کراچی؛ بچوں کے اغوا میں ملوث میاں بیوی گرفتار، 2 مغوی لڑکیاں بازیاب
اشاعت کی تاریخ: 10th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں بچوں کے اغوا میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرکے دو مغوی لڑکیوں کو بازیاب کروا لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ملیر انویسٹی گیشن پولیس نے بچوں کے اغوا میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرکے ان کے گھر سے 2 مغوی لڑکیوں کو بازیاب کرایا، جن میں ایک کو 3 سال قبل اغوا کیا گیا تھا۔
ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ ملیر کے مطابق قائد آباد کے علاقے مجید کالونی سے 14 سالہ لائبہ بتول کے اغوا کا مقدمہ قائد آباد تھانے میں مغویہ کے بھائی محمد منشی خان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا ۔
انویسٹی گیشن پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی اور مختلف مشتبہ افراد کو بھی شامل تفتیش کیا، تاہم دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ لڑکی کے لاپتا ہونے کے بعد محلے کی ایک فیملی نے نقل مکانی کی تھی اور اس شک کی بنیاد پر انویسٹی گیشن پولیس نے اغوا کا سراغ لگایا۔
خفیہ ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر چھاپا مار کارروائی کے دوران نو عمر لڑکی لائبہ بتول کو نقل مکانی کرنے والی فیملی کے قبضے سے بحفاظت بازیاب کر کے ملزم ساجد ولد الطاف حسین اور اس کی اہلیہ حسینہ عرف صائمہ زوجہ ساجد کو گرفتار کیا ۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 3 سال قبل سکھن تھانے کی حدود سے لاپتا ہونے والی رینا دختر الیاس کو بھی بازیاب کر کے اپنی تحویل میں لے کر اس کے اہلخانہ کی تلاش شروع کردی جب کہ رینا کے اہلخانہ نے اس کے اغوا یا گمشدگی کا مقدمہ درج نہیں کرایا تھا ۔
ترجمان کے مطابق بازیاب لڑکیوں کو مجاز عدالت میں بیان قلمبند کرنے کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انویسٹی گیشن پولیس نے کے اغوا
پڑھیں:
لاہور؛ لاکھوں مالیت کے سامان کی خرد برد میں ملوث 3 ریلوے ملازم گرفتار
لاہور:اسپیشل برانچ اور ریلویز پولیس نے مغلپورہ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ریلوے کے لاکھوں مالیت کے سامان کی خرد برد میں ملوث 3 ریلوے ملازم گرفتار کر لیے۔
ملزمان نے ریلوے کیرج شاپس سے سپوکنل شیٹ کے 4 رول ایشو کروا کے 2 رول خرد برد کر لیے تھے۔
ڈی ایس آفس مغلپورہ میں لوڈ شدہ ٹرک کو اسپیشل برانچ اور ریلویز پولیس کے اے ایس آئیز رفیق ڈوگر اور اظہر عباس نے روکا، تلاشی لینے پر ٹرک میں گیٹ پاس رسید کے مطابق ریلوے کی لاکھوں مالیت کی 2 سپوکنل شیٹس غائب تھیں۔
خرد برد کیے گئے 2 رول ریلوے کلرک احمد علی نے اپنے کوارٹر میں چھپا رکھے تھے جبکہ ریلوے سپوکنل شیٹس کی قیمت چار لاکھ کے قریب نکلی۔
ریلویز پولیس نے ریلوے بجٹ کلرک احمد علی، ٹرک ڈرائیور امیر حسین اور ہیمر مین مصطفیٰ احمد کو موقع سے گرفتار کرلیا۔
ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس ورکشاپس ڈویژن مغلپورہ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے، کوارٹر سے خرد برد کیا گیا ریلوے سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
ڈی آئی آئی جی نارتھ عبدالرب چودھری نے کامیاب کارروائی پر ریلوے سامان برآمد کرنے والی ٹیم کو شاباش دی۔