بہاولپور؛ کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس ٹرین کو حادثہ
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
ملتان:
بہاولپور میں مبارک پور اسٹیشن کے قریب کراچی سے راولپنڈی جانے والی 45 اَپ پاکستان ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے سبب آںے اور جانے والے دونوں ٹریک عارضی طور پر بند ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صبح 6 بج کر 5 منٹ پر پاکستان ایکسپریس کی اے سی اسٹینڈرڈ کوچ، جو ٹرین کی پچھلی سمت سے چوتھی بوگی تھی، مکمل طور پر ٹریک سے اتر گئی، جب کہ اس کے ساتھ منسلک ڈائننگ کار بھی متاثر ہوئی۔
حادثے کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے لائنیں عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق، سمہ سٹہ سے ریلیف ٹرین فوری طور پر روانہ کر دی گئی ہے اور امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹریک کو جلد از جلد کلیئر کر کے ریلوے آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔
ریلوے افسران اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں، جب کہ مسافروں کی حفاظت اور سہولت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور میں ٹریفک حادثہ: بوتلوں سے بھرا ٹرک رکشے پر الٹ گیا، چار افراد جاں بحق
لاہور کے علاقے ایم اے او کالج کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق بوتلوں سے بھرا ٹرک رکشے کے اوپر الٹ گیا جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ شبانہ زوجہ شفیق، 67 سالہ شفیق ولد فردوس محمد، 35 سالہ ساجد ولد شفیق، اور 32 سالہ اقرہ زوجہ ساجد شامل ہیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے میو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔