کراچی؛ کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 28th, May 2025 GMT
کراچی:
شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی مہران ٹاؤن معراج مسجد کے قریب کارخانے میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 45 سالہ افضل کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ کارخانے میں کام کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے کے باعث پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر ساڑھے گیارہ طوری بنگش چوکی کے قریب گھر میں نوجوان کو کرنٹ لگ گیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 18 سالہ عبدالغفار کے نام سے کی گئی جسے گھر میں بجلی کے تار سے کرنٹ لگا تھا اور اسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔
دریں اثنا گلستان جوہر بلاک 7 صفورا چورنگی کے قریب کام کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی۔
چھیپا حکام کا کہنا ہے متوفی کی لاش گلستان جوہر پولیس کی معرفت اسپتال لائی گئی تھی جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی جبکہ اس کی عمر 25 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: ملیر کورٹ کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق
فائل فوٹوکراچی میں نیشنل ہائی وے ملیر کورٹ کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی تو اسے ملیر سٹی سے گرفتار کرلیا گیا۔
حادثے کے بعد ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق موٹر سائیکل سوار کی لاش کو اسپتال منتقل کیا۔