اپوزیشن کو ساتھ لیکر بجٹ بنا رہے ہیں، ترجمان بلوچستان حکومت
اشاعت کی تاریخ: 15th, June 2025 GMT
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ بلوچستان واحد صوبہ ہے جو اپوزیشن کو بھی آن بورڈ لیکر بجٹ بنا رہا ہے اور آنیوالے بجٹ میں روزگار کے مواقعوں اور ترقی پر مبنی منصوبے لائے جائینگے۔ اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنی ایک سالہ مدت کے دوران بجٹ کا 90 فیصد فنڈز استعمال کیا ہے اور امید ہے کہ بقیہ 10 فیصد فنڈز بھی بجٹ سے قبل ریلیز کر دیئے جائیں گے۔ حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے صوبے میں پی ایس ڈی پی کے توسط سے ترقیاتی کاموں میں موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ جس کا مقصد صوبے میں تعلیم، صحت، پی ایچ ای، ماہی گیری، زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں مختص کئے گئے فنڈز بہتر طور پر خرچ کئے ہیں تاکہ ان منصوبوں کو مکمل کرکے ان کے ثمرات عوام تک منتقل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں برسر اقتدار رہنے والی حکومتوں نے 50 سے 60 فیصد فنڈز استعمال کئے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ترجمان شاہد رند نے کہا کہ حکومتی کارکردگی کو پہلے بجٹ سے جانچا جاتا ہے۔ رواں بجٹ حکومت کا پہلا بجٹ ہے۔ ماضی میں 62 فیصد سے زائد ترقیاتی فنڈز استعمال نہیں ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے ترقیاتی بجٹ مکمل استعمال کرنے کا وعدہ کیا تھا اور رواں بجٹ میں پی ایس ڈی کے ذریعے مختص 2 سو ارب روپے کے 90 فیصد فنڈز استعمال کئے گئے ہیں۔ رواں بجٹ میں زرعی شعبے کیلئے بلوچستان کے بجٹ میں 20 فیصد مختص کئے پی ایس ڈی پی میں سڑکوں کی ترقیاتی کام کے لئے 18 فیصد اور تعلیم کے لئے 10 فیصد مختص کئے۔ امید ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک 100 فیصد فنڈز کا استعمال ہوگا۔ ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی تھی اور حکومت نے عوام کی سہولت کے لئے کچلاک سے سریاب تک پیپلز ریل سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس سے مسافروں کو سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ اس ٹرین کا مقصد لوگوں کو کم وقت میں ان کی منزل مقصود تک پہنچانا ہے اور اس کے لئے 5 ریلوے اسٹیشن کو بحال کرنے کے علاوہ 2 نئے ریلوے اسٹیشن بھی قائم کئے جارہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بلوچستان کی بہتری اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اپوزیشن کی تجاویز کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان واحد صوبہ ہے جو اپوزیشن کو بھی آن بورڈ لے کر بجٹ بنا رہا ہے اور آنے والے بجٹ میں روزگار کے مواقعوں اور ترقی پر مبنی منصوبے لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ اور صوبہ خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں نے اپنے بجٹ پیش کر دیئے ہیں۔ بلوچستان اور پنجاب کا بجٹ چند روز میں پیش ہوگا، جس کے لئے حکومت تیاری کر رہی ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے غیر معمولی فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ اس لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید اختیارات دیئے گئے ہیں۔ اس قانون سازی کے موقع پر حکومت اور اپوزیشن جماعتیں دونوں ایوان میں موجود تھیں۔ کسی نے اعتراض نہیں کیا۔ انسداد دہشتگردی کے قانون میں ترامیم لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے کی گئی، کیونکہ یہ مسئلہ کتنے عرصے سے چلا آرہا ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ صوبائی اسمبلی نے قانون سازی کی ہے اور قانون سازی کا اختیار ایوان کو حاصل ہے۔ جو جماعتیں اس قانون پر تنقید کر رہی ہے، وہ بھی ایوان میں رہی ہیں۔ انہوں نے اس مسئلے کے حل کیلئے اپنے دور اقتدار میں کیوں کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی تاکہ یہ مسئلہ حل ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سازی کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں، لیکن حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حالات کی سنگینی کا ادراک رکھتے ہوئے سکیورٹی اقدامات کا از سرنو جائزہ لیکر اس میں بہتری کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر تمپ کی بازیابی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ علاقوں کی انتظامیہ ان کی بحفاظت بازیابی کیلئے کوششیں کر رہی ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ فنڈز استعمال فیصد فنڈز حکومت نے ہے اور ا ا رہا ہے نے والے کے لئے
پڑھیں:
ڈونلڈ ٹرمپ کا انڈیا پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31 جولائی ۔2025 )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم اگست سے امریکہ انڈیا سے آنے والی اشیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرے گا. ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں اپنے ایک بیان میں امریکی صدر نے کہاکہ انڈیا روس سے اپنازیادہ تر فوجی سازوسامان خریدتا ہے اور یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہر کوئی چاہتا ہے کہ روس یوکرین میں قتل و غارت کو ختم کرے دوسری جانب انڈیا چین کے ساتھ ساتھ روس سے توانائی لینے کا سب سے بڑا خریدار ہے.(جاری ہے)
صدر ٹرمپ نے لکھا کہ یہ سب چیزیں اچھی نہیں ہیں انڈیا کو جرمانے کے ساتھ ساتھ 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا پڑے گا جو یکم اگست سے شروع ہوگا اپنے پیغام میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انڈیا اور امریکہ دوست ہیں لیکن گزشتہ کئی سالوں سے دونوں ممالک کے درمیان بہت کم تجارت ہو رہی ہے کیونکہ انہوں نے اپنے ٹیرف جو لگائے ہیں وہ دنیا میں سب سے زیادہ ہیں. امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی ممالک پر محصولات عائد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم مذاکرات کے باعث اس پر عملدرآمد یکم اگست تک روک دیا تھا اس دوران انڈیا اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کے حوالے سے بات چیت جاری تھی تاہم ابھی تک اس کے نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا تھا. یورپی یونین‘جاپان اور برطانیہ سمیت کئی امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر دستخط کرچکے ہیں تاہم کینیڈا‘چین‘بھارت اور روس سمیت کئی بڑے تجارتی ممالک اور میکسیکوسمیت براعظم امریکا کے کئی ممالک کے ساتھ معاہدہ طے نہیں پاسکا یاد رہے کہ امریکا گوشت‘پولٹری‘زرعی اور ڈیری مصنوعات سمیت بنیادی ضروریات کی متعدداشیاءکے لیے میکسیکو اور دیگر لاطینی امریکی ممالک پر بہت زیادہ انحصارکرتا ہے اسی طرح چین امریکی منڈیوں میں سب سے بڑا برآمدکندہ ہے. انڈیا پر ٹیرف کے نفاذ کے اعلان سے قبل صدر ٹرمپ نے ایک پوسٹ میں پاکستان کے ساتھ معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے بتایاکہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان پاکستان کے تیل کے وسیع ذخائر نکالنے کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے. امریکی صدر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کا اسلام آباد کے ساتھ ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت دونوں ممالک مل کر پاکستان کے تیل کے وسیع ذخائر کو قابل بازیافت ذخائر میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم آئل کمپنی کا انتخاب کرنے کے عمل میں ہیں جو اس پارٹنرشپ کو لیڈ کرے گی انہوں نے کہا کہ کون جانتا ہے شاید وہ کسی دن انڈیا کو تیل بیچ رہے ہوں گے پاکستانی وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے امریکی صدر کا بیان اپنے ”ایکس “اکاﺅنٹ ہر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے خیال رہے کہ امریکہ امریکی صدر نے متعدد ممالک پر یکم اگست سے اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے اسی تناظر میں پاکستانی اعلیٰ حکام نے امریکہ کے متعدد دورے کیے ہیں حال ہی میں پاکستان وزیر خارجہ نے جولائی 21 سے جولائی 28 نے امریکہ کا دورہ کیا جبکہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب بھی اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں.