نوشہرہ: تین بچوں کو زہر دے کر قتل کرنے کے کیس میں دادی کو گرفتار کر لیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
فائل فوٹو
نوشہرہ میں تین بچوں کو زہر دے کر قتل کرنے کے کیس میں دادی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق گرفتار خاتون کے بیٹے نے بھی عدالت میں ماں کے خلاف بیان ریکارڈ کروا دیا ہے۔
اپنے بیان میں مدعی بیٹے نے کہا ہے کہ والدہ نے گھریلو ناچاقی پر میری بیوی بچوں کو زہر دیا، بیوی تو بچ گئی، لیکن بچے زہر خورانی سے جانبر نہ ہو سکے۔
نوشہرہ کے علاقے اضاخیل بالا میں گزشتہ ماہ زہر خورانی سے تین بہن بھائی جاں بحق ہوئے تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کوئٹہ: سرکاری دستاویزات میں شہریوں کو غیرقانونی سہولت دینے والے 14 ایجنٹ گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لیے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔
بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔