پنجاب کسی کی جاگیر نہیں، مریم نواز حکومت کا رویہ متکبرانہ ہے، شرجیل میمن
اشاعت کی تاریخ: 11th, June 2025 GMT
لاہور:
سندھ کے سینئر وزیر اور وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے پنجاب کی صوبائی حکومت کے رویے کو متکبرانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر ہے۔
سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے کہا کہ موجودہ حکومت پنجاب کا رویہ متکبرانہ اور سیاسی حق تلفیوں پر مبنی ہے، پنجاب کی حکومت نفرت اور تقسیم در تقسیم کی سیاست کو ہوا دینے لگی ہے، جو افسوس ناک امر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، بلدیاتی اداروں کی بات کی تو کیا غلط کہا؟ بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ آئین کے خلاف ہے یا پھر پنجاب میں عوام کو ان کا بنیادی حق دلانا جرم ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک وفاقی جماعت ہے اور ہم صرف سندھ تک محدود نہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، مقامی حکومتوں اورعوامی نمائندگی کی بات کی ہے، پنجاب میں بلدیاتی ادارے فعال نہیں، نچلی سطح پر کوئی جواب دہ نظام موجود نہیں تو ہم خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہماری بھرپور سیاسی موجودگی ہے، ہمارے کارکن آج بھی گلی محلوں میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، پنجاب میں بلدیاتی نظام کی بحالی، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی عوام کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صرف بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کرتی رہے گی اور ہم پنجاب کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے مینڈیٹ کی داعی ہے تو بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرواتی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلدیاتی ادارے آئین میں موجود ہیں، اگر حکومت پنجاب بلدیاتی اداروں کو نہیں مانتی تو آئین کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے، ملک کا بڑا صوبہ بلدیاتی اداروں کے بجائے کمشنری نظام کے تحت معاملات چلائے تو افسوس ناک عمل اور جمہوریت کے منافی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی نے کہا کہ
پڑھیں:
نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر پاکستان کے مریضوں کیلئے امید کی کرن بنے گا: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر پورے پاکستان کے مریضوں کیلئے امید کی کرن بنے گا۔ورلڈ ہیڈ اینڈ نیک کینسر ڈے پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ورلڈ ہیڈ اینڈ نیک کینسر ڈے ہمیں اس سنگین بیماری کے خلاف شعور، احتیاط اور ہمدردی کا پیغام دیتا ہے، کینسر وہ خاموش قاتل ہے جو اکثر دیر سے تشخیص ہوتا ہے اور ہزاروں جانیں نگل لیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی، گٹکا، پان، شراب اور ناقص طرزِ زندگی کینسر کے بنیادی اسباب ہیں، الحمدللہ، پاکستان کا پہلا “نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر”تیزی سے تعمیر ہو رہا ہے۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر جلد ہی نا صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے مریضوں کیلئے امید کی کرن بنے گا، نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر میں کسی بھی سٹیج کے کینسر پیشنٹ کو انکار نہیں کیا جائے گا۔