کراچی، ناردرن بائی پاس پر ڈاکو گائے سمیت دو گاڑیاں چھین کر فرار
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر بے لگام ہو گئے، ناردرن بائی پاس کے قریب واقع مویشی منڈی کے باہر موٹر سائیکل سوار ڈاکو بڑی ڈکیتی کی واردات کے دوران دو گاڑیاں اور قیمتی گائے چھین کر فرار ہو گئے۔
واردات کے بعد متاثرہ افراد نے سڑک بلاک کر کے شدید احتجاج شروع کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واردات اس وقت پیش آئی جب مویشی منڈی سے واپس جانے والی دو گاڑیوں کو موٹر سائیکل پر سوار مسلح ڈاکوؤں نے روکا اور اسلحے کے زور پر گاڑیوں سمیت گائے کو بھی لے اڑے۔
واقعہ کے فوری بعد متاثرین اور دیگر شہریوں نے احتجاجاً ناردرن بائی پاس کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس سے علاقے میں شدید ٹریفک جام ہو گیا۔
مزید پڑھیں: میانداد کو بھی ڈاکوؤں نے نہیں بخشا، 12 بکرے چھین کر فرار
احتجاجی شہریوں کا کہنا تھا کہ مویشی منڈی کے اردگرد پولیس کی ناکافی موجودگی جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھوٹ دے رہی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور مویشی مالکان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ پولیس حکام نے متاثرہ افراد کو یقین دہانی کرائی کہ ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، جس کے بعد احجاج ختم کر دیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، قیوم آباد قبرستان کے قریب پولیس مقابلہ، زخمی سمیت دو ملزمان گرفتار
کراچی:شہر قائد میں ڈیفنس پولیس نے قیوم آباد بی ایریا قبرستان کے قریب موٹرسائیکل سوار مشتبہ ملزمان کے ساتھ مبینہ مقابلہ کیا، جس میں زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے مشتبہ ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جن میں ایک زخمی ہو گیا۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، ایک موٹر سائیکل اور تین موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔
موقع سے ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔