کراچی: مائی کلاچی پھاٹک کے قریب فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 27th, May 2025 GMT
علامتی تصویر۔
کراچی میں مائی کلاچی پھاٹک کے قریب فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار ٹریفک پولیس چوکی میں موجود تھا۔ موٹرسائیکل سوار ملزمان آئے اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار زین سلطان آباد ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا۔
پولیس حکام کے مطابق وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ساؤتھ سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ محظور علی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک حملہ آور تھا جس نے تین فائر کیے، ٹریفک پولیس اہلکار کو دو گولیاں لگیں، تحقیقات کا آغازکردیا گیا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے انسپکٹر کی ایمبولینس اسٹاف کے ساتھ بدسلوکی؛ ویڈیو وائرل
اسلام آباد:فیض آباد انٹرچینج کے قریب 21 جولائی کو پیش آنے والے ایک تشویشناک واقعے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایک انسپکٹر نے ریسکیو 1122 کے ایمبولینس سٹاف کے ساتھ بدسلوکی کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹریفک پولیس کا عملہ ایمبولینس کے عملے سے الجھ کر ہاتھا پائی کر رہا ہے۔
واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کے حکام نے اسلام آباد کے ایس ایس پی ٹریفک کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں ٹریفک پولیس کے انسپکٹر کے رویے اور ایمرجنسی کور کرنے میں رکاوٹ ڈالنے کی شکایت درج ہے۔
مراسلے کے مطابق ریسکیو 1122 کی ایمبولینس آن وے ایمرجنسی کال موصول ہونے پر فیض آباد انٹرچینج کے قریب ٹریفک ڈائیورژن کی وجہ سے سڑک کی سائیڈ سے اتر کر مرکزی شاہراہ پر جانا چاہتی تھی، تاکہ بروقت مقام حادثہ پر پہنچ سکے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس کے عملے نے سرکاری ڈیوٹی سرانجام دینے والے ریسکیو اسٹاف کو نہ صرف روکا بلکہ نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
ریسکیو 1122 کے حکام نے اس واقعے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کے ملوث عملے کے خلاف نہ صرف ڈسپلنری ایکشن لیا جائے بلکہ محکمانہ و قانونی کارروائی بھی کی جائے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کا موقف معلوم کرنے کےلیے ترجمان سے رابطہ کیا گیا اور پیغام بھی چھوڑا گیا، لیکن اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔