ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز بلوچستان سے کررہے ہیں، رانا مشہود احمد خان
اشاعت کی تاریخ: 12th, June 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے مختلف کھیلوں میں جھنڈے گاڑے ہیں،پی ایس ایل 10 کی ٹرافی اب دنیا بھر میں جارہی ہے،پوری دنیا میں پی ایس ایل کو سراہا گیا،اب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز بلوچستان سے کررہے ہیں،کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کا بھی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیر اعظم کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی لاہور قلندر کے ساتھ دستخط کی تقریب کے موقع پر کیا ۔ اس دوران کرکٹر شاہین شاہ آفریدی اور لاہور قلندر کے عاطف رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم کا فوکس پاکستان کے نوجوان ہیں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے ۔(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے سب سے بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا، اس پروگرام کے تحت پورے پاکستان کے نوجوانوں کو موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں ۔ رانا مشہود نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز27 جون سے بلوچستان سے کیا جائے گا اور 30 جون تک بلوچستان کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے آنے کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بعد 2 جولائی سے 18 جولائی تک سندھ ، 21 جولائی سے 11 اگست تک پنجاب ، خیبر پختونخوامیں 29 اگست اور کشمیر میں یکم ستمبر سے 14 ستمبر تک اس پروگرام کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت منتخب کھلاڑیوں کو پلئیر ڈیولپمنٹ پروگرام میں شامل کیا جائے گا ۔ رانا مشہود نے کہا کہ کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کا بھی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرینگے، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 3 کروڑ سے زیادہ کا پراجیکٹ ہے،پلئیر ڈیولپمنٹ پر حکومت الگ سے فنڈنگ کریگی ،تمام سپرسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ وینیوز پر موجود ہونگے۔ رانا مشہود نے کہا کہ پی ایس ایل ٹرافی اب یوکے اور امریکہ جارہی ہے، ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ایک پر امن قوم ہیں اور امن کو ہی پسند کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ای سپورٹس فیڈریشن جلد کام شروع کر دے گی ، مستقبل قریب میں 25 شہروں میں کھیلوں کے ٹرائل شروع کیے جائیں گے تاکہ پاکستان کے ہر شہر سے ٹیلنٹ کو آگے لایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سیف گیمز اور ارشد ندیم اکیڈمی کا بجٹ رکھا گیا ہے،11 سپورٹس اکیڈمیز اس سال متحرک ہوجائیں گی ۔ اس موقع پی ایس ایل کی فرنچائز لاہور قلندر کے اونر رانا عاطف نے کہا کہ شاہین آفریدی نے 4 میں سے 3 سیزن میں ٹرافیاں جیتیں جو ہمارے لئے ایک اعزاز کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا میچ امریکی ناظم الامور نے لاہور آ کر ہماری درخواست پر دیکھا اور انہوں نے اس کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج کو کریڈٹ جاتا ہے ، سیکورٹی کے مناسب انتظامات کے باعث ایونٹ اختتام پزیر ہوا۔ اس موقع پر لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے شروع کیا جانے والا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اچھا اقدام ہے جس سے حقیقی معنوں میں ٹیلنٹ آگے آئے گا ، گذشتہ 10 سال سے لاہور قلندرز نے یہ پروگرام شروع کیا ہوا ہےتاہم حکومت کی شمولیت سے اس پروگرام کو مزید تقویت ملے گی ۔ شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہر اچھے اقدام کو سپورٹ کرنا چاہیے اور کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کو اجاگر کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور لاہور قلندرز کے درمیان معاہدے سے پاکستان کو اچھے کھلاڑی ملنے کی امید ہے۔.
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام انہوں نے کہا کہ لاہور قلندر کے پروگرام شروع کیا جائے گا رانا مشہود پروگرام کے پی ایس ایل
پڑھیں:
حکومت نے نیشنل امیگریشن اینڈ ویلفیئر پالیسی 2026 کا اجرا کر دیا
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے نیشنل امیگریشن اینڈ ویلفیئر پالیسی 2026 کا اجرا کر دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان میں لیبر مائیگریشن کے نظم و نسق کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ پالیسی ہر اس پاکستانی سے کیے گئے قومی عزم کی عکاس ہے جو بہتر مواقع کی تلاش میں اپنا گھر چھوڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محفوظ اور منظم نقل مکانی، مہارتوں کی ترقی، کارکنوں کا تحفظ، تارکینِ وطن کی شمولیت اور وطن واپس آنے والوں کی بحالی اس پالیسی کے بنیادی ستون ہیں۔ تکنیکی جدت، آبادیاتی تبدیلیاں اور لیبر مارکیٹ کے بدلتے ہوئے تقاضے دنیا بھر کی معیشتوں کو نئی شکل دے رہے ہیں. اس لیے پاکستان کو اپنی افرادی قوت کو آج اور مستقبل دونوں کے مواقع کے لیے تیار کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل امیگریشن اینڈ ویلفیئر پالیسی 2026 اس سمت میں ایک اہم قدم اور پاکستان کی افرادی قوت کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ایک کروڑ 20 لاکھ پاکستانی دنیا بھر میں مقیم ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور محنت کی بدولت پاکستان کے سفیر بن چکے ہیں۔ گزشتہ مالی سال میں سمندر پار پاکستانیوں نے 41 ارب امریکی ڈالر سے زائد کی ترسیلاتِ زر وطن بھیجیں، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین رقم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے اور ان کی فلاح و بہبود ہماری قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی اداروں، تجربات اور شراکت داریوں کو ایک مشترکہ وژن کے تحت یکجا کرتی ہے تاکہ ہر پاکستانی کارکن نقل مکانی کے پورے سفر کے دوران بہتر طور پر تیار، محفوظ اور معاونت یافتہ ہو۔ اس پالیسی کا محور ہر اس پاکستانی کا سفر ہے جو مواقع کی تلاش میں اپنا گھر چھوڑتا ہے، جبکہ ذمہ داری روانگی سے پہلے ہی شروع ہو جاتی ہے، جہاں نوجوان کارکنوں کو متعلقہ مہارتیں، قابلِ اعتماد معلومات اور اخلاقی بھرتی تک رسائی فراہم کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پالیسی کی کامیابی وفاقی اور صوبائی حکومتوں، نفاذ کرنے والے اداروں، آجروں، تربیتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں، نجی شعبے اور سمندر پار پاکستانیوں کے باہمی تعاون سے مشروط ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں، آئی سی ایم پی ڈی (ICMPD)، دیگر ترقیاتی شراکت داروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا مشاورتی عمل میں تعاون پر شکریہ ادا کیا، جبکہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی مسلسل معاونت کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ ہجرت یا نقل مکانی غیر یقینی کا سفر نہیں بلکہ مواقع، وقار اور قومی ترقی کا راستہ ہونا چاہیے۔ آئیں مل کر ایسا مستقبل بنائیں جہاں ہر پاکستانی اعتماد کے ساتھ بیرون ملک جائے، فخر کے ساتھ وطن واپس آئے اور ہمیشہ ایک ایسی قوم سے جڑا رہے جو اس کی خدمات کی قدر اور عزت کرتی ہو۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس وژن کو عوام کے لیے بامعنی ترقی، پاکستان کے لیے دیرپا خوشحالی اور ہر سمندر پار پاکستانی اور اس کے خاندان کے روشن مستقبل کا ذریعہ بنائے۔