا پولیو کے خاتمے کیلئے ملک گیر مہم پر پیغام
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مسلسل ویکسی نیشن مہمات، موثر نگرانی، ہیلتھ ورکرز کی جرات کے نتیجے میں پولیو کیسز میں 99 فیصد سے زائد کمی آئی ہے، پولیو فری پاکستان کی کوششوں کو ناکام بنانے کے مقصد سے کئے گئے بزدلانہ حملوں میں جانیں قربان کرنے والے پولیو ورکرز اور سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہمیں پولیو ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے پولیو کے خاتمے کیلئے ملک گیر مہم پر اپنے پیغام میں کہا کہ 26 مئی سے یکم جون تک پاکستان نے ایک ملک گیر پولیو ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا ہے، پولیو مہم کا ہدف پانچ سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلانا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس مہم میں 4 لاکھ سے زیادہ ورکرز ہمارے شہروں، دیہاتوں اور دور دراز وادیوں میں گھر گھر جا کر زندگی بچانے والے پولیو کے قطرے پلائیں گے، ہماری اس مہم کا مقصد پولیو کا مکمل خاتمہ اور قوم کا صحت مند مستقبل یقینی بنانا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ورکرز کے لئے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو یہ زندگی بخش قطرے ضرور پلوائیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں ویکسین سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنا ہوگا، میں اساتذہ، علمائے کرام اور کمیونٹی سے درخواست کرتا ہوں کہ اس مقصد کی حمایت کریں، غلط فہمیوں کا خاتمہ کریں اور لوگوں میں اعتماد پیدا کریں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ لوگوں میں آگاہی پیدا کرے کہ پولیو ویکسین محفوظ، موثر اور ہمارا سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں اپنی بیٹی اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی مکمل حمایت کرتا ہوں جن کی جدوجہد اور موثر مہم نے پولیو کے خلاف جنگ کو تیز کیا، آصفہ بھٹو زرداری کی والدین، ذی اثر سماجی شخصیات اور نوجوانوں سے اپیل ہمیں یاد دلاتی ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ 90 کی دہائی سے اب تک پاکستان نے پولیو کے خلاف شاندار پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے نوشکی میں پولیو ٹیم پر ہونے والے حملے کی مذمت کی اور حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں ان بہادر پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ہر بچے تک پہنچنے کے لیے اپنی جانوں کا خطرہ مول لیتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ مسلسل ویکسی نیشن مہمات، موثر نگرانی، ہیلتھ ورکرز کی جرات کے نتیجے میں پولیو کیسز میں 99 فیصد سے زائد کمی آئی ہے، پولیو کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، 2024 میں پولیو کیسز میں اضافہ اس بات کا عندیہ ہے کہ ہمیں اپنی کوششیں مزید تیز کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقے اور نقل مکانی کرنے والوں تک رسائی اب بھی ایک چیلنج ہے، ہمیں ویکسی نیشن کی شرح کو بلند سطح پر برقرار رکھنا ہوگا تاکہ وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن ہوسکے، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو پولیو سے پاک بنا سکتے ہیں، آئیں، ہر بچے کو ویکسین دیں اور اپنی قوم کو اس مفلوج کر دینے والے وائرس سے بچائیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: صدر مملکت نے کہا کہ کا مکمل خاتمہ پولیو ورکرز ویکسی نیشن میں پولیو پولیو کا پولیو کے
پڑھیں:
صدر مملکت اور وزیراعظم کا جمہوری اقدار کے تحفظ اور فروغ کا عزم
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جمہوری اقدار اور اصولوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوریت سے ہی ہم سماجی و اقتصادی انصاف، آزادیِ اظہار، اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا سکتے ہیں، جمہوریت ہی وہ نظام ہے جو شہریوں کو بااختیار بناتا ہے، بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے اور سیاسی، معاشی و سماجی شمولیت کو فروغ دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی 1973 کا آئین ہے جو مساوات اور انفرادی آزادیوں کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، جمہوریت صرف ایک عمل نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جو رواداری، مخالف آراء کے احترام اور انفرادی و اجتماعی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ آزمائشوں سے بھرپور رہی ہے لیکن اسے ہمیشہ دوراندیش قائدین کی رہنمائی حاصل رہی ہے جن میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نمایاں ہیں، جن کی قربانیوں نے جمہوری اداروں کی بحالی اور استحکام کی بنیاد رکھی، ان رہنماؤں کا ورثہ ہمیں جمہوری اقدار کے تسلسل کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ صرف جمہوری نظام کے ذریعے ہی مساوات، سماجی و اقتصادی انصاف، اظہارِ رائے کی آزادی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہمیں اپنے جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے، مؤثر اصلاحات کرنے اور اجتماعی طور پر جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمہوری اقدار کے فروغ اور تحفظ کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی تاکہ جمہوریت ایک مضبوط، بااختیار اور جامع پاکستان کیلئے رہنما قوت بنی رہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ جمہوریت کا عالمی دن ہر سال 15 ستمبر کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے تحت منایا جاتا ہے، یہ دن عالمی سطح پر جمہوریت کی نظام حکومت کے طور پر تنوع اور افادیت پر غور و فکر کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت بنیادی طور پر لوگوں کی آواز اور لوگوں کی نظام حکومت میں شمولیت کا نام ہے، پاکستان میں جمہوری نظام حکومت کے نشوونما میں 1973ء کے آئین کی کلیدی اور نمایاں حیثیت ہے، جمہوری اداروں میں پارلیمان کو بنیادی حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ ادارہ عوامی و ملکی مفاد کے تحفظ کیلئے ہر طرح کی قانون سازی کرنے کا مجاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے تحت پارلیمنٹ اجتماعی دانش کے مطابق عوامی افادیت کے قوانین پاس کرتی ہے جس پر حکومت عمل درآمد کرتی ہے، 1973ء کا آئین آرٹیکل 25 کے تحت پاکستان کے ہر شہری کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور ان کی قانون کے سامنے برابری کو یقینی بناتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہریوں کی انفرادی سطح کے علاوہ آئین پاکستان، تمام صوبوں کو برابری کی حیثیت دیتے ہوئے وفاق میں مؤثر کردار ادا کرنے کی بنیاد رکھتا ہے، آئین پاکستان بنیادی حقوق کو نہ صرف بیان کرتا ہے بلکہ انہیں تحفظ فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان تمام شعبہ ہائے زندگی بالخصوص پارلیمنٹ میں عورتوں کی شمولیت کو بھی یقینی بناتا ہے اور اقلیتوں کی نمائندگی اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھی خصوصی اقدامات ہمارے آئین میں درج ہیں، جن میں اقلیتوں کی پارلیمنٹ میں شمولیت سے لے کر انکی مذہبی آزادی کا تحفظ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت بنیادی حقوق کا تحفظ، آزادی، سماجی برابری و برداشت، قانون کی حکمرانی اور قومی اتحاد سے کوئی بھی ملک اپنے مسائل حل کر سکتا ہے، دنیا کا کوئی بھی ملک عصر حاضر کے چیلنجز اور مشکلات سے مؤثر طور پر نبرد آزما صرف اسی طور پر ہو سکتا ہے جب بنیادی جمہوری اصولوں کی پیروی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان اقوام متحدہ کے تحت اصولوں اور تمام عالمی معاہدوں میں جمہوری اقدار کی پاسداری اور فروغ کیلئے ہمیشہ کام کرتا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے اہم دن پر پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ جمہوری اصولوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ اور ترقی یافتہ مستقبل کی تعمیر کیلئے عوام، ادارے اور حکومت مل کر کام کریں گے۔
Post Views: 5