خانپور: عید پر نئے کپڑوں کی فرمائش، باپ کی 2 گونگے، بہرے بیٹوں سمیت خودکشی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, June 2025 GMT
خان پور+ ظاہر پیر+بہاولپور (نوائے وقت رپورٹ) غربت، افلاس اور بھوک نے اولاد کو باپ کے لیے بوجھ بنا دیا۔ سردار گڑھ میں باپ نے 3 بچوں کو زہریلی گولیاں کھلا کر خود کشی کر لی۔ ترجمان ہسپتال کے مطابق زہرخورانی سے باپ اور 2 بیٹے دم توڑ گئے۔ دم توڑنے والوں میں 32 سالہ عبدالرحمان،11 سالہ عمیر، 9 سالہ سفیان شامل ہیں۔ 7 سالہ آصفہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق والد نے 2 بیٹوں اور بیٹی سمیت گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لی تھیں۔ جاں بحق ہونے والے دونوں بیٹے گونگے، بہرے تھے۔ والد عرصہ سے بیروزگار تھا، بچوں نے عید کے نئے کپڑوں کی فرمائش کی تھی۔بہاولپور میں بھوک کی وجہ سے بزرگ خاتون دم توڑگئی جبکہ بہن ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ ریسکیو کے مطابق ہفتے کے روز پڑوسیوں نے انہیں اطلاع دی کہ لوہار والی گلی کے ایک گھر میں دو بزرگ خواتین بے ہوش پڑی ہیں۔ ریسکیو اہلکار وہاں پہنچے تو ایک خاتون دم توڑ چکی تھیں جبکہ دوسری کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بچ جانے والی خاتون کے مطابق وہ دونوں بہنیں کئی روز سے بھوکی پیاسی تھیں۔ اہل محلہ کے مطابق دونوں خواتین غیرشادی شدہ اور گھر میں اکیلی رہتی تھیں۔ کوئی کمانے والا نہیں تھا۔ بہنوں کا ایک بھائی بھی تھا جو کافی عرصے لاپتہ ہے۔ دم توڑنے والی بزرگ خاتون کی تدفین کردی گئی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
غزہ میں اسرائیلی فوج داخل، 3 صحافیوں سمیت 60 فلسطینی شہید
غزہ شہر میں اسرائیلی فوج نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق کئی ہفتوں سے جاری فضائی بمباری اور بلند عمارتوں کی تباہی کے بعد اسرائیلی فوج ٹینکوں کے ساتھ شہر کے وسط میں داخل ہوگئی ہے۔ فضائی حملے بھی بدستور جاری ہیں جبکہ زمینی کارروائی میں شدت آگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہزاروں افراد غزہ شہر سے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کررہے ہیں تاہم کئی شہری اپنے گھروں کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 3 صحافیوں سمیت 60 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ اسکولوں اور کلینکس سمیت 16 عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
دوسری جانب اسرائیل کے دورے پر موجود امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں آپریشن کر رہی ہے اور ممکنہ معاہدوں کے لیے صرف چند دن یا ہفتے باقی ہیں۔