ملیر جیل واقعہ، محکمہ جیل میں انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں کیلئے قوانین میں تبدیلیاں
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
— فائل فوٹو
کراچی میں ملیر جیل واقعے کے بعد محکمہ جیل میں اہم انتظامی اقدامات کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ جیل میں انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں کےلیے قوانین میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر شاہ نے آرڈیننس کے اجراء کی منظوری دے دی ہے، آرڈیننس کےذریعے انتظامی اور رولز میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی جی جیل، ڈی آئی جی اور جیل سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں پر سول افسران تعینات ہوسکیں گے۔
جیل حکام کے مطابق 122 قیدی ابھی بھی مفرور ہیں، گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اب انتظامی عہدوں پر پولیس اور صوبائی سول سروس کے افسران کو تعینات کیا جا سکے گا جبکہ پرانے قانون کے تحت جیلوں کے انتظامی عہدوں پر صرف محکمہ جیل کے افسران کو تعینات کیا جا سکتا تھا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ قانون نے قائم مقام گورنر اویس قادر شاہ کو آرڈیننس کا مسودہ بھجوایا تھا۔
واضح رہے کہ سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق دو روز قبل ہزاروں قیدی زلزلے کے خوف کے باعث توڑ پھوڑ کرتے ہوئے نکلے تھے، رات ڈیڑھ بجے کے قریب قیدیوں نے مرکزی دروازہ توڑا، 216 قیدی فرار ہوگئے۔
ابتدائی رپورٹ میں سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعات میں 12 قیدی اور مختلف اسٹاف ارکان زخمی ہوئے تھے، فرار ہونے کے دوران فائرنگ سے طاہر خان نامی قیدی ہلاک بھی ہوا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
دریائے ستلج کا پانی دریائے چناب میں ڈالنے کیلئے ایم فائیو موٹروے پر شگاف ڈالنے کی تجویز
---فائل فوٹومحکمۂ انہار کی جانب سے دریائے ستلج کا پانی دریائے چناب میں ڈالنے کے لیے ایم فائیو موٹروے پر شگاف ڈالنے کی تجویز دی گئی ہے۔
محکمۂ انہار کے مطابق ممکنہ طور پر موٹروے پر شگاف ڈالنا انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔
محکمہ انہار نے اپنی تجویز میں کہا ہے کہ پانی کو دریائے چناب میں ڈالنے کے لیے موٹروے ایم فائیو پر شگاف ڈال دیا جائے، دریائے ستلج کا پانی 40 فیصد اپنا راستہ بدل چکا ہے، اوچ شریف روڈ پر شگاف ڈالنے اور نورجہ بھٹہ کا بند ٹوٹنے سے دریائے ستلج نے اپنا راستہ بدلا ہے۔
حالیہ سیلاب میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے تمام گھر سیلابی پانی میں ڈوب گئے تھے، روڈا اور ایل ڈی اے سے دریائے راوی کی زمین پر غیر قانونی سوسائٹیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا۔
محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج کا پانی ہیڈ پنجند کی طرف جانے کے بجائے اوچ شریف روڈ کے شگاف سے جلال پورپیروالا کی طرف جا رہا ہے۔
محکمہ انہار کے مطابق چیئرمین این ایچ اے، کمشنر ملتان، سیکریٹری انہار، سیکریٹری سروسز پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی، کمیٹی کا ہنگامی اجلاس گزشتہ رات گیارہ بجے جلال پورپیروالا میں ہوا، کمیٹی تمام تر ممکنہ خطرات کا جائزہ لے گی۔