اسحاق ڈار کا ازبک اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ سیدوف بختیار اودیلووچ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اپنی گفتگو میں ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ 3 ملکی ریلوے منصوبے کے فریم ورک معاہدے کی جلد تکمیل پر مشاورت بھی کی گئی۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب کے طریقہ کار اور افغان قیادت سے رابطوں پر گفتگو بھی کی گئی، جبکہ ریلوے منصوبہ علاقائی رابطے اور تجارتی ترقی کے لیے سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بایراموف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیرِ خارجہ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفد کو آذربائیجان کی جانب سے دی گئی میزبانی پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے آئندہ اقتصادی تعاون تنظیم ای سی او سمٹ پر تفصیلی گفتگو بھی کی۔ ای سی او سربراہی اجلاس جولائی 2025ء کے اوائل میں آذربائیجان میں ہو گا۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے سربراہی اجلاس کی تیاریوں، شرکاء اور طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
توشہ خانہ ریکارڈ، وزیراعظم اور اسحاق ڈار کے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد(رضوان عباسی ): توشہ خانہ ریکارڈ میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو اپریل سے جون 2026 کے دوران مختلف غیر ملکی شخصیات اور وفود کی جانب سے ملنے والے سرکاری تحائف کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق اس عرصے میں موصول ہونے والے تمام سرکاری تحائف توشہ خانہ قواعد کے تحت کابینہ ڈویژن میں جمع کرا دیے گئے ہیں، جبکہ ان کی مالیت کے تعین (ویلیوایشن) کا عمل تاحال جاری ہے۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف ممالک کے سربراہان، اعلیٰ حکام اور سرکاری وفود کی جانب سے متعدد یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔ ان میں شوگر باؤل، گاڑی کا فریم شدہ ماڈل، شیلڈز، قیمتی قلم، کف لنکس، ٹائی، کافی کپ اور واٹر گلاس سیٹ، چائے کے کپ اور ساسرز، آرائشی واز، ایرانی فیروزہ اِنلے دستکاری پر مشتمل پانچ پیس سیٹ، روایتی چینی اسکرول پینٹنگ، چائنا اسپیس اسٹیشن کا ماڈل اور دیگر سووینئرز شامل ہیں۔
اسی طرح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو بھی مختلف ممالک کی جانب سے متعدد سرکاری تحائف دیے گئے، جن میں مصری طرز کا مجسمہ، مسجد نبوی ﷺ کا ماڈل، کف لنکس اور دیگر یادگاری اشیا شامل ہیں۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی چیف آف پروٹوکول محمد ارسلان میر کو ایک قیمتی ڈائمنڈ کلیکشن رسٹ واچ بطور سرکاری تحفہ موصول ہوئی، جس کی مالیت کا تعین بھی جاری ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق توشہ خانہ ریکارڈ میں شامل تمام تحائف متعلقہ قوانین اور قواعد کے مطابق وصول کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویلیوایشن مکمل ہونے کے بعد توشہ خانہ رولز کے مطابق آئندہ کارروائی کی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تحائف کی مالیت کا تعین مکمل ہونے کے بعد قواعد کے مطابق یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ متعلقہ حکام ان تحائف کو اپنے پاس رکھ سکتے ہیں یا انہیں سرکاری تحویل میں برقرار رکھا جائے گا۔