سیرین ایئرلائن کی پرواز میں تاخیر، ایئرپورٹ لاؤنج میں مسافروں کی تلخ کلامی
اشاعت کی تاریخ: 14th, June 2025 GMT
کراچی سے اسلام آباد جانے والی سیرین ایئر کی پرواز ای آر 500 تکنیکی وجوہات کی باعث روانہ نہ ہوسکی۔
پرواز میں تاخیر کے باعث کراچی ایئرپورٹ کے لاؤنج میں مسافروں کی گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی، جس کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔
سیرین ائیر پرواز کی روانگی کا مقررہ وقت صبح 7 بجے تھا، جسے اب تک 3 بار روانگی کا عندیہ دیا جاچکا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ عملے کی جانب سے پرواز کی تاخیر کے معاملے پر کوئی مستند وجہ بھی نہیں بتائی جارہی۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ پرواز کے ذریعے روانگی کےلیے آج صبح 4 بجے سے ائیر پورٹ پر موجود ہیں۔
سیرین ائیر کے ترجمان کے مطابق پرواز میں تاخیر تکنیکی وجوہ کے باعث ہوئی۔ جہاز کے ہائیڈرولک میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوئی تھی جسے بعد میں دور کردیا گیا۔ اب یہ پرواز دوپہر ڈیڑھ بجے کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوجائے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اے ایس ایف کی پشاور، ملتان میں کامیاب کارروائی، مسافروں سے 1.5 کلو منشیات برآمد
ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے پشاور اور ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر کارروائیوں کے دوران 1.5 کلو سے زائد منشیات برآمد کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف اہلکاروں نے مسافروں کے سامان کی کمال مہارت سے تلاشی کے دوران منشیات برآمد کیں۔
ترجمان ایئرپورٹس سیکیورٹی نے بتایا کہ پشاور ایئرپورٹ پر ایک مسافر کے جوتوں کے اندر سے خفیہ طور پر چھپائی گئی 823 گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر ایک اور مسافر کے سامان سے 926 گرام آئس ہیروئن برآمد کی جو کے بیگ کے اندر بڑی ہوشیاری سے چھپائی گئی تھی۔
دونوں مسافر بیرون ملک، بالترتیب دبئی اور شارجہ، روانہ ہو رہے تھے۔ یہ کامیابیاں اے ایس ایف کے تربیت یافتہ اہلکاروں کی مسلسل نگرانی، مشکوک مسافروں کی پروفائلنگ، سامان کی ماہرانہ تلاشی اور سٹاف کی شاندار تفتیشی تکنیکوں کا نتیجہ ہیں۔
اے ایس ایف قومی مفاد، بین الاقوامی ساکھ اور مسافروں کے اعتماد کے تحفظ کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرے اور غیر قانونی سرگرمی کے خلاف فیصلہ کن اقدام سے دریغ نہیں کرے گی۔
گرفتار ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔